’اے این آر ایف‘ نے ان کی غیر معمولی سائنسی خدمات ، اختراعات اور انسانی فلاح پر مبنی تحقیقی کاموں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا۔
EPAPER
Updated: August 08, 2026, 1:00 PM IST | Shaikh Akhlaq Ahmad | Mumbai
’اے این آر ایف‘ نے ان کی غیر معمولی سائنسی خدمات ، اختراعات اور انسانی فلاح پر مبنی تحقیقی کاموں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا۔
ہندوستانی سائنس اور تحقیق کے میدان میں ایک اور قابلِ فخر کامیابی اس وقت سامنے آئی جب انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی ) بامبے کے ممتاز ماہر نفسیات، نیورو سائنسداں اور سائیکو فزیالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر عزیزالدین خان کو ملک کے نہایت باوقار جےسی بوس فیلوشپ کیلئے سفارش حاصل ہوئی۔ اگست ۲۰۲۶ء میں انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (اے این آر ایف) نے ان کی غیر معمولی سائنسی خدمات، عالمی معیار کی تحقیق، اختراعات اور انسانی فلاح پر مبنی تحقیقی کاموں کے اعتراف میں یہ اعزاز پیش کیا ہے۔
جےسی بوس فیلوشپ ملک کے اُن فعال سینئر سائنسدانوں اور انجینئروں کو دی جاتی ہے جنہوں نے سائنس، انجینئرنگ، طب اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی تحقیقی خدمات انجام دی ہوں۔ اس اعزاز کے تحت منتخب سائنسدانوں کو ۵؍ سال تک خصوصی تحقیقی معاونت، ماہانہ اعزازی رقم اور سالانہ تحقیقی گرانٹ فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ نئی نسل کی رہنمائی اور اعلیٰ معیار کی تحقیق جاری رکھ سکیں۔
پروفیسر عزیزالدین خان کا تعلق اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے چھوٹے سے قصبہ مہین پوروا سے ہے۔ ابتدائی تعلیم مقامی سرودیہ انٹر کالج سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے سائنس کے بجائے اپنی دلچسپی کے مطابق علمِ نفسیات کو منتخب کیا اور خاندان کی مخالفت کے باوجود انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے آرٹس فیکلٹی میں گریجویشن میں پہلی پوزیشن اور ایم اے کلینیکل سائیکولوجی میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ بعد ازاں آئی آئی ٹی کانپور سے’کوگنٹیوسائیکلوجی‘ میں پی ایچ ڈی مکمل کی جس نے ان کے تحقیقی سفر کو نئی جہت عطا کی۔
یہ بھی پڑھئے: ریاست میں پووتر پورٹل کے ذریعے اساتذہ بھرتی کےعمل کا آغاز
وہ گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے آئی آئی ٹی بامبے سے وابستہ ہیں اور اس وقت انڈیا ویلیو چیئر پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ سائیکو فزیالوجی لیباریٹری کے سربراہ محققین میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سنیتا سنگھی بڑھاپا اور اعصابی تنزلی امراض مرکز ’سینٹر آف ایجنگ اینڈ نیورو ڈیجینریٹو ڈیزیز (ایس سی اے این) ، کوئیٹا سینٹر فار ڈیجیٹل ہیلتھ (کے سی ڈی ایچ) اور آئی آئی ٹی بامبے - فیڈایکس الفاسینٹر کے بھی کلیدی رکن ہیں۔
ان کی سب سے نمایاں تحقیق ڈسلیکسیا کے میدان میں ہے۔ انہوں نے ایسے بچوں کی شناخت کیلئے Brainu نامی اسکریننگ ایپ تیار کی جس کے ذریعے کھیل ہی کھیل میں معلوم کیا جا سکتا ہے کہ بچہ ڈسلیکسیا کا شکار ہے یا نہیں۔