Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان میں دنیا کی پہلی ڈینگی ویکسین ’’QDENGA‘‘ کی تیاری کی منظوری

Updated: August 02, 2026, 5:04 PM IST | New Delhi

ہندوستان نے ڈینگی کے خلاف ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے دنیا کی پہلی وسیع پیمانے پر منظور شدہ ڈینگی ویکسین’’QDENGA‘‘ (کیوڈینگا)کی مقامی تیاری کی منظوری دے دی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ فیصلہ ڈینگی سے نمٹنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

Qdenga.PhotoI:INN
کیوڈینگا۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان نے ڈینگی کے خلاف ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے دنیا کی پہلی وسیع پیمانے پر منظور شدہ ڈینگی ویکسین’’QDENGA‘‘ (کیوڈینگا)کی مقامی تیاری کی منظوری دے دی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ فیصلہ ڈینگی سے نمٹنے کی سمت ایک اہم قدم ہے، تاہم ویکسین عام لوگوں کو فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے:’’فلم چار دیواری انسان کے نفسیاتی پہلوؤں کو ظاہر کرتی ہے‘‘


ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی)  نے حیدرآباد کی ایک دوا ساز کمپنی کو جاپان میں تیار کی گئی ’’QDENGA‘‘ ویکسین کی ہندوستان میں تیاری کی اجازت دی ہے۔ اگرچہ اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کو عوام تک پہنچنے میں ابھی کافی وقت لگے گا۔ڈینگی ویکسین کو عوامی سطح پر متعارف کرانے سے پہلے بڑے پیمانے پر پیداوار، قیمتوں کا تعین، خریداری، تقسیم، مستحق افراد کی نشاندہی، صحت کے عملے کی تربیت اور قومی و ریاستی ویکسینیشن پروگرام میں شامل کرنے جیسے کئی مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔ ممبئی کے نائر اسپتال  کے ڈین ڈاکٹر شیلیش موہتے کے مطابقہندوستان جیسے بڑے ملک میں کسی نئی ویکسین کو متعارف کرانا ایک طویل اور منظم عمل ہے۔
عوام کو کب ملے گی؟
کاما اینڈ البیس اسپتال  کے نائب ڈین ڈاکٹر تشار پلاوے کا کہنا ہے کہ فی الحال صرف ویکسین کی تیاری کی اجازت ملی ہے جبکہ پیداوار، تقسیم اور سرکاری خریداری کے مراحل مکمل ہونے میں کم از کم ایک سال لگ سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ ویکسین اس وقت جاپان سے درآمد بھی نہیں کی جا رہی، اس لیے نجی اسپتالوں میں بھی یہ جلد دستیاب نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق عوام کو غالب امکان ہے کہ اگلے سال مانسون کے موسم سے پہلے یہ ویکسین دستیاب نہیں ہوگی۔ 
دنیا بھر میں استعمال
’’QDENGA‘‘ کو اب تک ۴۳؍ ممالک میں استعمال کی منظوری مل چکی ہے جبکہ ۲۰۲۲ء سے اب تک تقریباً۳؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ  افراد کو یہ ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ کئی ممالک نے اسے اپنے قومی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں بھی شامل کیا ہے۔
کیا ویکسین مکمل تحفظ فراہم کرتی ہے؟
 ماہرین کے مطابق’’ QDENGA‘‘ ڈینگی سے سو فیصد تحفظ نہیں دیتی بلکہ یہ جسم کی قوتِ مدافعت بڑھاتی ہے۔ یہ  دو خوراکوں  پر مشتمل  لائیو ایٹینیویٹڈ ٹیٹرا ویلنٹ ویکسین  ہے  جو ڈینگی وائرس کی چاروں اقسام کے خلاف مدافعت پیدا کرتی ہے۔ اگر ویکسین لگوانے کے باوجود کسی شخص کو ڈینگی ہو جائے تو بیماری کی شدت کم رہنے، اسپتال میں داخلے کی ضرورت گھٹنے اور اموات میں کمی کا امکان ہوتا ہے۔
ڈینگی کی صورتحال
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او)(WHO) کے مطابق دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے ڈینگی کے تقریباً ایک تہائی کیسز ہندوستان میں سامنے آتے ہیں۔نیشنل سینٹر فار ویکٹر بورن ڈیزیز کنٹرول کے اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۲۶ء میں اب تک ہندوستان میں۶۹۲۷؍  ڈینگی کیسز اور۱۰؍ اموات  ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:’’ہم ہتھیار کسی کے سپرد نہیں کریں گے، انہیں محفوظ رکھیں گے‘‘


بی ایم سی کا مؤقف
 ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )(BMC) کی ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دکشا شاہ کا کہنا ہے کہ ’’QDENGA‘‘ ڈینگی سے بچاؤ کی حکمت عملی میں ایک اہم اضافہ ہے، لیکن اسے واحد حل نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق مؤثر مچھر کنٹرول، بروقت تشخیص، عوامی آگاہی اور کمیونٹی کی شمولیت کے ساتھ مل کر ہی یہ ویکسین زیادہ مؤثر ثابت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK