Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹرمیں بی جےپی۲۶؍ لوک سبھاسیٹوں پر الیکشن لڑیگی،شندے اوراجیت خیمہ کو۲۲؍ سیٹیں

Updated: November 27, 2023, 9:49 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

دیویندر فرنویس کا اعلان، اپنے لوک سبھاالیکشن لڑ نے کےامکان کو خارج کیا، بی جےپی کے موجودہ اراکین پارلیمان کے ٹکٹ کٹنے کا بھی اشارہ دیا۔

Devendra Fadnavis . Photo: INN
دیویندر فرنویس۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اور بی جےپی کے سینئر لیڈردیویندر فرنویس نے ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن کیلئے ریاست میں این ڈی اے اتحادیوں میں سیٹوں کی تقسیم کا کم وبیش اعلان کر دیا ہے۔انہوں  نے بتایا کہ سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق رائے قریب قریب ہوچکی ہے جس کے تحت بی جےپی ۲۶؍ سیٹوں پر اور شیوسینا (شندے ) ، این سی پی (اجیت پوار) دونوں  ملا کر ۲۲؍ سیٹوں  پر اپنے امیدوار اتاریں گی۔ ٹائمز آف انڈیا کو دیئے گئے انٹریو میں   انہوں نے یہ واضح نہیں  کیا کہ شندے اور اجیت پوار خیمہ کو الگ الگ کتنی کتنی سیٹیں ملیں گی۔ مہاراشٹر میں  لوک سبھا کی ۴۸؍ سیٹیں ہیں ۔ ۲۰۱۹ء میں   بی جے پی نے ۲۵؍ سیٹوں   پر اور شیوسینا( جو اس وقت تقسیم نہیں  ہوئی تھی)نے ۲۳؍ سیٹوں  پر الیکشن لڑا تھا۔ بی جےپی نے ۲۳؍  سیٹیں   اور شیوسینا نے ۱۸؍ سیٹیں  جیتی تھیں۔
فرنویس نے مہاراشٹر میں بی جےپی اوراس کے اتحادیوں میں اختلاف کی تردیدکرتے ہوئے اسے ’’جھوٹ اور بے بنیاد ‘‘ قراردیا۔ نائب وزیراعلیٰ  نے کہا کہ شندے کی قیادت میں مہاراشٹر میں مہایوتی (این ڈی اے اتحاد) مستحکم ہوا ہے ، اس میں  کوئی دراڑ نہیں  ہے۔ انہوں  نے امید ظاہر کی کہ مہاراشٹر کی سیاست میں اتھل پتھل پیدا کر دینے والے مراٹھا کوٹہ کے معاملے کو ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات تک حل کرلیا جائےگا۔ مہاراشٹر میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے امکانات کو بھی خارج کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسی کوئی تجویز نہیں  ہے۔ انہوں نے پارلیمانی الیکشن میں اپنی امیدواری سے متعلق قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں لوک سبھا الیکشن نہیں لڑوںگا۔ جیسا کہ پہلے بتا چکا ہوں، ناگپور کی اپنی روایتی سیٹ سے میں اسمبلی الیکشن کیلئے پارٹی کا امیدوار ہوں گا۔‘‘ پارلیمانی الیکشن میں ا میدواری کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں  نائب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’’ہم نےتمام ۴۸؍ لوک سبھا حلقوں میں سروے مکمل کرلیا ہے۔ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ کہاں سے کون ساامیدوار جیت سکتاہے۔‘‘ ریاست سے بی جےپی کے  موجودہ اراکین پارلیمان کے ٹکٹ کٹنے کا اشارہ دیتے ہوئے دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’جہاں تک  ۲۰۱۹ء میں جیتنے والے امیدواروںکا معاملہ ہے تو یہ روایت رہی ہے کہ انہیں دوبارہ موقع  دیا جاتا ہےمگر یہ کوئی حتمی معاملہ نہیں ہے۔ حتمی فیصلے سے قبل اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر بات چیت اور غوروخوض کیا جائےگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن کیلئے اصل  مہم ناگپور میں  اسمبلی اجلاس کے بعد شروع ہوگی۔  دیویندر فرنویس کے مطابق مذکورہ اسمبلی اجلاس کے بعد بی جےپی ہر لوک سبھا حلقے میں میٹنگوں کا سلسلہ شروع کریگی جس میں بی جےپی کے عہدیداروں  کے ساتھ ہی این سی پی (اجیت پوار)او ر شیوسینا(شندے) کے ذمہ دار بھی ہوںگے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK