• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست بھرکی نچلی عدالتوں کے ملازمین کی غیرمعینہ مدت ہڑتال

Updated: November 18, 2026, 3:37 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

۳۴؍ ہزار ملازمین کی جانب سے بامبے ہائی کورٹ کے ملازمین کے مساوی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ۔

Employees of lower courts are seen staging a sit-in to press for their demands. Photo: Inqilab
نچلی عدالتوں کے ملازمین اپنے مطالبات کیلئے دھرنے پر بیٹھے نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

برسوں سے تنخواہوں سے متعلق مطالبات   زیر التوا ہونے اور بارہا اپیلوں کے باوجود بامبے ہائی کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں کے مساوی تنخواہ نہ کرنے پر بالآخر ریاست بھر کی نچلی عدالتوں کے ہزاروں ملازمین نے منگل کو کام نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بے مدت ہڑتال کردی  ۔اس ہڑتال کے دوران ایک بار پھر انہوں نے مطالبات کو دہراتے ہوئے تنخواہیں  بڑھانے کا مطالبہ کیا اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں مکمل طورپر کام بند کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ شہر و مضافات کے علاوہ ریاست بھر کی نچلی عدالتوں کے تقریباً ۳۴؍ ہزار ملازمین اس ہڑتال  میں شامل ہوئے۔ احتجاج کے دوران ملازمین نے بتایا کہ ۱۶؍ ستمبر سے تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن ریاستی حکومت ہمارے مطالبات کو نظر انداز کرتی آرہی ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ ریاستی حکومت نے تنخواہوں کے تعلق سے کئے گئے مطالبات پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایاہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بامبے ہائی کورٹ کے ملازمین کو۲۰۰۶ءسے تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ماتحت عدالتوں کے ملازمین کو اب بھی نظر انداز کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۲؍ کروڑ سے زائد ووٹروں کا نام لسٹ میں دوبارہ شامل کرنے کا عمل معلق

ملازمین کی یونین کے مطابق بامبے ہائی کورٹ نے۳۱؍جنوری ۲۰۲۵ء کو ریاستی حکومت کو ماتحت عدالتوں کے ملازمین کی تنخواہوںمیں اضافہ کی سفارش کرتے ہوئے ایک تجویز بھی بھیجی تھی لیکن حکومت نے۲۱؍ ماہ کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔یونین کے بقول یہ غیر معینہ مدت ہڑتال گزشتہ دو مہینوں میںکئے گئے احتجاجی اقدامات کا تسلسل ہے۔ 

اس سے قبل ملازمین نے ستمبر اور اکتوبر میں کالا فیتہ باندھ کر احتجاج کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کی اپیل کی تھی ۔یہی نہیں اس سلسلہ میں عدالت کے سبکدوش ملازمین نے بھی ضلعی کلکٹر کے باہر یکروزہ احتجاج کیاتھا۔ اس کے علاوہ یونینوںنےحکومت کو ۵؍ نومبر کو اجتماعی چھٹی کی عرضی دی تھی ۔ تاہم بامبے ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکیولر سے پیدا ہونے والے تکنیکی خدشات کی وجہ سےعرضی واپس لے لی گئی تھی ۔ملازمین نے کہا کہ اب جب تک بامبے ہائی کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں کے مساوی ہماری تنخواہیں کرنے کا یقین نہیں دلایا جاتا ، غیر معینہ مدت ہڑتال جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK