’گلوبل پیس انڈیکس‘ کی سالانہ رپورٹ میں آئس لینڈ کے علاوہ آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور سوئزر لینڈ کے نام بھی دنیا کے بہترین ممالک کی فہرست میں شامل
EPAPER
Updated: August 27, 2025, 1:40 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
’گلوبل پیس انڈیکس‘ کی سالانہ رپورٹ میں آئس لینڈ کے علاوہ آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور سوئزر لینڈ کے نام بھی دنیا کے بہترین ممالک کی فہرست میں شامل
دنیا میں اس وقت چاروںطرف جنگ وجدل کا ماحول ہے لیکن کچھ ممالک ایسے ہیں جہاں آج بھی امن ہے اور عوام بے خوف ہو کر زندگی گزار سکتے ہیں۔ حال ہی میں گلوبل پیس انڈیکس نے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آئس لینڈ ، آئر لینڈ، نیوزی لینڈ اور فن لینڈ یہ ۵؍ ممالک دنیا کے سب سے پُر امن اور محفوظ ممالک ہیں۔ یہاں عوام اطمینان کی زندگی گزارتے ہیںکیونکہ جرائم اور لوٹ مار کا یہاں دور تک کوئی امکان نہیں ہے۔ ان میں آئس لینڈ امن وامان کے معاملے میں اول نمبر پر ہے۔ وہ گزشتہ ۱۷؍ سال سے اس پوزیشن پر قائم ہے۔ حالانکہ یہاں موسم بے حد سخت ہوتا ہے۔ سردیوں میں آپ باہر نہیں نکل سکتے لیکن یہاں لوگ بڑے گرم جوش ہیں۔ وہ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ لوگ رات میں بڑے آرام سے گھر سے نکلتے ہیں کیفے میں بیٹھ کر گفت وشنید کرتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں کو کیفے کے باہر کھیلنے کیلئے چھوڑ دیتے ہیں ۔ انہیں کوئی فکر نہیں ہوتی کیونکہ جو باہر ہیں وہ ان کا خیال رکھنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔آئس لینڈ امن وسکون کا یہ عالم ہے کہ یہاں پولیس کو ہتھیار رکھنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔
دوسرے نمبر پر آئر لینڈ ہے جہا ں جرائم کی شرح سب سے کم ہے ۔ آئرلینڈ حکومت سب سے زیادہ توجہ نظم ونسق اور امن وامان پر دیتی ہے۔ یہ ملک دنیا کے پرُ امن ممالک کی فہرست میں ٹاپ ۱۰؍ میںہمیشہ شامل رہا ہے۔ یہاں کے لوگ مہمان نواز اور دوستانہ مزاج کے حامل ہیں۔ یہاں آپ کسی دیہات میں ہو ں یا کسی بڑے شہر میں یہاں کے لوگ بڑے فراخ دل اور خوش مزاج ہیں جو آپ کا خندہ پیشانی کے ساتھ استقبال کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں سیاحوں کی آمدہمیشہ جاری رہتی ہے۔
جزیرہ نما ملک نیوزی لینڈ بھی پُر امن ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ ہر چند کہ یہاں دہشت گردی کے کچھ واقعات پیش آئے ہیں (مسلمانوں کے خلاف) لیکن جس طرح سے ان سے نپٹا گیا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ نیوزی لینڈ حکومت ملک میں پر سکون ماحول قائم رکھنے پر توجہ دیتی ہے۔ اطلاع کے مطابق نیوزی لینڈ میں سیر وتفریح اور جشن منانا عام بات ہے۔ اس دوران مقامی باشندوں کو کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔ لوگ یہاں ایک دوسرے سے ربط پیدا کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ یہاں کا ماحول کافی دوستانہ ہے۔ نیوزی لینڈ گزشتہ سال پُر امن ممالک کی فہرست میں ۵؍ ویں نمبر پر تھا ۔ اس سال اسکی رینکنگ میں مزید بہتری آئی اور وہ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا۔
آسٹریا جو گزشتہ سال اس فہرست میں تیسرے نمبر پر تھا اس سال چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ آسٹریا عالمی سطح پر غیر جانبدارانہ پالیسی کا حامل ملک ہے۔ وہ نیٹو جیسی تنظیم کا بھی رکن نہیں ہے۔ غیرجانبدارانہ پالیسی رکھنے والے ممالک پوری توجہ اپنے گھریلو معاملات پر دیتے ہیں اور عوام کے درمیان خوشحالی اور تحفظ کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ آسٹریا میں بھی ہے۔ آسٹریا میں لوگ اپنے گھروں پر تالا نہیں لگاتے اور کیفے کے باہر اپنی سائیکلوں کو بغیر لاک کئے چھو ڑ دیتے ہیں۔ یہ بے خوفی اسی لئے ہے کہ یہاں جرائم نہ کے برابر ہیں اور پولیس ہر وقت متحرک رہتی ہے۔
فہرست میں ۵؍ ویں نمبر پرسوئز لینڈہے۔ یہ اس ملک کا امن وامان ہی ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں کو یہاں کھینچ لاتا ہے۔ یہاں لوگ رات میں بلاخوف وخطر گھومتے ہیں اور جب چاہے تب اپنے گھر جاتے ہیں۔ یہاں کسی بھی علاقے میں رات کے وقت اپنے گھر لوٹنا کوئی دقت کی بات نہیں ہے۔ یہاں کا ماحول بڑا پر سکون ہے اور لوگوں کو قانون پر اعتماد ہے۔ لوگ قانون کی مدد کرتے ہیں اور قانون ( پولیس عدلیہ وغیرہ) ان کا خیال رکھتا ہے۔ ان کے علاوہ سنگاپور، پرتگال، ڈنمارک، سلووینیا، سوئزر لینڈ اور فن لینڈ اس فہرست میں شامل دیگر ممالک ہیں۔