• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیاتی نظم وضبط برقرار رکھنے پر آئی ایم ایف نے ہندوستان کی تعریف کی

Updated: April 20, 2024, 1:37 PM IST | Agency | New Delhi

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہاکہ ہندوستان میں معاشی ترقی ہورہی ہے اور اس کی شرح نمو ۶ء۸؍فیصد طے کی گئی ہے۔ ہندوستان عالمی ترقی میں تقریباً۱۷؍ فیصد تعاون کرے گا۔

International Monetary Fund Building. Photo: INN
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی عمارت۔ تصویر : آئی این این

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے انتخابی سال میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے ہندوستان کی تعریف کی ہے، اور کہا ہے کہ ہندوستانی معیشت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
 آئی ایم ایف میں ایشیا اور پیسفک ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرشنا سری نواسن نے ایک انٹرویو میں کہاکہ ’’اس وقت ہندوستان کی معیشت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔۶ء۸؍ فیصد کی ترقی بہت اچھی ہے۔ مہنگائی کم ہو رہی ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مہنگائی کو ہدف تک نیچے لایا جائے۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا میرے لئے بہت اہم ہے، خاص طور پر انتخابی سال میں جب ملک انتخابی برس میں مالی مہم جوئی کا آغاز کرتے ہیں۔‘‘سری نواسن نے کہاکہ ’’اس حکومت نے نظم و ضبط برقرار رکھا ہے۔ میرے خیال میں یہ بہت اہم ہے کیونکہ بالآخر ٹھوس `میکرو بنیادی اصول  ہی وہ بنیاد ہیں جن کی بنیاد پر ممالک ترقی کرتے ہیں اور پائیدار ترقی حاصل کرتے ہیں۔ا س لئے  اسے برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسٹاک مارکیٹ میں چوتھے روز بھی مندی برقرار

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پچھلے کئی برسوں میں بہت سے جھٹکے  کھائے  ہیں اور کامیابی سے ان پر قابو پا لیا ہے۔ یہ دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں سے ایک کے طور پر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’درحقیقت، اس مالی سال  ۲۵۔۲۰۲۴ءمیں ہم نجی کھپت اور عوامی سرمایہ کاری کی قیادت میں۶ء۸؍ فیصد کی شرح نمو کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ مہنگائی بتدریج کم ہو رہی ہے۔ اب یہ ۵؍فیصد سے نیچے ہے۔
 سری نواسن نے کہا کہ ہندوستان عالمی ترقی میں تعاون کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم ۶ء۸؍ فیصد اقتصادی ترقی کی توقع رکھتے ہیں۔ یہ نجی کھپت اور بہت زیادہ عوامی سرمایہ کاری کے ذریعے ممکن ہو گا… ہندوستان عالمی ترقی میں تقریباً۱۷؍ فیصد حصہ کا تعاون کرے گا۔ اس لئے ہمیں یقین ہے کہ یہ ایک بہترین مقام ہے۔
 خیال رہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے کہا تھا کہ ۵؍ اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں ہندوستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر۲ء۹۸؍بلین ڈالرس  بڑھ کر ۶۴۸؍ بلین ڈالرس کی نئی  بلندی  پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی زرمبادلہ کے ذخائر۲ء۹۵۱؍ بلین ڈالر اضافے سے۶۴۵؍ بلین ڈالر ہو گئے تھے جو کہ اب تک کی بلند ترین سطح تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK