اس کی وجہ انومریشن فارم کی عدم دستیابی بتائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلان کے باوجودنئےسرے سےووٹروں کی گنتی اور تصدیق کے اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے اب تک تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسپیشل انٹنسیو ریویژن( ایس آئی آر ) کا عمل مزید تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے۔
انومریشن فارم کی عدم دستیابی سے بی ایل او حذف شدہ ووٹروں سے رابطہ کرنے میں ناکام ہیں۔ تصویر: آئی این این
ملک گیر سطح پر احتجاج اور مطالبات کے ساتھ سپریم کورٹ سے ہزیمت اٹھانے کے بعد ووٹرلسٹ سے حذف کئے کروڑوں رائے دہندگان کے نام لسٹ میں دوبارہ شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس کے دو ہفتے بعد بھی خصوصی طورپر ممبئی اور مہاراشٹر میں ۲؍ کروڑ۶؍لاکھ ووٹروں کےنام ووٹر لسٹ میں دوبارہ شامل کرنے کیلئے انومریشن فارم تیار کرنے کا عمل شروع ہی نہیں ہوسکا ہے۔یہی نہیںدوسری طرف نئے سرے سے ووٹروں کی گنتی اور تصدیق کے اس عمل کوپورا کرنے کی کوئی آخری تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔اس پر ایک طرف متعلقہ افسران نے۳۰؍ نومبرتک اسپیشل انٹنسیو ریویژن (ایس آئی آر ) مکمل ہونے کے عمل میں مزید تاخیر ہونے کا امکان ظاہر کیا ہےتو دوسری طرف الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ۳۰؍ نومبر کو ایس آئی آر کی فائنل لسٹ جاری کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی اور مہاراشٹر میں حذف کئے گئے ۲؍ کروڑ ۶؍لاکھ رائے دہندگان میں سے ۴؍ لاکھ ۷۵؍ ووٹروں کو غیر حاضر، ۷؍لاکھ ۷۶؍ ہزارکو مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل شدہ، ۸؍لاکھ ۳۴؍ ہزار کو فوت اور ۶؍لاکھ ۱۷؍ ہزار ووٹروں کو ایک سے زائد پولنگ بوتھ پر نام درج ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ۲؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار ۳۹۰؍ ووٹروں کو دیگر زمرے میں رکھا گیا ہے ۔اطلاع کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا نے غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ اور ڈپلیکیٹ زمروں میں شامل رائے دہندگان کو ووٹر لسٹ میں دوبارہ شامل کرنے کیلئے نیو انومریشن فارم تیار کئے جانے اور انہیں وہاٹس ایپ، ایس ایم ایس یا فون کال کے ذریعے متعلقہ ووٹروں تک پہنچانے یا پھر بوتھ لیول آفیسرکو رائے دہندگان کے گھروں پر جاکر یہ فارم فراہم کرنے کا فرمان جاری کیا گیاہے ۔تاہم شہری اور ریاستی سطح پر مذکورہ انومریشن فارم دستیاب نہیں کرائے گئے ہیں ۔وہیں فارم کی عدم دستیابی کے باعث حلقہ انتخاب کی سطح پر بوتھ لیول آفیسرس اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس حذف کئےگئے ووٹروں سے رابطہ کرنے میں ناکام ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شہزادہ ولیم ’۲۰۲۶ءارتھ شاٹ ایوارڈ‘ کی تقریب میں شریک ہوئے
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ جن ووٹروں نے اپنی رہائش تبدیل نہیںکی ہے،انہیں انیکشر- بی پُر کرنا ہوگا جبکہ جن ووٹروں نے اپنا مقام تبدیل کرلیا ہے، انہیں انیکشر- سی میں اپنا نیا پتہ فراہم کرنا ہوگا۔یہ بھی واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر میں ایس آئی آر کے دوران ووٹروں کے نام حذف کئے جانےپر دائرعرضداشتوں پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن سے جاننا چاہا تھا کہ کیا ووٹروں کو ایک اور موقع دیا جاسکتا ہےاور دوبارہ نام شامل کئے جاسکتے ہیں؟ اس پر الیکشن کمیشن نےدوبارہ ناموں کو درج کرنے کا یقین دلایا تھا ۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے ۶؍ نومبر کو سرکیولر جاری کرتے ہوئے مذکورہ عمل کو پورا کرنے کی ہدایت دی تھی۔
متعلقہ افسران نے کیا کہا؟
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ہدایات پر متعلقہ محکمہ کے افسران کا کہنا ہے کہ’’ ایس آئی آر ریکارڈ سے متعلق معلومات کی عدم مطابقت اور میپنگ نہ ہونے کے معاملے میںایک کروڑ ۲۲؍ لاکھ ووٹروں کو نوٹس جاری کیا گیا تھا اوران میں سے ۴۱ء۹۹؍ فیصد ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں میں دوبارہ شامل کرلئے گئے ہیں لیکن دیگر زمروں میں شامل رائے دہندگان کو دوبارہ شامل کرنے کیلئے انو مریشن فارم کی عدم دستیابی کے سبب ۳۰؍ نومبرکودوبارہ درج کئے جانے والے ناموں کی جو فہرستیں شائع کرنے کا حکم دیا ہے، وہ ممکنہ طور پر مقررہ تاریخ میں شائع نہیں ہوسکے گا ۔‘‘ اس کے علاوہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ووٹروں کے نام دوبارہ انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے دعویٰ کے مطابق ۳۰؍ نومبر کو ممبئی اور مہاراشٹر کے تمام حذف شدہ ووٹروں کوشامل کرکے فہرست دوبارہ جاری کی جائے گی یا نہیں۔