• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے ڈجیٹلائزیشن کے شعبے میں شاندار کام کیاہے: آئی بی ایم کے سی ای او

Updated: November 16, 2026, 7:00 PM IST | New Delhi

آئی بی ایم کے سربراہ اروند کرشنا نے ہندوستان کی ڈجیٹل ترقی اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو سراہا، کہا کہ ملک کو اے آئی کے استعمال اور عملی نفاذ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے؛ مصنوعی ذہانت سے ۲۰۳۰ء تک ہندوستانی معیشت میں ۵۰۰ ؍ارب ڈالر کا اضافہ ممکن۔

Arvind Krishna.Photo:INN
اروند کرشنا۔تصویر:آئی این این

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی آئی بی ایم (آئی بی ایم) کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیوآفیسر اروند کرشنا نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ڈجیٹلائزیشن کے شعبے میں غیر معمولی پیش رفت کی ہے اور مصنوعی ذہانت  کے عالمی نظام میں بھی ملک ایک بڑا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان نے آدھار کے ذریعے بایومیٹرک شناخت، ڈجیٹل ادائیگیوں اور تیزی سے ترقی کرتے ڈجیٹل کاروباری نظام میں جس پیمانے پر کامیابی حاصل کی ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک بڑے پیمانے پر جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے اور عوام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم مصنوعی ذہانت کے معاملے میں ہندوستان کو اپنی ترجیحات واضح کرتے ہوئے اس ٹیکنالوجی کے عملی استعمال اور مختلف شعبوں میں اس کے نفاذ کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اروند کرشنا نے پیر کو نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ باتیں کہیں۔

یہ بھی پڑھئے:جے شاہ آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ منتخب

اروند کرشنا کے مطابق ہندوستان نے ڈجیٹل ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر اپنانے میں دنیا کے سامنے ایک اہم مثال قائم کی ہے۔ آدھار کے ذریعے بایومیٹرک شناخت کا نظام، ڈجیٹل ادائیگیوں کا پھیلاؤ اور فوری تجارتی خدمات   اس ترقی کی نمایاں مثالیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی ایک ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جس میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جاسکے اور سرکاری کاموں میں اس سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ ان کے مطابق ہندوستان کے پاس ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور کاروباری صلاحیتوں کا ایسا امتزاج موجود ہے جو اسے عالمی مصنوعی ذہانت کے نظام میں زیادہ اہم مقام دلا سکتا ہے۔
آئی بی ایم کے سی ای او نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں صرف بڑے لینگویج ماڈلز تیار کرنے پر توجہ مرکوز نہیں کرنی چاہیے، بلکہ موجودہ ٹیکنالوجی کو کاروبار، صنعت، سرکاری اداروں اور روزمرہ خدمات میں مؤثر انداز سے استعمال کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنی ہوگی۔ان کے مطابق ہندوستان عالمی کمپنیوں کو ٹیکنالوجی اور خدمات فراہم کرنے کا پہلے ہی ایک بڑا مرکز ہے۔ ملک میں موجود آئی ٹی خدمات، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اور کاروباری معاونت کے وسیع نظام کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ جوڑ کر بین الاقوامی سطح پر نئی خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں۔کرشنا نے کہا کہ ہندوستانی کمپنیوں کے لیے ایک بڑا موقع یہ ہے کہ وہ دنیا بھر کے اداروں کو مصنوعی ذہانت کے نفاذ، کاروباری عمل میں تبدیلی اور جدید ڈجیٹل خدمات فراہم کریں۔ ان کے خیال میں اس شعبے میں ہندوستان اپنی موجودہ صلاحیتوں کی بنیاد پر نمایاں ترقی کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:دلجیت دوسانجھ نے راحت اندوری کا شعر سنا کر مخالفین کو جواب دیا

اروند کرشنا نے اندازہ ظاہر کیا کہ مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال سے ۲۰۳۰ ءتک ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار(جی ڈی پی ) میں تقریباً ۵۰۰؍ ارب ڈالر کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ملک میں اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی رفتار تیز کرنا ضروری ہوگا۔انہوں نے آئی بی ایم کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان میں ۹۰ فیصد سے زیادہ ادارے مصنوعی ذہانت کی صلاحیت اور اس کے ممکنہ فوائد کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ۷۵ ؍فیصد سے زیادہ اداروں نے اس ٹیکنالوجی کو عملی طور پر اپنانے کے معاملے میں ابھی بہت محدود پیش رفت کی ہے۔ان کے مطابق اس فرق کی بنیادی وجوہات میں اداروں کے ڈیٹا کی تیاری، تربیت یافتہ ماہرین کی کمی اور کاروباری طریقہ کار میں ضروری تبدیلیاں نہ کرنا شامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت سے حقیقی فائدہ اسی وقت حاصل ہوگا جب کمپنیاں اسے صرف کسی ایک شعبے یا محدود کام تک رکھنے کے بجائے اپنے پورے کاروباری نظام میں شامل کریں گی۔مصنوعی ذہانت کے ضابطوں اور حکومتی نگرانی سے متعلق سوال پر اروند کرشنا نے ہندوستانی حکومت کے محتاط اور نسبتاً نرم ضابطہ جاتی طریقہ کار کو سراہا۔ ان کے مطابق حکومت کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اختراع اور نئی ٹیکنالوجی کی ترقی کے امکانات محدود نہ ہوں۔انہوں نے یورپ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت سے زیادہ سخت ضابطے اختراع کی رفتار کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا کردار ایسا ماحول فراہم کرنا ہونا چاہیے جس میں کاروباری ادارے اور ٹیکنالوجی کمپنیاں نئی مصنوعات اور خدمات تیار کرسکیں۔کرشنا نے یہ بھی کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے مخصوص کمپنیوں یا کاروباری اداروں کو بچانے کے لیے مالی امداد دینے اور اوپر سے صنعتی پالیسی نافذ کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ ان کے خیال میں حکومت کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں مسابقت اور کاروباری جدت کو فروغ دینا چاہیے۔
آئی بی ایم کے سربراہ نے مصنوعی ذہانت کے روزگار پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بھی اہم خدشات ظاہر کیے۔ ان کے مطابق آئندہ دس برسوں میں اے آئی کے باعث دنیا بھر میں ۱۰؍ سے ۲۰ ؍فیصد ملازمتیں متاثر یا ختم ہوسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری عمل سے متعلق آؤٹ سورسنگ(بی پی او) کا شعبہ ان شعبوں میں شامل ہوسکتا ہے جہاں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ملازمتوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ تبدیلی ایک سال میں اچانک نہیں آئے گی بلکہ اگلی دہائی کے دوران بتدریج سامنے آسکتی ہے۔ اس لیے حکومتوں، کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کو ابھی سے ملازمین کی تربیت، نئی مہارتوں کی فراہمی اور بدلتے ہوئے کام کے تقاضوں کے مطابق افرادی قوت تیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔کرشنا کے مطابق مصنوعی ذہانت پروگرامنگ اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے کام کرنے کے طریقے کو بھی تبدیل کررہی ہے۔ ان کے بقول مستقبل میں پروگرامرز کا کردار صرف کوڈ لکھنے تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ وہ مصنوعی ذہانت کو ہدایات دینے، اس کے تیار کردہ کوڈ کی جانچ کرنے اور پورے نظام کی انجینئرنگ پر زیادہ توجہ دیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK