Inquilab Logo

ممبئی میں نامعلوم خاتون نے ایئرٹیل کے ۴۱۹؍ صارفین ’چرالئے‘!، کیس درج

Updated: November 24, 2023, 12:18 PM IST | Shrish Vakatanya | Mumbai

بھارتیہ ایئر ٹیل کے منیجر نے بانگور نگر لنک روڈ پولیس اسٹیشن میں  شکایت درج کرائی کہ نامعلوم خاتون نے ایئر ٹیل کے پوسٹ پیڈ گاہکوں کوفون کال کرکے گمراہ کیا اورمہنگے پوسٹ پیڈ پلان کی جھوٹی اطلا ع دے کر انہیں دوسری کمپنیوں کا گاہک بنادیا۔

Between July and August, an unidentified woman called and misled several Airtel customers. Photo: INN
جولائی سے اگست کے درمیان نامعلوم خاتون نے ایئر ٹیل کے متعدد صارفین کو فون کرکے گمراہ کیا۔ تصویر : آئی این این

شہر میں گاہک ’چرانے‘ کا عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے ۔بھارتیہ ایئر ٹیل کی شکایت پر پولیس نے ایک نامعلوم خاتون کی تلاش شروع کردی ہے۔ الزام ہے کہ اس نامعلوم خاتون نے پہلے بھارتی ایئر ٹیل سے صارفین کا ڈیٹا چرایا اور پھر ان میں سے ۴۱۹؍ صارفین کو اس نے جھوٹی معلومات دے کر ایئرٹیل سے بدظن کیا اور انہیں دوسری کمپنیوں  کا گاہک بنادیا۔ اس نامعلوم خاتون نے صارفین کو ایئر ٹیل کے تئیں  گمراہ کیا اور مہنگے پلان بتاکر دوسری کمپنی کا گاہک بننے کا مشورہ دیا۔ اس باعث ایئر ٹیل کو ۴؍لاکھ ۸۳؍ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ 
 گوریگاؤں میں  واقع بانگور نگر لنک روڈ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم خاتون کے خلاف بھارتیہ ایئر ٹیل کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ بھارتیہ ایئر ٹیل کاکہنا ہے کہ اس کے ایسے صارفین جو ۹۹۹؍روپے اور ۱۴۹۹؍ روپے ماہانہ کے پلان خریدار تھے انہیں اس نامعلوم خاتون نے فون کرکے گمراہ کیا۔ بھارتیہ ایئر ٹیل کی جانب سے شکایت گزار مکیش رام بچن یادو (۴۵) جو کمپنی میں  بطور منیجر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں نے بتایا کہ انہیں  ۱۷؍ جولائی کوراہل جین نامی ایک صارف نے رابطہ کیا اور بتایا کہ انہیں  ایک خاتون نے کال کرکے اطلاع دی کہ اس ماہ سے پلان مہنگے ہوجائیں  گے اور انہیں  دوسری کمپنی کا گاہک بن جانا چاہئے۔ جین نے اس گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ ایئر ٹیل کسٹمر کیئر کو بھیجی۔ جس کے بعد بھارتیہ ایئر ٹیل نے جین سےمزید تفصیلات حاصل کیں  اور بطور ثبوت آڈیو ریکارڈنگ کو پین ڈرائیو میں  محفوظ کیا۔
 اس کے بعد بھارتیہ ایئر ٹیل نے اپنی طرف سے تفتیش شروع کی اور اس کے لئے موبائل نمبر پورٹیبلٹی آفس کی مدد لی ۔ جانچ میں  معلوم ہوا کہ ایسے متعدد نمبرز ہیں جن پر اس نامعلوم خاتون نے رابطہ کیا اور انہیں  ایئر ٹیل کے پوسٹ پیڈ پلان کی غلط معلومات فراہم کی ۔ پولیس نے بتایا کہ ’’ اس نامعلوم خاتون نے جن گاہکوں  سے رابطہ کیا ، ان میں زیادہ تر ۱۴۹۹؍  روپے اور ۹۹۹؍روپے ماہانہ پلان والے گاہک ہیں ، انہیں  جولائی سے اگست ۲۰۲۳ء کے درمیان رابطہ کیا گیا، جن میں  سے ۴۱۹؍ گاہکوں  نے اس نامعلوم خاتون کے کہنے پر اپنا نیٹ ورک تبدیل کردیا۔ اس باعث بھارتیہ ایئر ٹیل کو ۴؍لاکھ ۸۳؍ ہزار روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔‘‘ اس معاملے میں  نمائندہ نے بھارتی ایئر ٹیل کے منیجر سے رابطہ کیا لیکن انہوں  نے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے انکار کیا اور کہا کہ اس معاملے میں ان کے اعلیٰ عہدیدار ہی کچھ بتاسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK