Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اس بار ورلڈ کپ میں برازیل اچھا کرگیا تو شاید میرا بیمار بیٹا بستر سے اٹھ بیٹھے‘‘

Updated: June 22, 2026, 10:58 AM IST | Agency | Cochin

۲۰۲۲ء میںکیرالا کے کاکناڈ میں اکشے نامی نوجوان کو برازیل کی ہار سے ایسا صدمہ پہنچا کہ ’برین اسٹروک‘ اور فالج کا شکار ہوا، تب سے وہ اب تک بستر پر ہے۔

Akshay.Photo:INN
اکشے۔ تصویر:آئی این این
فٹ بال ورلڈ کپ کا بخار ان دنوں پوری دنیا پر چھایا ہوا ہے، لیکن کیرالا کے کاکّناڈ میں ایک خاندان کیلئے یہ ورلڈ کپ محض ایک کھیل نہیں بلکہ ایک ذاتی معاملہ بن چکا ہے۔ یہ لوگ اس ورلڈ کپ میں برازیل کی ٹیم کی حمایت کر رہے ہیں کیونکہ وہ یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ برازیل کی جیت شاید ان کی زندگی میں کوئی ’کرشمہ‘  کر دکھائے۔ دراصل،۲۰۲۲ء کے ورلڈ کپ کے دوران خاندان کا بیٹا اکشے برازیل کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد فالج (اسٹروک) کا شکار ہوگیا تھا اور تب سے بستر پر ہے۔ اہلِ خانہ کو امید ہے کہ اگر برازیل کی ٹیم جیت گئی تو شاید وہ دوبارہ چلنے پھرنے کے قابل ہو جائے۔
 خاندان کو امید کیوں جاگی؟
ورلڈ کپ میں برازیل کی واپسی کے بعد ۲۶؍ سالہ اکشے کے چہرے پر ایک بار پھر مسکراہٹ لوٹ آئی ہے، جس سے خاندان کو نئی امید ملی ہے کہ فٹ بال کے لئے  اس کی بے پناہ محبت اس کی صحت یابی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔گزشتہ ہفتے اس کے چند دوست اس سے ملنے آئے اور اسے بتایا کہ برازیل نے ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے اور وہ لیگ راؤنڈ میں اچھی کارکردگی پیش کررہی ہے۔ چار سال میں پہلی بار انہوں نے اس کی طرف سے واضح ردِعمل دیکھا۔
 
 
چار سال بعد اکشے مسکرایا
خاندان کے مطابق،’’جب اکشے کو پتہ چلا کہ اس کی فیوریٹ ٹیم برازیل کوالیفائی کرگئی ہے تو وہ مسکرایا۔‘‘ اکشے کے والد کے ٹی پروشوتھمن نے کہا’’ہم اسے ایک ایسے کھلے میدان میں لے گئے جہاں میچ کو اسکرین پر دکھایا جارہا تھا، اسپتال جانے کے علاوہ چار سال میں یہ پہلا موقع ہوگا جب اکشے گھر سے باہر نکلے گا۔‘‘
فٹ بالر بننا اکشے کا خواب رہا 
معلوم ہوکہ خود ایک فٹ بالر بننے کا خواب دیکھنے والا اکشے برازیل کا بہت بڑا مداح  ہے اور اس کے خاندان نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس کی زندگی میں ایسا موڑ آئے گا۔ پروشوتھمن کو آج بھی یاد ہے کہ۲۰۲۲ء میں انہیں اپنا بیٹا اس عوامی اسکریننگ والی جگہ پر بے ہوش حالت میں ملا تھا، جہاں اس نے میچ دیکھا تھا۔انہوں نے بتایا: برازیل کی شکست کو دو گھنٹے سے زیادہ گزر چکے تھے، لیکن اکشے گھر واپس نہیں آیا تھا۔ وہ کوئی ردِعمل نہیں دے رہا تھا، اسلئے ہم اسے فوراً قریبی اسپتال لے گئے۔‘‘
 
 
۲۰۲۲ء کو اس دن کیا ہوا تھا؟
جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ اکشے کے دماغ میں خون کا لوتھڑا (بلڈ کلاٹ) جم گیا تھا، جس کی وجہ سے اسے فالج کا حملہ ہوا۔ گزشتہ چار سال سے خاندان کی مدد کرنے والی تنظیم کنیو پیلی ایٹو کیئر کے ذمہ دارپردیپ این کے نے کہا’’ممکن ہے کہ اسے فٹ بال میچ کے دوران یا میچ ختم ہونے کے فوراً بعد فالج کا حملہ پڑا ہو۔‘‘ 
اس کے دوستوں نے بتایا کہ آخری سیٹی بجنے کے بعد اکشے بالکل ساکت ہو کر بیٹھ گیا تھا۔ وہ بے یقینی کے انداز میں اسکرین کو دیکھ رہا تھا۔  انہیں لگا کہ برازیل کی شکست کے غم میں وہ کچھ دیر تنہا رہنا چاہتا ہے، اس لئے  وہ خاموشی سے وہاں سے چلے گئے۔ لیکن جسے انہوں نے صرف وقتی صدمہ یا غم سمجھا، دراصل وہ ایک سنگین طبی ہنگامی حالت تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK