Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ سرکاری اسپتال میں، پھر ایک دن میں ۱۵؍ اموت

Updated: October 10, 2023, 10:06 AM IST | Z A Khan | Nanded

اسپتال انتظامیہ کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ۷؍ اکتوبر کو ۱۵؍ اور ۸؍ اکتوبر کو ۱۲؍ ہلاکتیں ہوئیں، مجموعی طور پر ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران ۲۷؍ مریض فوت ہوئے۔

The flow of patients and deaths continues in Nanded Hospital. Photo. INN
ناندیڑ اسپتال میں مریضوں کی آمد اور اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ تصویر:آئی این این

ناندیڑ کے شنکر راؤ چوان ضلع اسپتال میں علاج کے دوران ہونے والی مریضوں کی اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ یہاں اب ایک روز میں ۱۵؍ لوگوں کے فوت ہونے کی خبر ہے۔  اسپتال سے جاری کردہ اعداد وشمار سے خود یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہاں  ۷؍ اکتوبر کو ۱۵؍ لوگوں کی موت ہوئی جبکہ اگلے دن یعنی ۸؍ اکتوبر کو  مزید ۱۲؍ لوگ فوت ہوئے۔ اس طرح صرف ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران ۲۷؍ اموات ہوئی ہیں۔ 
یاد رہے کہ ۴؍ اکتوبر کو مذکورہ اسپتال میں ایک ہی دن میں ۲۴؍ لوگوں کی موت سے ہنگامہ مچ گیا تھا۔ یہاں کئی  لیڈروں کا دورہ ہوا، انتظامیہ کی کئی میٹنگیں ہوئیں لیکن حالات جوں کے توں ہیں۔ لاکھ کوششوں کے باوجودعلاج کے دوران مریضوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں کمی نہیں آرہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے ۴؍ اکتوبر کے سانحہ کے بعد اسپتال میں مریضوں کے تعلق سے ’ ڈیلی رپورٹ‘ (روز مرہ کی تفصیل جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو وہ مسلسل جاری کر رہے ہیں۔ اسی رپورٹ کے مطابق  کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران یہاں۱۲؍مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ جبکہ اس سے ایک روز قبل یہاں  ۱۵؍ مریض فوت ہوئے تھے۔ اس طرح مجموعی طور پر ۴۸؍گھنٹوں میں ۲۷؍ مریضوں کی ہلاکت  ہوئی ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران یعنی ۷؍ اکتوبر رات ۱۲؍ بجے سے ۸؍ اکتوبر رات ۱۲؍ بجے تک اسپتال میں ۱۲۵؍ مریض بھرتی کئے گئے۔ ان ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۵۲؍ مریض شفایاب ہوکر گھر لوٹے۔ اسی دوران شدید بیماری میں مبتلا ۱۲؍ مریضوں فوت ہوگئے ہیں۔ ان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ جبکہ ۱۰؍ بڑی عمر کے مریض ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے ۲۴؍  گھنٹوں میں اسپتال میں ۱۹؍  آپریشن کئے گئے۔ ان میں ۱۲؍  مریضوں پر بڑی سرجری کی گئی۔ جبکہ ۷؍ مریضوں کے چھوٹے آپریشن ہوئے۔ 
اس دوران ۱۸؍  خواتین کی زچگیاں بھی کی گئیں۔  ان میں ۸؍سیزر سے اور ۱۰؍ نارمل طریقے سے ہوئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  اسپتال میں تقریباً ڈیڑھ سو مریضوں نے او پی ڈی شعبہ میں اپنا علاج کروایا ۔فی الحال اسپتال میں ۶۶۱؍  مریض داخل ہیں۔ یہ اطلاع اسپتال کے ڈین ڈاکٹر شام واکوڑے کی جانب سے دی گئی ہے۔
اسپتال کو کلین چٹ
۴؍ اکتوبر کو ۲۴؍ گھنٹوں میں ہوئی ۲۴؍ اموات کے بعد حکومت نے ۳؍ اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اسپتال کا دورہ کرنے اور لوگوں سے باز پرس کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کی۔  اطلاع کے مطابق کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں اسپتال انتظامیہ کو کلین چٹ دی ہے۔ رپورٹ میں وہی بات کہی گئی ہے جو اسپتال کے ڈین کواڑے نے کہی تھی کہ جن لوگوں کی  موت ہوئی ہے انہیں نازک حالت میں اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ انہیں بچانے کی پوری کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK