• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائر اور کے ای ایم اسپتال میں جدید ترین ایم آرآئی سسٹم کا افتتاح

Updated: November 21, 2026, 4:23 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

۳؍ ٹیسلاایم آر آئی مشینیں بیماریوں کی زیادہ درست تشخیص، علاج کی منصوبہ بندی اور معائنے کیلئے درکار وقت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی، اب ۴۵؍منٹ میں ہونےوالاایم آرآئی ۱۰؍منٹ میں ہوسکےگا۔میئر ریتوتائوڑے نے مشینوں کا افتتاح کیا۔

Mayor Ritu Tawde inaugurating an MRI machine at Nair Hospital. Photo: Inquilab
نائراسپتال میں میئر ریتو تاؤڑے ایم آر آئی مشین کا افتتاح کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

میونسپل کارپوریشن نے نائر اور کے ای ایم اسپتال میں جدید ترین ۳؍ ٹیسلا ایم آر آئی مشینوں کی سہولت شروع کی ہے۔ سیمنز کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی  والا یہ نظام مریضوں کی بیماریوں کی زیادہ درست تشخیص، علاج کی منصوبہ بندی اور معائنے کیلئے درکار وقت کو کم کرنے میں معاون ہوگا ۔ میئر ریتوتائوڑے کے ہاتھوں ان کا افتتاح کیا گیا۔

  اس سے پہلے دستیاب سی ٹی اسکین اور ۱ء۵؍ٹیسلا ایم آر آئی مشینوں کے ذریعے کے ای ایم اور نائر اسپتال کے ریڈیولوجی ڈپارٹمنٹ میں تقریباً۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ سی ٹی اسکین اور ۲۵؍ سے ۳۰؍ ایم آر آئی کئے جا رہے تھے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد اور مشینوں کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے ۳؍ٹیسلا ایم آر آئی کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے ،اس سے تشخیصی شعبہ کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی ۔نئی ۳؍ ٹیسلا مشینیں مختلف قسم کی تشخیص کیلئے  اوسط وقت کو ۴۵؍منٹ سے کم کر کے تقریباً ۱۰؍ منٹ کر دے گی۔ اس سے کم وقت میں زیادہ مریضوں کا معائنہ ممکن ہو سکے گا اور مریضوں کے انتظار کی مدت کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس نظام سے ایم آر آئی کیلئے دوسرے اسپتالوں یا پرائیویٹ تشخیصی مراکز میں جانے کی جو ضرورت پیش آتی ہے ،اس کے بھی کم ہونے کی اُمید ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یوسی سی سے متعلق آج اور کل سماعت، ملّی اورسماجی تنظیموں کے نمائندے شرکت کیلئے تیار

نئی ٹیکنالوجی دماغ، ریڑھ کی ہڈی اور جوڑوں کی جانچ کیلئے خاص طور پر مفید ہے ۔ ڈاکٹروں کے پاس دماغ اور اعصابی نظام کی خرابیوں، ریڑھ کی ہڈی کی بیماریوں اور مختلف پیچیدہ امراض کا جائزہ لینے کیلئے مزید تفصیلی تصاویر دستیاب ہوں گی۔ اس سے بیماری کی حد کو سمجھنے، علاج کا تعین کرنے اور علاج کے نتائج کی نگرانی کرنے میں آسان ہو گی۔اس جدید ترین سہولت کے موثر استعمال کیلئے تربیت یافتہ تکنیکی ماہرین، طبی عملہ اور معقول منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ نیا نظام سرکاری اسپتالوں میں تشخیصی سہولیات کو مزید موثر بنائے گا اور ممبئی کے باشندوں سمیت ریاست بھر سے آنے والے مریضوں کو جدید طبی خدمات کا فائدہ ملے گا۔

میئر ریتو تاوڑے نےاس نظام کا نائر اسپتال میں افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’’ممبئی، مہاراشٹر اور ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں مریض علاج کیلئے نائر اور کے ای ایم اسپتال آتے ہیں۔ بہت سے مریضوں کو مالی مشکلات اور سنگین بیماریوں کا سامنا ہے ۔ وہ علاج کیلئے سرکاری اسپتالوں پر بھروسہ کرتے ہیں۔ ایسے مریضوں کو آسان، معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنا میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔ ایم آر آئی کی یہ نئی سہولت صحت عامہ کی خدمات کو بہتر بنائےگی اور مریضوں کو راحت فراہم کرے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK