• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوسی سی سے متعلق آج اور کل سماعت، ملّی اورسماجی تنظیموں کے نمائندے شرکت کیلئے تیار

Updated: November 21, 2026, 4:20 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سرگرم رکن مولانامحموددریابادی نے کہا کہ ایک وفد شنوائی میں شامل ہوگا۔ سنی جمعیۃ علماء کےسربراہ معین میاں نے کہا کہ ہنگامی میٹنگ کرکے ایک وفد کا انتخاب کیا گیا ہے۔

In connection with the UCC, the Sunni Jamiat-e-Ulema and Raza Academy encouraged people to scan a UCC-related QR code following Friday prayers at Masjid Bilal in Do Tanki; a signature campaign was also conducted. Photo: Inquilab
یو سی سی کے تعلق سے سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کی جانب سے مسجد بلال، دو ٹانکی میں جمعہ کی نماز کے بعدلوگوں کو یوسی سی کیوآر کوڈ اسکین کرنے کی ترغیب دی گئی اور دستخطی مہم بھی چلائی گئی۔ تصویر: انقلاب
یکساں سول کوڈ(یوسی سی ) کے ریاست میں نفاذ کی تیاری کے خلاف ملّی اور سماجی تنظیمیں    احتجاج کررہی ہیں اور مہم چلارہی ہیں۔ اس کے خلاف انہوں نے  عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔  اس کے علاوہ کیوآر کوڈ کے ذریعے اپنے اعتراضات بھیجنے کیلئے مہم بھی چلائی جارہی ہے۔  یو سی سی کے خلاف عیسائی، سکھ، دلت اور دیگر سماج  کے لوگ بھی آواز بلند کررہے ہیں  ۔ دریں اثناء    ریاستی حکومت نے  جمعہ کو  پریس ریلیز جاری کرکے یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے تعلق سے سپریم کورٹ آف انڈیا کی سابق جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں۲۱؍ نومبر (آج) اور۲۲؍ نومبر (کل)  کو سماعت کا اعلان کیا ہے ۔ اس شنوائی میں جہاں عوام کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کے سماجی، سیاسی اور مذہبی تنظیموں  کے نمائندوںکو شامل ہونے اور اپنے سوالات، اعتراضات اور مشورے پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے  وہیں شہرو مضافات کی مسلم تنظیموں، سماجی رضاکار اور لوگوںنے نہ صرف اس شنوائی میں شرکت کرنے کی اطلاع دی ہے بلکہ اپنے اعتراضات اور مشورے دینے کیلئے بھی وہ تیار ہیں ۔
’’نقصانات اور حق تلفی کی جانب توجہ دلائی جائے گی‘‘
اس سلسلہ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ممبئی کمیٹی   کے سرگرم ممبر مولانا محمود دریا  بادی نے بتایا کہ ’’آل انڈیامسلم پرسنل لاءبورڈ کی جانب سے ایک وفد اس شنوائی میں شامل ہوگا ۔ شنوائی کے دوران مسودہ تیار کرنے کے تعلق سے سپریم کورٹ کی سابق جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کے موقف کو جاننے کے بعد اگر ہمیں اپنی بات رکھنے کا موقع ملا تو ہم نے آن لائن اور تحریری طور پر یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے ہونے والے نقصانات، مذہبی اور آئینی آزادی کو سلب کرنے اور ناانصافیوں سے متعلق جو اعتراضات جمع کرائے ہیں، ان سےانہیں آگاہ کرایا جائے گا۔ ساتھ ہی شادی، طلاق، وراثت اور دیگر معاملات میں مذکورہ قانون سے کی جانے والی مداخلت سے ہونے والے نقصانات اور حق تلفی کی جانب توجہ دلائی جائے گی۔‘‘
 
 
’’ہمارا موقف شروع سے اس کے مخالف رہا ہے‘‘
   یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کے تعلق سے  ریاستی حکومت کے اچانک سماعت کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے سنی جمعیۃ علماء کے سربراہ سیّد معین اشرف (معین میاں) اور سیکریٹری سعید نوری نے بتایا کہ انہیں مذکورہ معاملات میں سماعت کی اطلاع تاخیر سے ملی، اس کے باوجود فوری طور پر ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی اور سماعت میں شامل ہونے کیلئے ایک وفد کا انتخاب کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ  جہاں تک یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے اور اسے نافذ کرنے کے تعلق سے ہونے والی شنوائی کی بات ہے، ہمارا موقف شروع سے اس کے مخالف رہا ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک اسے خارج نہیں کردیا جاتا ۔ یہی بات ہم شنوائی کے دوران دہرائیں گے۔
’’اپنی بات ٹھوس طریقہ سے رکھنے کی کوشش کریں گے‘‘
ممبئی  کے کسٹم ہاؤس اور نوی ممبئی  کے علاقے بیلاپور میں واقع کوکن بھون میں یکساں سول کوڈ سے متعلق ہونے والی سماعت میں شامل ہونے اور اپنی بات رکھنے کے تعلق سے جماعت اسلامی ہند کے سرگرم رکن  اور ذمہ دار  عبد المجیب نے کہا کہ   اس موقع پر ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ایڈوکیٹ یوسف مچھالا اور دیگر ۴؍ وکلاء کے ذریعہ یکساں سول کوڈ کے خلاف تیار کردہ ڈرافٹ جسٹس رنجنا کو دے سکیں  ساتھ ہی زبانی طور پر یہ بتا سکیں کہ کس طرح یکساں سول کوڈ ہندوستانی آئین کی خلاف ورزی کرے گا۔   یہی نہیں اس سے دیگر مذاہب جس سے نہ صرف مسلم بلکہ سکھ، عیسائی، دلت  اور دیگر طبقات بھی متاثر ہوں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ سماعت کے بعد آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے ممبران اور فیڈریشن آف مہاراشٹر  جماعت اسلامی کا وفد جسٹس رنجنا اور مسودہ تیار کرنے والی کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کر اپنی بات مزید ٹھوس طریقہ سے رکھ سکیں ۔‘‘
ممبئی کے اولڈ کسٹم ہاؤس اور  نوی ممبئی کے 
کوکن بھون میں آج اور کل سماعت
اس ضمن ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق عروس البلاد ممبئی میں یکساں سول کوڈ کمیٹی کی سماعت بروز سنیچر۲۱؍ نومبر۲۰۲۶ء کو جنوبی ممبئی کے کلکٹر کے دفترواقع اولڈ کسٹم ہاؤس  کے پلاننگ ہال میں ہوگی ۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع سطح پر۲۲؍ نومبر کو سماعت نوی ممبئی کے کوکن بھون (بیلاپور)میں ڈویژنل کمشنر کے دفتر کی پہلی منزل پر واقع کمیٹی ہال میں منعقد ہو گی۔
شہری  خود اس سماعت میں حاضر ہوکر کمیٹی کے سامنے اپنی آراء اور تجاویز پیش کرسکتے ہیں ۔ اطلاع کے مطابق جو شہری ممبئی اور نوی ممبئی پہنچنے سے قاصر ہیں، انہیں مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل اپنے متعلقہ ضلع کلکٹر کے دفتر میں حاضر ہونا ہوگا تاکہ وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنی آراء کمیٹی تک پہنچا سکیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK