ریاستوں کیلئے مرکز نے ایڈوائزری جاری کی، ایسی کسی بھی بیماری سےنمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔
EPAPER
Updated: November 27, 2023, 9:49 AM IST | Agency | New Delhi
ریاستوں کیلئے مرکز نے ایڈوائزری جاری کی، ایسی کسی بھی بیماری سےنمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔
چین میں سانس کی بیماری میں اضافے اوراس کے وباکی شکل اختیار کرنے کے اندیشوں کے بیچ ہندوستان میں مرکزی حکومت نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایڈوائزری جاری کی ہے۔ انہیں حفظ ماتقدم ایسی کسی بھی بیماری سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوامی نظام صحت کو چاق وچوبند بنائیں تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ تنفس سے متعلق بیماریوں سے نمٹنے کا اہل ہو۔
اس کے ساتھ ہی مذکورہ ایڈوائزری میں کہاگیاہے کہ ہندوستان پڑوسی ملک کی طبی صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے، ’فی الحال فکرمند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘مرکزی وزارت داخلہ کے سیکریٹری کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ میڈیکل انفرااسٹرکچر پر توجہ دیں ، اسپتالوں میں بستر، دواؤں ، انفلوئنزا کے ٹیکوں ، آکسیجن کی فراہمی ، اینٹی بائیوٹکس کی دستیابی، طبی ٹیسٹ کے لوازمات اور طبی عملے کیلئے حفاظتی کپڑوں کی دسیتابی کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی آکسیجن پیدا کرنے والے پلانٹس، وینٹی لیٹرس اور اسپتالوں میں انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کی تدابیر کو مستحکم کرنے کا مشورہ دیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ چین میں نمونیا جیسے سانس لینے میں تکلیف کے معاملوں میں گزشتہ چند دنوں میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے۔