ضلع کی دھورہرا تحصیل علاقہ میں شہ زوروں کے ذریعہ اقلیتی فرقہ کے کسانوںکی فصلوں کوتباہ کرکے زمین پر جبراً قبضہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
فصل تباہ کرکے کچھ اس طرح جھوپڑی بنائی گئی ہے۔ تصویر: آئی این این
ضلع کی دھورہرا تحصیل علاقہ میں شہ زوروں کے ذریعہ اقلیتی فرقہ کے کسانوںکی فصلوں کوتباہ کرکے زمین پر جبراً قبضہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ شہ زوروں نے کھیتوں پر نہ صرف قبضہ کر لیابلکہ اس میں جھوپڑیاں بنا کر اس میںمویشی باندھنے لگے۔ خاص بات یہ ہے کہ ملزمین نے کسانوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے جھوپڑیوں پر بی جے پی کا جھنڈا بھی لگا دیا۔ متاثرہ کسان اپنی زمین آزاد کرانے کے لئے در در بھٹک رہے ہیں۔
اطلاع کے مطابق ضلع کی دھورہرہ تحصیل علاقہ کے امیٹھی گاؤں پنچایت میں ان دنوں چکبندی چل رہی ہے۔ فرید خان، وحید خان، حمید خان، رشید خان، جمشید خان، گلشید خان، نوین خان پسران سعید خان اور ممتاز بیگم ساکن قصبہ دھورہرہ گاٹا نمبر ۱۳۹۸؍ اور ۱۸۶۵؍ کی زمین کےمشترکہ طور پر کھاتے دار ہیں۔
ان کسانوں نے ایس ڈی ایم ششی کانت منی اور چکبندی افسر کو تحریر دیکرشکایت کی ہےکہ ان کی قابل کاشت زمین پر گاؤں نامدار خاں پوروہ مزرعہ امیٹھی کے رہنے والے ستیش، اشوک، جے پرکاش، ونود، راکیش، منا لال، رمیش، وشرام، ونود، گیارے، رام بھجن، برج موہن، خوشی رام اور چھترپال وغیرہ نے ۱۲؍ اکتوبر کو مونگ پھلی کی فصل کو تہس نہس کردیااور تقریباً دو ایکٹر زمین پر قبضہ کرکے جھوپڑیاں ڈال دی ہیں۔ملزمین جھوپڑیوں میں اپنے مویشیوں کو باندھ رہے ہیں۔ جب مخالفت کی تو ملزم گالم گلوچ کے ساتھ مار پیٹ پر آمادہ ہوگئے۔ انتظامیہ پر دباؤ ڈلنے کے لئےانہوں نے جھو پڑیوں پر بی جے پی کا جھنڈا لگا دیا ۔ متاثرہ کسانوں نے ’وزیر اعلیٰ جن شنوائی پورٹل‘ پر شکایت کی۔ علاوہ ازیں چکبندی افسر اور ایس ڈی ایم ششی کانت منی سے غیر قانونی قبضہ ہٹوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایس ڈی ایم دھورہرہ ششی کانت منی نے بتایا کہ اس معاملہ کے تعلق سےشکایت ملی ہے۔ ریوینیو اور پولیس ٹیم موقع پر گئی تھی، دونوں فریق کے کاغذات طلب کئے گئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی حل نہیں نکل سکاہے۔ حسب ضرورت فورس کے ساتھ قبضہ جلد ہی ہٹایا جائے گا۔مقامی رکن اسمبلی ونود شنکر اوستھی کا کہنا ہے کہ اگرکسانوں کی زمین پر جبرا قبضہ کیا گیا ہے تویہ بالکل غلط ہے۔ انتظامیہ دونوں فریق کی بات سن کر جس کی زمین ہو اسے دلائے۔ انہوں نے پارٹی کا جھنڈا لگانے کی جانکاری ہونے سےانکار کیا ہے۔