Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مجاہدین آزادی سے انصاف کیلئے کام کرنے کا سبق ملتا ہے‘‘

Updated: August 15, 2026, 3:49 PM IST | Nadeem Asran / Iqbal Ansari | Mumbai

یوم آزادی پر انقلاب سے بات چیت کے دوران چند جین الفا اور جین زی کے تاثرات۔ انہوںنے اپنے حقوق اور شفاف تعلیمی نظام کو نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ملک بھر میں آج یوم آزادی کا جشن منایا جارہاہے۔ اس موقع انقلاب نے چند جین الفا اور جین زی سے بات چیت کی اور ان سے دو سوال پوچھے :آپ نے مجاہدین آزادی کے بارے میں کیا سنا یاپڑھا؟ اور اُن سے کون سی ایسی بات سنی /پڑھی جسے آپ روزانہ مرہ زندگی میں عمل میں لاتے ہیں؟ ان سوالات کے جوابات دیتے ہوئے جین الفا اور جین زی نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی زندگی ہمیں سچائی، محنت، ہمت، تعلیم، اتحاد اور انسانیت کو ہمیشہ اپنی زندگی میں جگہ دینا سکھاتی ہے۔ اگر ہم اپنی روزانہ کی زندگی میں ایمانداری سے اپنے فرائض ادا کریں، دوسروں کی عزت کریں اور اپنے ملک کی ترقی کیلئے اچھا کام کریں، تو یہی ہمارے مجاہدینِ آزادی کیلئے سب سے بہترین خراجِ عقیدت ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: دریائے رائن کی سطح آب میں کمی، مال بردار جہازوں کی آمدورفت ٹھپ پڑ سکتی ہے

’’میں عوام کی بھلائی کیلئے ضرورکام کروں گی‘‘

انجمن اسلام مصطفیٰ فقیہ جونیئر کالج (تربھے )کی بارہویں (سائنس)کی طالبہ زینت خان(۱۷) سے رابطہ قائم کرنے کہاکہ سبھی مجاہد آزادی میں ایک خوبی یہ تھی کہ وہ عوام کو ظلم وجبر سے نجات دلانے اور عوام کی بھلائی کیلئے کام کر تے تھے۔میں عوام کی بھلائی کیلئے ضرور کام کروں گی۔

مشکل حالات میں بھی ہمت نہیں ہارنی چاہئے

کالسیکر ڈگری کالج(کوسہ،ممبرا)کی طالبہ انصاری مشیرہ وسیم (۲۰) نے بتایا کہ ’’مجاہدینِ آزادی نے ملک کی آزادی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں اور مشکل حالات میں بھی ہمت، اتحاد اور وطن سے محبت کا دامن نہیں چھوڑا۔ میرے خیال میں مجاہدینِ آزادی کی سب سے بڑی میراث یہی ہے کہ ہم آزادی کی قدر کریں، اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔‘‘

مجاہد آزادی اشفاق اللہ خان سے وفاداری سیکھی ہے

بھیونڈی میں رہنےو الے عبدالرشید خان (۲۸)(میکینکل انجینئر) نےبتایا کہ ’’ اشفاق اللہ خان کی شخصیت مجھے خاص طور پر متاثر کرتی ہے۔ان کی قربانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ حالات کتنے ہی مشکل ہوں، وفاداری اور اپنے اصولوں کو نہیں چھوڑنا چاہئے۔‘‘

 برابری اور انصاف کیلئے کام کرنے کا سبق ملتا ہے

گوونڈی میں ایک اسکول کی ٹیچر شیخ ثانیہ صدف (۲۴) نے بتایا کہ ’’مجھے اشفاق اللہ خان کی زندگی بہت متاثر کرتی ہے۔  اپنے مقصد کیلئے ایمانداری، ہمت اور ثابت قدمی کے ساتھ کوشش کرنی چاہئے۔صبر اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے۔

آزادی کا مطلب صرف پرچم کشائی نہیں

ارحان ندیم خان (۲۰)میٹھی بائی کالج میںبیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن(بی بی اے)کے آخری سال کے طالب علم ہیں۔ان کا کہناتھاکہ’’حکومت ہمیں حق سےمحروم کرے تو  ہمیں یہ حق حاصل ہے کہ ہم نہ صرف حکومت سے سوال کریں بلکہ اقتدار سے دستبردار کرنے کا بھی مطالبہ کریں ۔‘‘

خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے

مالیگاؤں میں مقیم مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں میکانیکل انجینئرنگ کے تیسرے سال میں زیر تعلیم سعد شہزاد انصاری (۲۰) کے بقول ’’۱۹۴۷ء میں آزاد ہونے والے ہمارے ملک کیلئے اپنی جان قربانیاں دینے والے مجاہد ین آزادی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے  ۔‘‘

بلا تفریق مذہب و ملت سب کوساتھ لے کر ملک کی ترقی کا سبق ملتا ہے

اس سلسلےمیں شانو سلمانی(ممبرا) نے کہا کہ ’’ملک کے مجاہدین آزادی سے ہمیں یہی سبق ملتا ہےکہ جس طرح انہوں نے ملک کوآزاد کرانے کیلئے بلا تفریق مذہب و ملت سب کو ساتھ لیا تھا اسی طرح آج کے دوران میں بھی ہم سب کو ساتھ میں مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK