Inquilab Logo Happiest Places to Work

وقت سے قبل بارش کے سبب وکھرولی فلائی اوور کے افتتاح میں تاخیر

Updated: June 02, 2025, 11:15 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اصل تعمیر ی کام ۳۱؍ مئی کو مکمل ہو چکا ہے لیکن بارش کے سبب تزئین کاری نہیں ہوسکی، ۴؍ تا ۵؍ دنوں میں یہ کام مکمل ہو جائے گا: بی ایم سی۔

Vikhroli flyover, whose construction has been completed but the signalling and renovation are yet to be done. Photo: INN
وکھرولی فلائی اوور جس کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہےلیکن سگنل اور تزئین کاری باقی ہے۔ تصویر: آئی این این

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وکھرولی مشرق سے مغرب کو جوڑنے والے فلائی اوور کا کام ۳۱؍ مئی تک مکمل کر لیا جائے گا لیکن عوام کو اسے استعمال کرنے کیلئے مزید ۴؍ سے ۵؍ دنوں تک انتظار کرنا پڑے گا۔ شہری انتظامیہ کا کہناہےکہ فلائی اوور کی تعمیر کا اہم کام تو مکمل کر لیاگیا ہےلیکن اس کی تزئین کاری کا کچھ کام بھی باقی ہے جووقت سے پہلے آنے والی بارش کے سبب نہیں کیاجاسکا ہے۔ البتہ یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کاموں کو پورا کرکے اگلے ۴؍ تا ۵؍ دنوں میں عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ واضح رہےکہ پہلے وکھرولی ریلوے اسٹیشن کے قریب ہی ریلوے پھاٹک تھا جس سے بڑی تعداد میں ٹریفک اور راہگیر گزرتے تھے، اسی پھاٹک پر کئی حادثات ہوتے رہے ہیں جنہیں روکنے کیلئے ریلوے پھاٹک بند کر کے بی ایم سی اور ریلوے کے اشتراک سے فلائی اوور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:عید قرباں میں احتیاط ضروری

یکم جون کوبی ایم سی کے چیف انجینئر (بریج) اتم شروٹے سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے نمائندہ ٔ انقلاب کو بتایا کہ ’’فلائی اوور کی تعمیر کا کام ۳۱؍ مئی تک مکمل کر لیاگیا ہے لیکن تزئین کاری، ٹریفک آئی لینڈ، ٹریفک سگنل، پینٹنگ اور روٹ پلاننگ کا کام وقت سے پہلےبارش آنے کے سبب نہیں ہو سکا۔ یہ کام ۴؍ تا ۵؍ دن میں مکمل کر لیاجائے گا اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر بریج کو جلد ہی ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ 
 ایڈیشنل میونسپل کمشنر(پروجیکٹس) ابھیجیت بانگر کے بقول یہ پل وکھرولی کے مغرب میں لال بہادر شاستری مارگ اور مشرقی علاقے میں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کو جوڑے گا۔ اس سے سفر کے وقت میں تقریباً۳۰؍ منٹ کی بچت ہوگی۔ وکھرولی ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے لائن پر بنائے گئے پل کی کل چوڑائی ۱۲؍ میٹر اور لمبائی۶۱۵؍میٹر ہے۔ ان میں سے ۵۶۵؍میٹر بی ایم سی نے اس کے علاوہ باقی۵۰؍میٹر لمبائی کی تعمیر ریلوے نے کی ہے۔ 
 وکھرولی ریلوے اسٹیشن کے اوپر سے گزرنے والے فلائی اوور کے حصے میں پیدل چلنے کا حصہ تو بنایاگیا ہے لیکن اس سے اترنے اور چڑھنے کےلئے ابھی کوئی سیڑھی نہیں بنائی گئی ہے جس سے یہ سوال برقرار ہے کہ راہگیر اس پل کا استعمال کیسے کریں گے ؟ اس تعلق سے چیف انجینئر نے کہا کہ یہ ریلوےانتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK