Updated: November 11, 2023, 3:25 PM IST
| New Delhi
آئس لینڈ کے جزیرہ نما ریک جینس میں پچھلے ۱۴؍ گھنٹوں میں زلزلے کے ۸۰۰؍ جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس کے سبب اسٹیٹ آف ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ آئس لینڈ کے آئی ایم او کے مطابق اکتوبر سے اب تک اس جزیرہ نما مقام پر زلزلے کے ۲۴؍ ہزار جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
جمعہ کو آئس لینڈ نے جنوب مغربی جزیرہ نما ریک جینس میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جانے کے سبب ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف سیول پروٹیکشن اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شمالی گریندیویک کے سندھنجوکگیگر میں زلزلہ آنے کے سبب نیشنل پولیس چیف نے اسٹیٹ آف ایمرجنسی نفاذ کی ہے۔ آئس لینڈ کے آئی ایم او کے مطابق اکتوبر سے اب تک اس جزیرہ نما مقام پر زلزلے کے ۲۴؍ ہزار جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
جمعہ کو آدھی رات اور ۱۴۰۰؍ جی ایم ٹی کے درمیان زلزلے کے ۸۰۰؍ جھٹکے درج کئے گئے ہیں۔ آئی ایم او کے مطابق کچھ دنوں میں اس کے سبب آتش فشاں پھٹ سکتا ہے۔ گریندیویک کا گاؤں ۴؍ ہزار افراد کی آبادی پر مشتمل ہے جو اس مقام سے ۳؍ کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے جہاں جمعہ کو زلزلےکے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ لاوا پھٹنے کے ڈر سے گاؤں میں انخلاء کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہیں اور قصبے میں گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن ایمرجنسی کے وقت اسے کھولا جائے گا۔ آئی ایم او کے مطابق اب تک سب سے زیادہ خطرناک جھٹکا شمالی گریندیویک میں درج کیا گیا ہے جس کی شدت ۲ء۵؍ تھی۔ آئی ایم او نے زیر زمین ۵؍ کلومیٹر کی گہرائی میں میگما کا تودہ بھی دیکھا تھا جس کے متعلق خیال کیا جارہا ہے کہ اگر یہ زمینی سطح پر آگیا تو خطرناک آتش فشاں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔