Inquilab Logo

پونچھ: شہری اموات کےمعاملے میں ۴؍ فوجیوں کا تبادلہ، ’کورٹ آف انکوائری‘ قائم

Updated: December 25, 2023, 10:57 PM IST | Agency | Poonch

عوام میں برہمی کے بیچ پولیس نے بھی ایف آئی آر درج کی، فوجی سربراہ پونچھ پہنچے، جوانوں سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ طریقے سے کام کرنے کی ہدایت دی۔

Army Chief General Manoj Pandey in Poonch. Photo: INN
فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے پونچھ میں۔ تصویر : آئی این این

پونچھ میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے دوران ۳؍ عام شہریوں  کی مو ت پرشدید عوامی  برہمی کے بیچ فوج نے  ۴؍ افسران کا پونچھ سے تبادلہ کردیا ہے جبکہ معاملے کی جانچ کیلئے ’’کورٹ آف انکوائری‘‘ قائم کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیاہے۔ اُدھر پولیس نے بھی اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرلی ہے جبکہ پیر کو فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے  پونچھ پہنچ گئے۔ انہوں نے افسران کو پیشہ ورانہ طریقے سے کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 
فوج نے دہشت گردوں کی کارروائی میں  ۳؍ جوانوں کے مارے جانے کے بعد پوچھ تاچھ کیلئے اٹھائے گئے افراد میں سے ۳؍ کی پُر اسرار حالات میں موت کی جانچ کیلئے کورٹ آف انکوائری قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں بریگیڈیئر رینک کے ایک افسر کا تبادلہ کیاگیا ہے جبکہ بقیہ ۳؍ کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ فوج نے عوام میں شدید برہمی کا سبب بننے والے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
پیر کو فوجی سربراہ نے پونچھ کا دورہ کرکے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات پر ان کی حوصلہ افزائی کی مگر پیشہ ورانہ  طریقے سے کام کرنے کی ہدایت دی۔ فوجی سربراہ نے اگلی چوکیوں کا دورہ کیا جہاں پر انہیں بفلیاز میں جاری مفرور جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ جنرل منوج پانڈے نے اپنے دورے میں پونچھ میں تعینات فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK