وزیر تجارت پیوش گوئل نے متعلقہ حکام کے ساتھ انڈکشن ہی نہیں ان کیلئے موزوں برتنوں کی پیداوار بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
EPAPER
Updated: April 04, 2026, 12:31 PM IST | New Delhi
وزیر تجارت پیوش گوئل نے متعلقہ حکام کے ساتھ انڈکشن ہی نہیں ان کیلئے موزوں برتنوں کی پیداوار بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
مشرق وسطیٰ کے بحران کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مودی سرکار بھلے ہی ایل پی جی کی قلت کی تردید کررہی ہو لیکن وہ رسوئی گیس کے متبادلات کی تلاش میں مصروف ہے۔ ایک طرف جہاں دستیاب ہو وہاں پائپ لائن سے سپلائی ہونےوالی ’پی این جی ‘کو اپنانے کی ہدایت دی جارہی ہے تو وہیں دوسری طرف حکومت الیکٹرک چولہوں بطور خاص انڈکشن ہیٹرز کے فروغ کی بھی کوشش کررہی ہے۔
مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل نے جمعہ کو ایک اہم میٹنگ کی قیادت کی جس میں ملک میں انڈکشن ہیٹرز اوران کیلئےموزوں برتنوں کا پروڈکشن بڑھانے کے امکانات پر غور کیاگیا۔ اس میٹنگ میں پاور سیکریٹری پنکچ اگروال، ڈائریکٹر جنرل آف فارین ٹریڈ لو اگروال اور دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ مغربی ایشیا کے بحران کے بعد ایل پی جی کی دستیابی سے متعلق خدشات کے باعث ان کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈکشن چولہے جنہیں ’’کوک ٹاپ‘‘ جاتا ہے، جہاں مہینے بھر میں ایک سے ۲؍ ہزار فروخت ہوتے تھے وہیں ایران جنگ کے بعد ان کی فروخت میں ایسا غیر معمولی اضافہ ہوا کہ ایک موقع پر وہایک دن میں ایک سے ۲؍ لاکھ فروخت ہوئے۔ فلپ کارٹ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ آن لائن فروخت میں انڈکشن کی مانگ میں ۲۵؍فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔
یہ بھی پڑھئے: عالمی تناؤ کے درمیان اگلے ہفتے ریپو ریٹ میں تبدیلی کی توقع نہیں
اسٹریٹ آف ہرمز کے ذریعے تیل اور گیس لے جانے والے جہازوں کی نقل و حرکت کے متاثر ہونے کے بعد حکومت کی یقین دہانیوں کے باوجود شہری متبادل انتظامات میں مصروف ہیں۔ لوگ بڑی تعداد میں انڈکشن ہیٹرز اور ان کیلئے موزوں برتن خریدنے کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ اسی پس منظر میں ہونےوالی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد حکومت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’’ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ ہم انڈکشن ہیٹرز اور ان پر استعمال ہونے والے برتنوں (جیسے انڈکشن کوکر وغیرہ) کی پیداوار کو کس طرح تیزکرسکتے اور بڑھا سکتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ان کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ بہت تیزی سے فروخت ہو رہے ہیں۔ صنعتی حلقوں کے مطابق ایران جنگ کے باعث انڈکشن کوک ٹاپس کے ساتھ ہی الیکٹرک کیتلیوں کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دیگر شعبوں میں سپلائی چین کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت نے جمعرات کو اہم پیٹروکیمیکل مصنوعات کی درآمد کو۳؍ ماہ کیلئے یعنی۳۰؍ جون تک، کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جس سے فارماسیوٹیکل، کیمیکل اور ٹیکسٹائل جیسے شعبوں کو راحت ملے گی۔