Inquilab Logo

’’میں نے کبھی فرقہ پرستوں کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے، کیسا ہی چیلنج آئے، آئندہ بھی نہیں ٹیکوں گا‘‘

Updated: February 20, 2024, 9:13 AM IST | Inquilab News Network | Patna

لالو پرساد یادو کا اعلان، پارلیمانی الیکشن میں مودی سرکار کی بدترین ہار کی پیش گوئی کی، بی جےپی کے ساتھ جانے کو عوام سے غداری قراردیا، متنبہ کیا کہ ایسے لوگ بھاری قیمت چکائیں گے۔

Lalu is as strong as a leaden wall despite his constant illness. Photo: INN
لالو اپنی مسلسل علالت کے باوجودہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط ہیں۔ تصویر : آئی این این

ایسے وقت میں جبکہ ’انڈیا‘اتحاد کی پارٹیوں  کے پالا بدل کر این ڈی اے میں شامل  اور کانگریس کی مختلف اکائیوں سے سینئر لیڈروں کے بی جےپی میں جانے کی وجہ سے یہ تاثر قائم ہورہاہےکہ ایک بار پھر بی  جےپی کی لہر چل رہی ہے اورپارلیمانی الیکشن میں بی جےپی کو ہراناممکن نہیں ہوگا، ملک کے سینئر ترین لیڈروں میں سے ایک اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادونے اپنے مخصوص انداز میں پیش گوئی کی ہے کہ ’’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، نیتا اِدھر اُدھر جاتے ہیں لیکن عوام مودی حکومت  سے بہت ناراض ہیں  اوروہ پالا نہیں بدلیں گے۔‘‘
ملک کے سینئر صحافی نلِن ورما کو دیئے گئے انٹرویو میں جو دی وائر نے شائع کیا ہے، لالو پرساد یادو نے نشاندہی کی کہ ’’غریب عوام غیر معمولی مہنگائی سے جوجھ رہے ہیں۔ ان کی آواز دبائی جا رہی ہے اور طاقت کا بے جا استعمال کرکے ان کےجمہوری حقوق  چھینے جارہے ہیں۔ غریب ، نوجوان، پسماندہ طبقات،دلت عوام  اوراقلیتوں کو بدترین مظالم کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔‘‘ ایسے حالات میں پالا بدلنے والوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ ’’عوام جب اپنی زندگی کے بدترین حالات کا سامنا کررہے ہیں،اس وقت انہیں اکیلا چھوڑ دینا کسی بھی سیاسی جماعت کا  سب سے بڑا گناہ ہے۔‘‘
  بہار میں نتیش کمار، یوپی میں جینت چودھری اور مہاراشٹر میں اشوک چوان کے پالا بدلنے کےبعد لالو پرساد یادو کو یہ پہلا انٹرویو ہے۔ بہار میں نتیش  کے این ڈی اے میں شامل ہونے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں لالو پرساد یادو نے اپنے ٹریڈ مارک اسٹائل میں کہا کہ ’’وہ عادی بھگوڑے ہیں۔ اپنی عادت سے مجبور ہیں۔ عوام ان کو سمجھ چکے ہیں اورسخت سزا بھی دیں گے۔‘‘ ملک کے موجودہ حالات میں اپوزیشن کی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے بہار کے سابق وزیراعلیٰ  نے کہا کہ ’’اپوزیشن  پارٹیوں اور لیڈروں کا فرض ہے کہ جب ملک کے عوام بدترین ظلم و جبر کا شکار ہو رہے ہیں تو وہ ان کے حق کیلئے کھڑے ہوں۔ میں نے کبھی فرقہ پرست اور جابر طاقتوں کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے اور آئندہ بھی کبھی نہیں  جھکوں گا، وہ میرے  سامنے کیسے ہی چیلنج لے آئیں۔‘‘ ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ پر رام کے مندر کی تعمیر اوراس کے افتتاح  کے بعد ملک میں ’’مودی کی لہر‘‘ سے متعلق استفار پر لالو نے کہا کہ ’’سب بکواس ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK