Inquilab Logo

پرانی پنشن کیلئے تحصیلدار آفس کے ملازمین کی بے مدت ہڑتال

Updated: December 15, 2023, 9:33 AM IST | Wasim Patel | Mumbai

پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے اور دیگر مطالبات منوانے کیلئے پنویل تحصیلدار کے ملازمین نے جمعرات کو بے مدت ہڑتال کردی۔

Employees protesting for old pension scheme and other demands. Photo: Inquilab
ملازمین پرانی پنشن اسکیم اوردیگر مطالبات کیلئے احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

پرانی پنشن اسکیم   نافذ کرنے اور دیگر مطالبات منوانے کیلئے پنویل تحصیلدار کے  ملازمین نے جمعرات کو بے مدت ہڑتال کردی۔ مظاہرین نے ’این پی ایس ہٹاؤ، او پی ایس نافذ کرو‘، ’ پرانی  پنشن اسکیم ملنی ہی چاہئے‘ جیسے نعرے لگائے گئے۔ اس کے علاوہ نئے عہدے کیلئے بھرتی میں نجکاری بند کرنے ،پی ایف آر ڈی اے قانون رد کرنے جیسے مطالبات ملازمین کے لیڈروں نے کئے۔ اس موقع پر تحصیلدار  آفس کے ملازمین نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہڑتال میں حصہ لیا۔ انہوں نے مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا عزم کیا۔ ملازمین کی ہڑتال سےشہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی سماجی کارکن زبیر پٹو نے بتایا کہ دور دراز  سے لوگ  ضروری کام سے یہاں پر آئے تھے، بہت سے لوگوں کو ہڑتا ل کا علم نہیں تھا جس سے انہیں کافی پریشانی ہوئی ۔ مجھے خود ایک اہم سرٹیفکیٹ درکار تھا لیکن میرا کام نہیں ہوا۔ اسی طرح  پنویل کے قریب ایک گاؤں سے آنے والے نلیش نے کہا کہ مجھے میری بیٹی کے کالج کیلئے انکم سرٹیفکیٹ کی ضرورت تھی جس سے اسے فیس  میں چھوٹ مل جاتی۔ اسے یہ سرٹیفکیٹ کسی بھی حالت میں آئندہ پیر تک جمع کرنا ہے لیکن اس ہڑتال سے یہ ممکن نہیں ہے۔ مدثر پٹیل نامی شخص نے بتایا کہ یہاں پر  پنویل اور اطراف سے ہر روز سیکڑوں لوگ ضروری کام سے آتے ہیں۔ اس طرح انہیں پریشان کر کے اپنے مطالبات منوانا مناسب نہیں ہے۔ تحصیلدارآفس آنے والے لوگوں میں ہڑتال کرنے والے  ملازمین کے تئیں  ناراضگی پائی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK