Inquilab Logo

’’ بی جے پی رہے گی تو نہ نوکری ملے گی نہ ہی ریزرویشن‘‘

Updated: March 05, 2024, 10:00 AM IST | Agency | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی مرکزی اوراترپردیش کی یوگی حکومت پر شدید تنقید، اکھاڑ پھینکنے کا مطالبہ کیا۔

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav. Photo: INN
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو۔ تصویر : آئی این این

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے لکھنؤ میں پریس کانفرنس کرکے بی جے پی حکومت پر جم کر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدارمیں رہی تو نوکریاں بھی ختم ہو جائیں گی اور ریزرویشن بھی۔ پیپرس لیک اور دیگر وجوہات سے نوکری کیلئے جدوجہد کرنے والے نوجوانوں کوانہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت میں جن کے بھی حقوق چھینے جارہے ہیں، جب بھی سماجوادی پارٹی اقتدار میں ہوگی، وہ انہیں انصاف دلائیں گے۔ اس کے ساتھ سماجوادی پارٹی ان کےحقوق اور عزت کیلئے لڑائی لڑتی رہے گی۔ اس موقع پر بی جے پی اور بی ایس پی کے کئی لیڈران نے سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیارکی۔ 
پریس کانفرنس میں  اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ عوام کے رحجان سے خوفزدہ ہیں،اسلئے وہ عوام کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔ لوک سبھا انتخابات کے تناظرمیں انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئین کے محافظ ہیں تو دوسری طرف آئین کو تباہ کرنے والےلوگ ہیں ۔پریس کانفرنس سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی بی جے پی پرطنز کیا اورکہا کہ کس نے سوچا ہوگا کہ بی جے پی کے ایسے دن آجائیں گے جب کچھ امیدوار یہ کہہ کر اپنی امیدواری چھوڑ دیں گے کہ ٹکٹ ملنے سے زیادہ ضروری کئی کام ہیں، کوئی کھیل کو سیاست سے زیادہ سنجیدہ سمجھے گا اور باہر جانے کی بات کرے گا، کوئی ٹکٹ کٹ جانے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرے گا اورکوئی ٹکٹ ملنے کے بعد بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر سوشل میڈیا پر دور سے ہی ٹکٹ کو مسترد کر دے گا۔ اکھلیش یادو کے مطابق بی جے پی ایک پارٹی کے طور پر کبھی اتنی کمزور نہیں تھی اوراب عوام کے علاوہ خود بی جے پی کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی نہیں چا ہئے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی کا وعدہ تھا کہ کسانوں کی آمدنی دگنی ہو جائے گی، مگر کیا اس مہنگائی میں آمدنی دگنی ہو گئی ہے، جبکہ بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد کسان خودکشی کر چکے ہیں اور شاید دنیا کے کسی ملک پر اتنا زیادہ قرض نہ ہو۔
پریس کانفرنس کے دوران ایس پی سربراہ نے لکھنؤ کے ایس پی دفتر میں دیگر پارٹیوں کے لیڈروں کا استقبال کیا۔بی ایس پی لیڈر اور سابق ایم ایل اے عباس علی زیدی ’رشدی میاں‘ نےبی ایس پی چھوڑ کر ایس پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔وہ ردولی اسمبلی حلقہ سے ایم ایل تھے۔ان کے علاوہ سابق ایم ایل اے شیو کمار بیریا اوررسول آباد کے لیڈراطہر خان،بی ایس پی منڈل کوآرڈینیٹر سدھارتھ نگرکےرام ملن بھارتیہ ، بی ایس پی لیڈر ابھینندن شرما ،کانگریس لیڈر ڈاکٹر وی پی شرما نے سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ آل انڈیا برہمن مہاسبھا، میرٹھ کے جنرل سیکریٹری، شری سدھیر کانت شرما بھی اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے رکن بن گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK