لائیو اسپیس ایکس کے دوران ،سوشل میڈیا ویب سائٹ کریش ہوگئی،مسک نے اسے سائبر حملہ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: August 14, 2024, 2:08 PM IST | Agency | Washington
لائیو اسپیس ایکس کے دوران ،سوشل میڈیا ویب سائٹ کریش ہوگئی،مسک نے اسے سائبر حملہ قرار دیا۔
ایکس کے مالک اور مشہور کاروباری ایلون مسک نے ڈونالڈ ٹرمپ کا انٹرویو لیا۔جس میں ٹرمپ نے صدارتی الیکشن، امیگریشن پالیسی، مہاجرین، بائیڈن سمیت مختلف موضوعات پر پوچھے گئے سوالوں کے جواب دئیے۔ اس دوران ٹرمپ نے کئی متنازع باتیں کہیں۔ روئٹرز کے مطابق ایکس پر لائیوانٹرویو کے دوران ’ڈی ڈی او ایس اٹیک ‘ ہونے کی وجہ سے ویب سائٹ کریش ہوگئی تھی۔
مختلف سوالات کے جواب دیتےہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی حکومت اسرائیل کے آئرن ڈوم کے طرز پر امریکی دفاع کی خاطر نئے میزائل ڈیفنس سسٹم کی تیاری پر غور کرے گی۔ ٹرمپ نے انٹرویو میں امیگریشن کی موجودہ پالیسی کو’زومبی جیسی تباہی‘ اور صدر جو بائیڈن کو کئی مرتبہ ’احمق‘ بھی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے:غزہ میں مسلسل ۳۱۲؍ویں روز بھی اسرائیل کے حملے جاری رہے
انہوں نے پناہ گزینوں کو فلم ’’ورلڈ وار زیڈ‘‘ کے زومبی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ’’یہاں (امریکہ میں ) لوگ اسی طرح بہتے ہوئے آرہے ہیں۔ امریکہ کیلئے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ کرہ ارض کے ہر فرد کو یہاں آنے دے۔‘‘ ریپبلکن امیدوار نے موسمیاتی تبدیلی اور سطح سمندر میں اضافے کی حقیقت کو بھی مسترد کردیا۔بقول ٹرمپ ’’سب سے بڑا خطرہ نیوکلیئر وارمنگ ہے کیونکہ دنیا میں اب پانچ ممالک ہیں جو اہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہمیں بائیڈن کی طرح کے احمق لوگوں کو اسے ہونے سے روکنا ہے۔‘‘
ٹرمپ نے پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ان کی سرپرستی میں امریکہ زیادہ محفوظ رہے گا۔ ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا ہے کہ ڈیموکریٹ حریف کملا ہیرس تو جوبائیڈن سے بھی زیادہ نااہل ہیں۔خود پر قاتلانہ حملے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ سیکریٹ سروس نے پیشہ ورانہ انداز سے کام کیا، گولی لگنے کے بعد سے اس پر میرا بھروسہ اور بڑھ گیا ہے۔ مسک نے کہا کہ امریکہ کے لئے یہ ضروری ہے کہ ٹرمپ صدارتی انتخابات میں جیتیں۔