Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست میں پووتر پورٹل کے ذریعے اساتذہ بھرتی کےعمل کا آغاز

Updated: August 08, 2026, 10:32 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاست بھرمیں ۳۰؍ہزاراسامیوںکیلئے ایک لاکھ ۷۰؍ہزار سے زیادہ اُمیدوار،چنداضلاع میں اُردو اسکولوںکیلئے غیر اُردو داں اُمیدواروںکی تقرری کی ہدایت سے اساتذہ میں بےچینی۔

Only candidates who have passed TET are eligible for teacher recruitment. Photo: INN
جن اُمیدواروں نے ٹیٹ پاس کیا ہے ،وہی اساتذہ بھرتی کے اہل ہیں۔ تصویر: آئی این این

تکنیکی دشواریوں کی وجہ سے تقریباً پونے ۲؍سال تعطل کا شکار رہنے کے بعد اساتذہ کی تقرری کا عمل جمعرات سے دوبارہ شروع ہوا۔ ریاست کے مقامی اداروں اور نجی انتظامی اسکولوں میں تدریسی عملے کی بھرتی شفاف اور معیاری طورپر پووتر پورٹل کے معرفت کی جا رہی ہے ۔ ریاست بھر کے سبھی میڈیم کے اسکولوں میں خالی ۳۰؍ ہزار ۲۰۹؍ اسامیوں کی بھرتی کا عمل شروع ہوگیاہے۔اسکول ایجوکیشن کے کمشنر سچ چندر پرتاپ سنگھ نے یہ اطلاع دی ۔  خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا عمل شروع ہونے سے اساتذہ میں خوشی پائی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ ۲۰۲۵ء میں جن اُمیدواروں نے ٹیچر اپٹیٹیوڈ اینڈ انٹیلی جنس ٹیسٹ (ٹیٹ) پاس کیا ہے ،وہی اُمیدوار اساتذہ بھرتی کے اہل ہیں۔ ٹیٹ امتحان کا انعقاد ۲۷؍مئی سے ۵؍جون ۲۰۲۵ء تک آن لائن کیا گیا تھا۔ اس امتحان کیلئے ۲؍لاکھ ۲۸؍ہزار ۸۰۸؍ اُمیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا جن میں سے ۲؍لاکھ ۱۱؍ہزار ۳۰۸؍ اُمیدواروں نے امتحان دیاتھا جبکہ ایک لاکھ ۷۰؍ ۱۰۸؍ اُمیدواروں نے سیلف سرٹیفیکیشن کا عمل مکمل کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھئے: پارلیمنٹ احاطے میں ’’امیت شاہ لاپتہ‘‘ کا پوسٹر،ایوان سے ہنوز غیر حاضر

پووتر پورٹل پر اساتذہ کی تقرری کے ضمن میں اشتہار کی کارروائی کی تکمیل کے بعد جمعرات کو ۳۰؍ ہزار ۲۰۹؍ خالی اسامیاں رجسٹر کی گئی ہیں ، جن میں ضلع پریشد اسکولوں کے ۱۳؍ہزار ۳۵۱؍ ، میونسپل کارپوریشنوں کے ایک ہزار ۹۵۴؍ ، نگرپالیکا اور پریشد کے ۲۸۰؍ اور نجی تعلیمی اداروں کے ۱۲؍ہزار ۱۴۸؍ اسامیاںشامل ہیں۔ ان کے علاوہ سرکاری اور ترقیاتی اسکولوں کے خالی عہدےبھی شامل ہیں۔ ان میں سے ۱۹؍ہزار ۸۸۱؍ اسامیوں کی تقرری بغیر انٹرویو اور ۱۰؍ہزار ۳۲۸؍ اسامیوں کا انتخاب انٹرویو کے ذریعے کیاجائے گا۔ ان اسامیوں میں جماعت اوّل سے پانچویں کیلئے ۱۴؍ہزار ۳۲۰؍ ،چھٹی سے آٹھویں کیلئے ۱۰؍ہزار ۱۲؍ ، نویں اور دسویں کیلئے ۵؍ہزار ۵۱۳؍ اور گیارہویں اور بارہویں کیلئے ۳۶۴؍ عہدے شامل ہیں ۔اُمیدواروں کو ۶؍ اگست سے پریفرنس لاک کرنےکی سہولت فراہم کی گئی ہےجبکہ ۱۱؍اگست ۲۰۲۶ء تک انہیں اپنی ترجیحات کو حتمی طورپرمحفوظ ( لاک )کرنا لازمی ہے۔اُمیدواروںکو پووترپورٹل کی ویب سائٹ:

https://tait2025.mahateacherrecruitment.org.in

 پر یہ کارروائی پوری کرنی ہے ۔

اُمیدواروں کو اپنی پوسٹ وار ترجیح کا اندراج کرنا ہوگا اور ۱۱؍ اگست تک اسے لاک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد انٹرویو کیلئے پوسٹ کی فہرست شائع کی جائے گی ۔ 

کمشنر آف اسکول ایجوکیشن نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ اُمیدوار بھرتی کے عمل سے متعلق اپنی تجاویز، مطالبات یا شکایات edupavitra25@gmail.comپر بھیج سکتےہیں ۔

یہ بھی پڑھئے: شیوسینا بنام شیوسینا کیس حتمی مرحلہ میں داخل، اُدھو خیمہ پُراُمید

دریں اثناء یہ بھی شکایت سامنے آئی ہے کہ ۳۰؍ہزار ۲۰۹؍ اسامیوں میں سے صرف ۹۷۵؍ اسامیاں اُردو میڈیم کی ہیں جبکہ اُردو میڈیم میں طلبہ کی تعداد کافی ہے ۔ اس پرستم ظریفی یہ ہے کہ چند اضلاع میں اُردو میڈیم کی خالی اسامیوں کی تقرری اُردومیڈیم کے اُمیدواروں کے بجائے انگریزی اور مراٹھی میڈیم کے ذریعے کئے جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جس سے اُردو میڈیم کے اُمیدواروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ مـثلاً رتنا گیری ضلع میں اُردو میڈیم کے ۶۶؍ اُمیدواروں کی تقرری کیلئے مراٹھی میڈیم کےاُمیدواروںکو مقررکرنےکی اجازت دی گئی ہےجس کی وجہ سے اُردوکے بجائے مراٹھی کے اُمیدواروںکی اُردو اسکول میں تقرری ہوسکتی ہے۔ اس تعلق سے اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار سے استفسار کرنے پر انہوں نے بتایا کہ’ ’ اس طرح کی غلطی کئی اضلاع میں ہوئی ہے جہاں اُردوکے بجائے مراٹھی اور انگریزی کے اُمیدواروں کی تقرری کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ اس تعلق سے جمعہ کو میں نے پریکشا پریشد کے کمشنر مہیش چوتھے سے گفتگوکی ۔ انہوں نےکہا کہ مجھے اس بارے میں معلومات نہیں ہے ۔ اگر ایسا ہوا ہے تو اس غلطی کو فوراًً درست کیاجائے گا اور اُردومیڈیم کے اسکولوں میں ان ہی اُمیدواروں کی تقرری ہوگی جو اُردوکے ذریعے طلبہ کو پڑھاسکتےہیں ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK