گیٹ وے آف انڈیا پر آج یعنی ۲۱؍ نومبر کو منعقد ہونے والی تقریب میں رنویر سنگھ اور ٹائیگر شراف سمیت فلم، کھیل اور کاروباری دنیا کی معروف شخصیات کی شرکت متوقع، دہشت گردی کے متاثرین اور اس کے خلاف لڑنے والے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 4:07 PM IST | Mumbai
گیٹ وے آف انڈیا پر آج یعنی ۲۱؍ نومبر کو منعقد ہونے والی تقریب میں رنویر سنگھ اور ٹائیگر شراف سمیت فلم، کھیل اور کاروباری دنیا کی معروف شخصیات کی شرکت متوقع، دہشت گردی کے متاثرین اور اس کے خلاف لڑنے والے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
بالی ووڈ سپراسٹار شاہ رخ خان، کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن تینڈولکر اور اداکار اکشے کمار سمیت ہندوستان کی کئی معروف شخصیات آج یعنی ۲۱؍ نومبر کو ممبئی میں منعقد ہونے والی ’گلوبل پیس آنرز ۲۰۲۶‘ کی تقریب میں شرکت کریں گی۔ ممبئی کے تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر ہونے والی اس تقریب کا مقصد امن، اتحاد اور انسانی ہمدردی کا پیغام عام کرنے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنے والے افراد اور اس کے متاثرین کو یاد کرنا ہے۔ تقریب شام ۶؍ بجے شروع ہوگی۔ اس تقریب کا اہتمام امرتا فرنویس کی قائم کردہ غیر سرکاری تنظیم ’دِویہج فاؤنڈیشن‘ (Divyaj Foundation) کر رہی ہے۔ منتظمین کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق شاہ رخ خان اور سچن تینڈولکر کے علاوہ اکشے کمار، رنویر سنگھ اور ٹائیگر شراف بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ تفریح، کھیل، کاروبار اور عوامی زندگی سے وابستہ دیگر معروف شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہیلن صرف کیبرے ڈانسر نہیں عمدہ اداکارہ ہیں
فاؤنڈیشن نے ’گلوبل پیس آنرز‘ کو ایسے پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا ہے جہاں غیر معمولی حوصلے، قربانی، ثابت قدمی اور انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ اس کا سالانہ انعقاد دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے ہیروز اور اس کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کی یاد تازہ کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ تقریب میں ایسے افراد کی خدمات کو نمایاں کیا جاتا ہے جنہوں نے مشکل حالات میں امن، ہمدردی اور اتحاد کا ساتھ دیا۔ فاؤنڈیشن کی بانی امرتا فرنویس نے کہا ہے کہ اس تقریب کا مقصد ان قربانیوں کو فراموش نہ ہونے دینا ہے جنہوں نے امن اور انسانیت کے لیے اپنی جانیں یا زندگیاں داؤ پر لگائیں۔ ان کے مطابق ممبئی نے کئی بڑے سانحات کا سامنا کیا ہے، لیکن ہر مشکل کے بعد شہر نے جس اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ اس کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن برقرار رکھنا صرف حکومتوں یا اداروں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فلم ’’یہ پریم مول لیا‘‘ کا ٹریلر لانچ حالیہ بڑی تقریبات میں سے ایک ہوگا
ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا کو تقریب کے مقام کے طور پر منتخب کرنے کی بھی خاص اہمیت ہے۔ یہ تاریخی یادگار شہر کی شناخت کے ساتھ اس کی تاریخ کے کئی اہم واقعات اور دہشت گردی کے سانحات کی یاد بھی تازہ کرتی ہے۔ منتظمین کے مطابق اس مقام پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا جمع ہونا شہر کے حوصلے، یکجہتی اور امن کے مشترکہ پیغام کو مزید نمایاں کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس منعقد ہونے والی گلوبل پیس آنرز کی تقریب میں بھی شاہ رخ خان، ٹائیگر شراف اور وکرانت میسی سمیت کئی معروف شخصیات شریک ہوئی تھیں۔ اس موقع پر دہشت گردی کے ہیروز اور متاثرین کی یاد میں خصوصی خراجِ عقیدت اور پرفارمنس پیش کی گئی تھیں۔ ۲۰۲۶ءکی تقریب میں بھی اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے یادگاری خراجِ تحسین، خصوصی پرفارمنس اور امن و انسانیت کے موضوع پر پروگرام پیش کیے جائیں گے۔