Updated: January 10, 2026, 6:02 PM IST
| London
مشہور فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم اور فیشن ڈیزائنر وکٹوریہ بیکھم کے بیٹے بروکلین بیکھم نے مبینہ طور پر اپنے والدین سے براہِ راست رابطہ ختم کرنے کے لیے قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، خاندان کے اندر بڑھتی کشیدگی کے باعث اب تمام بات چیت صرف وکلاء کے ذریعے ہی کی جائے گی۔
ڈیوڈ بیکہم۔ تصویر: آئی این این
رپورٹس کے مطابق، بروکلین بیکھم نے اپنے والدین ڈیوڈ اور وکٹوریہ بیکھم کو ایک قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ’’کوئی رابطہ نہیں‘‘ (No Contact) کی درخواست کی ہے۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ۲۶؍ سالہ شیف اور ان کے مشہور والدین کے درمیان گزشتہ موسمِ گرما میں خطوط کا تبادلہ ہوا، تاہم یہ رابطہ مبینہ طور پر صرف دونوں فریقوں کی قانونی ٹیموں کے ذریعے ہی رکھا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، بروکلین نے واضح طور پر یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے والدین ان سے براہِ راست رابطہ کریں یا سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں کسی قسم کے عوامی بیانات دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی نوعیت کی گفتگو صرف وکلاء کے ذریعے ہی کی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: یامی گوتم فلم ’’نئی نویلی ‘‘ میں بھوتنی کا رول ادا کریں گی
یہ قدم مبینہ طور پر اس وقت اٹھایا گیا جب بروکلین اور ان کی اہلیہ نکولا پیلٹز کے بارے میں بعض بریفنگز سامنے آئیں، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ بروکلین پر نکولا کا اثر و رسوخ ہے اور وہ ان کے ذریعے ’’کنٹرول‘‘ ہو رہے ہیں۔ ان دعوؤں پر بروکلین نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ڈیوڈ بیکھم کو کہا گیا تھا کہ وہ (قانونی کمپنی) شلنگز کے ذریعے ہی رابطہ کریں۔ بات چیت کا یہی واحد راستہ رکھا گیا تھا۔‘‘ تاہم، بروکلین اور ڈیوڈ بیکھم کے نمائندوں نے فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
یہ پیش رفت بیکھم خاندان کے اندر کشیدہ تعلقات سے متعلق کئی ہفتوں کی قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ گزشتہ ماہ بروکلین کے چھوٹے بھائی کروز بیکھم نے سوشل میڈیا پر ان افواہوں کی تردید کی تھی کہ ڈیوڈ اور وکٹوریہ نے انسٹاگرام پر بروکلین کو بلاک کر دیا ہے۔ کروز کے مطابق، آن لائن رابطہ دراصل بروکلین کی جانب سے ختم کیا گیا تھا۔ کروز نے لکھا تھا کہ ’’یہ سچ نہیں ہے۔ میرے والدین کبھی بھی اپنے بیٹے کو بلاک نہیں کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’حقیقت یہ ہے کہ وہ خود بلاک ہو گئے تھے، جیسے میں ہوا تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ہدایت کار فرح خان متعدد صلاحیتوں کی حامل ہیں
قیاس آرائیوں میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب بروکلین ۲۰۲۵ء کے لیے ڈیوڈ بیکھم کے انسٹاگرام راؤنڈ اپ میں شامل نہیں تھے، جبکہ خاندان کے دیگر بچے،کروز، رومیو بیکھم (۲۳؍سال) اور ہارپر بیکھم (۱۴؍ سال)، اس میں نظر آئے۔ تاہم اسی دن ڈیوڈ بیکھم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بروکلین کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جسے بعض مبصرین نے انسٹاگرام کی تکنیکی خرابی سے جوڑا۔ ڈیوڈ بیکھم نے اس پوسٹ کے ساتھ ایک جذباتی پیغام میں اپنے چاروں بچوں کے لیے محبت اور شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’تم سب میری زندگی ہو، میں تم سب سے بہت محبت کرتا ہوں۔‘‘ بعد ازاں وکٹوریہ بیکھم نے بھی اسی اسٹوری کو دوبارہ شیئر کیا۔
ان عوامی اشاروں کے باوجود، ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندان کے اندر اختلافات اب تک ختم نہیں ہوئے۔ گزشتہ اکتوبر میں ذرائع نے یو ایس ویکلی کو بتایا تھا کہ بروکلین کو خاندان سے دوری کے بعد صلح میں ’’کوئی دلچسپی نہیں‘‘ اور وہ اس وقت اپنی اہلیہ نکولا پیلٹز کے ساتھ ایک ’’پرسکون اور ڈرامے سے پاک زندگی‘‘ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔