• Tue, 21 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جاپان: سانائی تاکائیچی ملک کی اولین خاتون وزیر اعظم منتخب

Updated: October 21, 2025, 6:02 PM IST | Tokyo

جاپان کی پارلیمنٹ نے سانائی تاکائیچی کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کر لیا، ان کے انتخاب کے ساتھ ہی برسراقتدار سیاسی اتحاد میں چل رہی سیاسی رسہ کشی کا خاتمہ ہو گیا۔

Sanae Takaichi, the country`s first female prime minister. Photo: INN
سانائی تاکائیچی ,ملک کی اولین خاتون وزیر اعظم۔ تصویر: آئی این این

جاپان کی پارلیمنٹ نے منگل۲۱؍ اکتوبر۲۰۲۵ء کو انتہائی قدامت پسند سانائی تاکائیچی کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کر لیا۔ تاکائیچی شاگیرو اشیبا کی جگہ لیں گی، جس کے ساتھ ہی جولائی میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے الیکشن میں شکست کے بعد پیدا ہونے والے تین ماہ کے سیاسی خلا اور کشمکش کا خاتمہ ہو گیا۔شاگیرو اشیبا، جو صرف ایک سال تک وزیراعظم رہے، نے اپنے کابینہ کے ساتھ دن کی شروعات میں ہی استعفیٰ دے دیا، جس سے ان کے جانشین کے لیے راہ ہموار ہو گئی۔وزیراعظم کو منتخب کرنے والی ایوان زیریں (لوورہاؤس) میں، تاکائیچی نے۲۳۷؍ ووٹ حاصل کیے ،جو اکثریت سے چار زیادہ تھے ،جبکہ سب سے بڑی حزب اختلاف کی جماعت آئینی جمہوری جماعت جاپان کے سربراہ یوشیکو نودا نے۱۴۹؍ ووٹ حاصل کیے۔ جب نتائج کا اعلان کیا گیا تو تاکائیچی کھڑی ہوئیں اور انہوں نے تمام اراکین کو جھک کر سلام کیا۔

یہ بھی پڑھے: افغان-پاک جنگ بندی میں ثالثی پر ترکی اور قطر کی پزیرائی

واضح رہے کہ  محترمہ تاکائیچی کا اتحاد اب بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میںاقلیت میں ہے اور کسی بھی قانون سازی کو منظور کرانے کے لیے اسے دوسرے حزب اختلاف کی جماعتوں کو راضی کرنا ہوگا ،جو ان کی حکومت کو غیر مستحکم اور عارضی بنا سکتا ہے۔محترمہ تاکائیچی نے پیر کو جے آئی پی لیڈر اور اوساکا کے گورنر ہیروفومی یوشیمورا کے ساتھ دستخطی تقریب میں کہا، ’’اس وقت سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے۔ استحکام کے بغیر، ہم مضبوط معیشت یا خارجہ پالیسی کے لیے اقدامات نہیں اٹھا  سکتے۔‘‘ اس سے قبل لبرل ڈیموکریٹس نے اپنے طویل عرصے کے ساتھی، بدھ مت سے وابستہ زیادہ معتدل جماعت کومیٹو کو کھو دیاتھا۔ جس نے حکمراں اتحاد کی حکومت کیلئے خطرہ پیدا کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈٹرمپ اور ولادیمیر زیلنسکی میں تلخ کلامی

 تاکائیچی ایک ایسی کابینہ پیش کریں گی جس میں ایل ڈی پی کے سب سے طاقتور کنگ میکر تارو آسو کے متعدد حامی اور وہ دیگر افراد شامل ہوں گے جنہوں نے پارٹی قیادت کےانتخاب میں تاکائچی کی حمایت کی تھی۔ تاکائیچی کیلئے بطور وزیر اعظم آنے والا وقت نہایت مصروف رہنے کی امید ہے، کیونکہ وہ اس ہفتے کے آخر میں ہونے والے ایک اہم پالیسی خطاب، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بات چیت اور علاقائی سربراہی کانفرنسوں کی تیاری کر رہی ہیں۔
بعد ازاں بطور وزیر اعظم انہیں کئی طرح کے مسائل بھی درپیش ہوں گے۔ ان کے قدامت پسند نظریات بھی ان کی پالیسی پر اثر انداز ہوں گے۔ انہیں عوامی مایوسی کو دور کرنے کے لیے بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے اور دسمبر کے آخر تک معیشت کی ترقی کیلئے ا قدامات کرنے ہوں گے۔اگرچہ وہ جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں، لیکن وہ صنفی مساوات یا تنوع کو فروغ دینے میں کوئی جلدی نہیں کر رہی ہیں۔ تاکائیچی ان جاپانی سیاست دانوں میں شامل ہیں جنہوں نے خواتین کی ترقی کے اقدامات میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ محترمہ تاکائیچی شاہی خاندان میں صرف مردوں کی جانشینی کی حامی ہیں اور وہ ہم جنس شادیوں اور شادی شدہ جوڑوں کے لیے الگ الگ خاندانی ناموں کی اجازت دینے کی مخالف ہیں۔مقتول وزیراعظم شنزو آبے کی شاگرد، محترمہ تاکائیچی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ایک مضبوط فوج اور معیشت سمیت سابقہ پالیسیوں کی تقلید کریں گی، نیز جاپان کے امن پسند آئین میں ترمیم کریں گی۔تاہم اقتدار پر ان کی ممکنہ طور پر کمزور پکڑ کے پیش نظر، یہ معلوم نہیں ہے کہ محترمہ تاکائیچی کتنا کچھ حاصل کر پائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: کانگو میں ایبولا کا آخری مریض صحت یاب، ڈسچارج کر دیا گیا: ڈبلیو ایچ او

سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کی مداح، محترمہ تاکائیچی پہلی بار۱۹۹۳؍ میں پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئی تھیں اور انہوں نے پارٹی اور حکومت کے متعدد اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، جن میں معاشی سلامتی اور داخلی امور کی وزارتیں شامل ہیں، لیکن ان کا سفارتی پس منظر کمزور ہے۔ دریں اثناء محترمہ تاکائیچی نے اپنی دائیں بازو کی شبیہہ کو معتدل دکھانے کی کوشش کی ہے۔اس کا ثبوت متنازع یاسوکونی مندر ہے، جہاں اس سے قبل وہ حاضری دے چکی تھیں لیکن جمعہ۱۷؍ اکتوبر کو، انہوں نے یاسوکونی جانے کے بجائے اپنی جانب سے ایک مذہبی زیور بھیج دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK