دورۂ روس:وزیراعظم مودی اور صدر پوتن کی ملاقات، یوکرین روس جنگ ،باہمی تعلقات کی مضبوطی سمیت کئی اہم موضوعات پر گفتگو، ۲؍نئےقونصل خانے کھولنے کا بھی اعلان۔
EPAPER
Updated: July 10, 2024, 1:13 PM IST | Agency | Moscow
دورۂ روس:وزیراعظم مودی اور صدر پوتن کی ملاقات، یوکرین روس جنگ ،باہمی تعلقات کی مضبوطی سمیت کئی اہم موضوعات پر گفتگو، ۲؍نئےقونصل خانے کھولنے کا بھی اعلان۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان منگل کو دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ اس دوران دونوں لیڈران نے جنگ، دہشت گردی اور امن کی بحالی پر کھل تبادلۂ خیال کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ہندوستان امن کی بحالی کے لئے ہر طرح سے تعاون کو تیار ہے۔ مودی نے کہاکہ وہ عالمی برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ ہندوستان امن کے حق میں ہے۔ کل میرے دوست پوتن کو امن کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنا، اس سے مجھے امید بڑھی ہے۔ ایک دوست کی حیثیت سے میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ امن ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لئے انتہائی ضروری ہے لیکن میں یہ بھی جانتا ہوں کہ میدان جنگ میں اس کا حل ممکن نہیں ہے۔ امن مذاکرات بموں، بندوقوں اور گولیوں سے کامیاب نہیں ہوتے۔ ہمیں باہمی بات چیت کے ذریعے ہی امن کے راستے پر چلنا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ چاہے وہ جنگ ہو یا دہشت گردانہ حملہ، جب کسی بھی انسان کی جان چلی جاتی ہے تو دکھ ہوتا ہے، لیکن معصوم بچے مارے جاتے ہیں ... انہیں مرتے ہوئے دیکھ کر ہمیں زیادہ دکھ ہوتا ہے، یہ دل دہلا دینے والا ہے۔
وزیراعظم مودی کو روس کے اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا گیا
وزیراعظم نریندر مودی کوروس کے صدر ولادیمیر پوتن کے ہاتھوں منگل کو روس کے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز’آرڈر آف سینٹ اینڈریوز دی اپوسٹل‘ سے نوازا گیا۔ قبل ازیں دونوں ہی سربراہان مملکت کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔ جس میں ہندروس تعلقات کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم مودی نے پوتن کیساتھ بات چیت میں ہندوستانی افراد کے روسی فوج میں شامل ہونے کا مسئلہ اٹھایا اور ان سے گزارش کی کہ جتنے ہندوستانی روسی فوج میں شامل کئے گئے ہیں انہیں ہندوستان بھیجا جائے۔ قبل ازیں صدر پوتن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ماسکو کے باہر ایک رہائش گاہ پردعوت دی تھی، اس موقع پر ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہونے پرپوتن نے مودی کو مبارکباد دی تھی۔
ہندوستان کی شرح نمو اور عالمی ترقی میں اضافہ ہوگا: مودی
منگل کو وزیراعظم مودی نے روسی دارالحکومت ماسکو کے کارلٹن ہوٹل میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر کی شروعات میں کہا کہ ’’میں یہاں اکیلا نہیں آیا ہوں، بلکہ اپنے ساتھ ہندوستان کی مٹی کی خوشبو لے کر آیا ہوں۔ میں اپنے ساتھ۱۴۰؍ کروڑ ہم وطنوں کی محبت لے کر آیا ہوں۔ ‘‘وزیراعظم نے آگے کہا کہ گزشتہ۱۰؍ برسوں میں یہ روس کا میرا چھٹا دورہ ہے اور ہم (دونوں لیڈران) گزشتہ ایک دہائی میں ۱۷؍ بار مل چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے ہندوستان اور روس کے درمیان تعلقات پر صدر پوتن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوتن نے دو دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے تک اس شراکت داری کو مضبوط بنانے میں بہت اچھا کام کیا ہے۔ ہندوستانی تارکین وطن کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ ہندوستان اور روس عالمی خوشحالی کو نئی توانائی دینے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہاں موجود آپ سبھی ہندوستان اور روس کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ نے اپنی محنت اور ایمانداری سے روسی معاشرے میں اعتماد پیدا کیا ہے اور اپنا حصہ ڈالا ہے۔ ‘‘ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کی ترقی کے سفر میں روس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان آنیوالے ۱۰؍ سال میں اور بھی تیز رفتار سے ترقی کرنے والا ہے اور عالمی ترقی میں ہندوستان کا حصہ۱۵؍ فیصد سے بہت زیادہ ہوگا۔ روس کے اپنے دورے کے دوسرے دن انہوں نے اس پروگرام میں سب سے پہلے ہندوستان کے ترقی کے سفر کا تذکرہ کیا اور ہندوستان اور روس کے منفرد تعلقات کی خصوصیت اور ملک کی ترقی میں روس کے تعاون اور مستقبل کے کردار کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے جنگی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں `نامعلوم فوجی کے مقبرے پر خراج عقیدت پیش کیا اور صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ وی ڈی این کے ایچ میں روساٹام پویلین کا دورہ کیا۔ مودی نے ماسکو میں کریملن کی دیوار پر واقع جنگی یادگار `نامعلوم فوجی کے مزار پر پھول چڑھائے۔ یہ یادگار سوویت فوجیوں کیلئے وقف ہے جنہوں نے دوسری جنگ عظیم میں اپنی جانیں قربان کیں۔ اس کے بعد وزیر اعظم، صدر پوتن کے ساتھ آل رشین ایگزیبیشن سنٹر وی ڈی این کے ایچ گئے۔ دونوں سربراہان مملکت نے وی ڈی این کے ایچ میں روساٹام پویلین کا دورہ کیا۔ روساٹام پویلین، جس کا افتتاح نومبر۲۰۲۳ء میں ہوا، سائنسی اور تکنیکی ترقی کی تاریخ کی سب سے بڑی نمائشوں میں سے ایک ہے۔ وزیر اعظم نے سول نیوکلیئر توانائی کے شعبے میں ہندوستان-روس تعاون کے لیے وقف تصویری نمائش دیکھی۔ وزیر اعظم کو `نیوکلیئر سمفنی بھی دکھایا گیا، جو وی وی ای آر۱۰۰۰؍ ری ایکٹر کا ایک مستقل کام کرنے والا ماڈل ہے جو کہ ہندوستان میں کڈانکولم نیوکلیئر پاور پلانٹ (کے کے این پی پی) کا دل ہے۔ وزیر اعظم نے پویلین میں ہندوستانی اور روسی طلباء کے ایک گروپ سے بھی بات چیت کی۔
روس میں ۲؍نئے قونصل خانے کھولنے کا اعلان
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو روس میں کازان اور یکاترین برگ میں ۲؍ نئے ہندوستانی قونصل خانے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔