• Sat, 22 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ووٹروں کی تعداد میں اضافہ

Updated: November 22, 2025, 2:06 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

اس بار الیکشن میں ۶؍لاکھ۶۹؍ہزار۳۳؍ شہری حق رائے دہی کا استعمال کریںگے،انتخابی سرگرمیاں تیز۔

Bhiwandi Nizampur City Municipal Corporation building. Photo: INN
بھیونڈی نظامپور شہرمیونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر:آئی این این
بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے  ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ جاری کیا گیا، جس میں اس بار ووٹروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کُل۶؍لاکھ ۶۹؍ہزار ۳۳؍ شہری اس انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔
ڈرافٹ لسٹ کے مطابق۳؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار۶۲۳؍  مرد ووٹرز، ۲؍لاکھ ۸۸؍ہزار ۹۷؍ خواتین ووٹر جبکہ ۳۱۱؍دیگر جنس سے تعلق رکھنے والے ووٹرز درج ہیں۔ اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ بتاتا ہے کہ گزشتہ میونسپل عام انتخابات/ جو ۲۰۱۷ء میں منعقد ہوئے تھے، اس وقت ووٹرز کی کل تعداد ۴؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار۲۵۳؍ تھی۔ یعنی ۸؍ برسوں میں ایک  لاکھ ۸۹؍ ہزار ۷۸۰؍ ووٹروں کا اضافہ ہوا ہے، جو شہر کی بڑھتی آبادی، نئے رہائشی علاقوں کی ترقی اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کے پہلی مرتبہ ووٹر فہرست میں شامل ہونے کی دلیل ہے۔ 
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ میں یہ اضافہ آئندہ انتخابات کو مزید دلچسپ بنا دے گا۔ شہر میں مختلف سیاسی جماعتوں نے پہلے ہی اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ گلی، محلوں ،گھروں، سوسائٹیوں اور بستیوں میں رابطہ مہم کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ نئے ووٹروں تک رسائی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔انتخابی عمل سے جڑے افسران کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ لسٹ پر شہری اعتراضات و تصحیح کیلئے مقررہ مدت۲۷؍نومبر تک درخواستیں دے سکتے ہیں، جس کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے نام، پتہ اور دیگر تفصیلات کو ایک بار ضرور جانچ لیں تاکہ پولنگ کے دن کسی طرح کی دشواری پیش نہ آئے۔بھیونڈی کے شہریوں میں اس اعلان کے بعد انتخابی ماحول مزید گرم ہو گیا ہے اور لوگ اپنے علاقوں میں سیاسی ہلچل اور ممکنہ امیدواروں کے بارے میں چہ مگوئیاں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ بھی امید کی جا رہی ہے کہ ووٹروں میں اضافہ ٹرن آؤٹ میں بھی بہتری کا سبب بنے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK