شیواجی پارک کی انتخابی ریلی میں ٹھاکرے برادران کی گھن گرج، کہا : :بی جے پی ممبئی اور مہاراشٹر کی زمین چھیننے اور زبان کو ختم کرنے کیلئے آپس میں لڑا رہی ہے۔
راج ٹھاکرے اور ادھوٹھاکرے شیواجی پارک میں ریلی کے دوران۔ تصویر:رانے آشیش
یہاں اتوار کو شیواجی پارک(شیو تیرتھ) پر شیو سینا (یو بی ٹی)، مہاراشٹر نو نرمان سینا( ایم این ایس) اور این سی پی(شرد پوار) کی مشترکہ انتخابی ریلی منعقد کی گئی جس میں شیو سینا ( یو بی ٹی ) کےسربراہ ادھو ٹھاکرے اور ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے نے مجمع سے خطاب کیا۔ انہوں نےالزام لگایاکہ بی جے پی ممبئی اور مہاراشٹر کی زمین کو چھین کر اڈانی کو دے رہی ہے اور اسی طرح ہماری زبان مراٹھی کو بھی ختم کرنے کی سازش رچ رہی ہے ۔ اس کیلئے ہندو مسلم اور مراٹھی /غیر مراٹھی میں جھگڑا لگا یا جارہا ہے۔ اس سازش سے ہمیں ہوشیار ہو جانا چاہئے۔ ٹھاکرے برادران نےانتباہ دیا کہ اگر اس الیکشن میں غلطی کی تو پھر مراٹھیوں کا وجود ختم کر دیا جائے گا اور ممبئی کو گجرات میں شامل کر دیاجائے گا۔انہوں نے اپنے حامیوں سے حلف بھی لیا کہ وہ ٹھاکرے برادران کے ساتھ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی کو اس الیکشن میں ووٹ دیں گے۔
دونوں بھائیوں نے بال ٹھاکرے کےانداز میں خطاب شروع کیا جو تقریباً ۴۰۔۴۰؍ منٹ تک جاری رہا۔
راج ٹھاکرے نےاپنے خطاب کے دوران ہندوستان اور اس کے بعد مہاراشٹر کے نقشہ کے گرافکس کے ذریعے بتایاکہ کس طرح بی جے پی کے دور اقتدار میں اڈانی نے ترقی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ’’ ۲۰۱۴ء سے ۲۰۲۵ء تک یعنی گزشتہ۱۱؍برس میں اڈانی کو ملک کی متعدد ریاستوں او راضلاع میںزمینیں اور کاروباردیا گیا۔ بجلی سپلائی، ایئر پورٹ کی دیکھ ریکھ، بندر گاہیں، ایشیا کی سب سے بڑی جھوپڑ پٹی کا ری ڈیولپمنٹ، سیمنٹ کی سپلائی کا ٹھیکہ اڈانی کے پاس پہلے سیمنٹ کا کوئی تجربہ نہیں تھا لیکن اب سب سے زیادہ وہ سیمنٹ سپلائی کر رہا ہے۔ اس طرح اسمارٹ میٹر، ممبئی اور نوی ممبئی ڈیٹا سینٹر، میٹرو مونو کو بجلی سپلائی کرنے کا ٹھیکہ ،پنویل میں سیمی کنڈکٹر ، دھاراوی کے شہریوں کی باز آباد کاری کیلئے دیونار اور دیگر علاقے میں زمین ،ممبئی میں بجلی سپلائی کرنے کا ذمہ دیا گیا ہے۔ ممبئی ایئر پورٹ کے بجائے آہستہ آہستہ نوی ممبئی ایئر پورٹ سے کام لیا جایا جا رہا ہے اور اس کے بعد اس قیمتی زمین کو فروخت کرنے کامنصوبہ ہے۔ گویا ممبئی کو گجرات لے جانے کی سازش جاری ہے۔اس کیلئے بی جے پی پال گھر اور ایم ایم آر کو اپنے ہاتھ میں لینا چاہتی ہے ۔ اسی ناپاک مقصد کیلئے مراٹھی ووٹر وں کو پھوڑ و اورانہیں آپس میں لڑائے رکھو والی سیاست کی جارہی ہے۔‘‘انہوںنے کہاکہ’’آج اگر ہم نہیں جاگے تو پھر ممبئی اور مہاراشٹر ہمارے ساتھ سے نکل جائے گا ۔‘‘
انہوںنے کہاکہ ’’ہم پر بدعنوانی کاالزام عائد کرنے والے فرنویس نے چھگن بھجبل کو جیل بھیجا تھا، اجیت پوار کے خلاف ۷۰؍ ہزار کروڑ روپے کی بدعنوانی کے ثبوت بیل گاڑی میں لے کر گئے تھے ، اب یہ دونوںفرنویس کی حکومت میں وزیر ہیں۔
اسی طرح ادھو ٹھاکرے نے مراٹھی ، ہندو اور مہاراشٹر کے تحفظ کیلئے سبھی کو متحد ہونے اور آپسی اختلاف کو دفن کرنے کی اپیل کی۔ انہوںنے بی جے پی پر الزام لگایاکہ ’’ جب بھی الیکشن آتا ہے تو بی جے پی ہندو مسلم ، مراٹھی غیر مراٹھی کی منافرت پیدا کرنے کی کوشش کرنے لگتی ہے ۔مَیں چیلنج کرتا ہوں کہ دیویندر فرنویس نے مانیٹر کے عہدے کیلئے بھی اگر ہندو مسلم نہیں کیا تو مَیں ایک لاکھ روپے دوںگا۔‘‘