• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

COP31: اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیوغطریس کا الوداعی خطاب ، ہنگامی ماحولیاتی اقدامات کا مطالبہ

Updated: November 14, 2026, 8:12 PM IST | Antalya

COP31 کے اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیوغطریس نے اپنے طویل دوراقتدار کی آخری پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سبکدوش ہو رہے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس خطاب میں بالخصوص دنیا بھر میں چل رہے ماحولیاتی بحران پر سب کی توجہ مرکوز کی اور اس کے متعلق ہنگامی طور پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

انتونیو غطریس نے COP31میں اپنی آخری پریس کانفرنس کے دوران بطور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل اپنے تقریباً ایک دہائی پر محیط دورِ اقتدار کا جذباتی انداز میں جائزہ لیا، جو اگلے ماہ ختم ہونے جا رہا ہے۔ تالیوں کی گونج کو عاجزی سے روکتے ہوئے، گوتریس نے ماحولیاتی بحران کے معاملے پر خود کو ایک عاجز مگر مستقل مزاج سچ بولنے والا قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں سچ بولنے کی کوشش کی ہے۔ بعض اوقات وہ سچ ناگوار رہا ہے۔ بعض اوقات اسے ناپسند کیا گیا ہے۔ لیکن میری ذمہ داری کبھی یہ نہیں رہی کہ حقائق کو دوسروں کی سہولت کے مطابق ڈھالوں، بلکہ میری ذمہ داری سائنس پر مبنی سچ بتانا رہی ہےاور خاص طور پر اس وقت واضح بات کرنا جب سچ کڑوا ہو۔‘‘گوتریس نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ماحولیاتی بحران خطرناک حد تک قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے، جسے روکنے کیلئے ممالک کو ہر محاذ پر اپنی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کے دور میں موسمیاتی تبدیلی ’’اقوامِ متحدہ کے ہر کام کا مرکزی حصہ‘‘ بن گئی ہے، جو تنازعات سے لے کر غربت میں کمی تک ہر چیز پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’انطالیہ سے رخصت ہوتے ہوئے میرا پیغام سادہ ہے، حقائق کا سامنا کریں۔ سائنس کی پیروی کریں۔ مستقبل کا انتخاب کریںاور کبھی ہمت نہ ہاریں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ: خیمہ میں ۹؍ ماہ کا ’کنعان‘ سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق

پریس کانفرنس کے دوران، گوتریس نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے، جن میں فیونا ہاروی کا ایک سوال بھی شامل تھا، جنہوں نے پوچھا کہ کیا انہیں ماحولیاتی اقدامات کیلئے کھل کر آواز اٹھانے پر کوئی پچھتاوا ہے؟ انہوں نے جواب دیا، ’’میں اسے بے باک یا حد سے زیادہ بولنا نہیں سمجھتا، میں بس وہی کہتا ہوں جو سچ ہے۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے عوام، سول سوسائٹی، حکومتوں اور اداروں میں ماحولیاتی بحران کے خطرات کے حوالے سے بڑھتی ہوئی آگاہی پر جذباتی انداز میں بات کی۔ انہوں نے کہا، ’’عوامی رائے، سول سوسائٹی اور متعدد حکومتوں و اداروں کے عزم میں یہ احساس اور ضمیر بیدار ہو رہا ہے کہ ہم اب بھی تباہی کے راستے پر گامزن ہیں اور یہ شعور بھی بڑھ رہا ہے کہ میں جو کچھ کہتا ہوں وہ محض لفاظی نہیں، بلکہ ایک انتہائی سادہ اور واضح حقیقت بیان کرنا ہے۔‘‘ اپنی الوداعی تقریر میں گوتریس نے ایک اور سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا، ’’آپ جلتے ہوئے سیارے پر امن قائم نہیں کر سکتے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کیلیفورنیا: فلسطینی نژاد امریکی طالب علم کا اسکول پر مقدمہ، استاد پر ’دہشت گرد‘ کہنے کا الزام

سبکدوش ہورہے اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے اپنے دورِ اقتدار میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے ماحولیاتی سائنس کے تقاضوں اور سیاسی لیڈروں کے اقدامات کے درمیان موجود بڑی خلا ء کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا، ’’آپ جلتے ہوئے سیارے پر امن قائم نہیں کر سکتے۔ جب ماحولیاتی آفات لوگوں کو بار بار غربت میں دھکیل رہی ہوں تو آپ غربت کا خاتمہ نہیں کر سکتے۔ جس قدرتی نظام پر نوجوانوں کے بہتر مستقبل کا انحصار ہے، اسے تباہ کرتے ہوئے آپ ان سے بہتر مستقبل کا وعدہ نہیں کر سکتے اور جب اس بحران کو پیدا کرنے میں سب سے کم کردار ادا کرنے والے لوگ سب سے پہلے اور سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہوں، تو آپ انصاف کی سنجیدہ بات نہیں کر سکتے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: غلط، غلط ہی ہوتا ہے، چاہے کرنے والا ہم مذہب ہی کیوں نہ ہو: ظفرالعزیز

غطریس نے مشترکہ میزبان ممالک ترکی اور آسٹریلیا کی جانب سے بجلی کے استعمال کو بڑھانے کی مہم کی بھی حمایت کی، تاہم اس بات پر زور دیا کہ یہ توانائی صاف اور ماحول دوست ہونی چاہئے۔ انہوں نے فوسل فیول (قدرتی ایندھن جیسے کوئلہ، تیل اور گیس) سے چھٹکارا پانے اور جنگلات کی کٹائی روکنے کیلئے کوپ ۳۰؍ کی صدارت کے تیار کردہ لائحہ عمل کی تعریف کی۔ انہوں نے ماحولیاتی مذاکرات میں فوسل فیول لابی کے غیر متناسب اثر و رسوخ کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے سیارے کے مستقبل کا سودا ان لوگوں کی شرائط پر نہیں کیا جا سکتا جو اس کی تباہی سے منافع کما رہے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK