• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ پر طنز کیلئے بالی ووڈ کا سہارا لیا: ہندوستان میں ایرانی سفیر امید بابیلیان

Updated: November 16, 2026, 7:00 PM IST | New Delhi

’شعلے‘ کے ٹھاکر سے ’کرش‘ تک، دہلی میں تعینات ایرانی سفارت کار امید بابیلیان ہندوستانی فلموں، گانوں اور مکالموں سے سیاسی میم بناکر امریکی صدر کو نشانہ بنا رہے ہیں، مہم کے پیچھے تہران کی سوشل میڈیا حکمت عملی بھی کارفرما۔

Omid Babelian. Photo: X
امید بابیلیان۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر طنز کرنے کے لیے ایران نے میزائلوں اور سفارتی بیانات کے ساتھ ایک ایسا ہتھیار بھی استعمال کرنا شروع کردیا ہے جسے ہندوستانی عوام بخوبی سمجھتے ہیں: بالی ووڈ کے فلمی مناظر، گانے اور مشہور مکالمے۔ دہلی میں تعینات ایرانی سفارت کار ہندوستانی سنیما کے مقبول کرداروں کو سیاسی میم میں ڈھال کر سوشل میڈیا پر پیش کررہے ہیں۔ کبھی ٹرمپ کو عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کے مایوس کردار کے روپ میں دکھایا جاتا ہے تو کبھی رنبیر کپور کے گانے ’’اچھا چلتا ہوں، دعا میں یاد رکھنا‘‘ کے ذریعے ان پر طنز کیا جاتا ہے۔ اس مہم کے پیچھے ۳۴؍ سالہ ایرانی سفارت کار امید بابیلیان ہیں، جنہیں ہندوستانی سنیما اور ثقافت سے گہری دلچسپی ہے۔ ان کے ساتھ سفارت خانے کے پریس کونسلر مہدی اسفندیاری بھی اس کام میں تعاون کرتے ہیں۔’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق، ایران کا ایکس ان دنوں اپنے انوکھے سیاسی میم کے سبب توجہ حاصل کررہا ہے۔ ان پوسٹس میں امریکی صدر ٹرمپ کو کبھی فلم ’دنگل‘ کے ایک دل شکستہ عامر خان کے روپ میں دکھایا گیا ہے، کبھی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد انہیں خطرناک فضلے کے ڈبے میں پھینکا ہوا پیش کیا گیا ہے، اور کبھی نپولین بوناپارٹ کے لباس میں ان کی ایسی تصویر بنائی گئی ہے جس میں ان کی پیٹھ کے پیچھے چھریاں ہیں۔ اس منظر کے ساتھ رنبیر کپور کا گانا ’’اچھا چلتا ہوں، دعا میں یاد رکھنا‘‘ بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایرانی سفارت کاروں نے صرف ٹرمپ ہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کو بھی طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کے لیے ’شعلے‘ کے ٹھاکر اور ہالی ووڈ کے سپر ہیرو ڈاکٹر اسٹرینج جیسے کرداروں کا استعمال کیا گیا۔

یہ محض انٹرنیٹ پر تفریح یا وائرل ہونے کی کوشش نہیں ہے، بلکہ مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے دوران عالمی رائے عامہ تک اپنی بات پہنچانے کی ایرانی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ تہران چاہتا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ، خصوصاً ہندوستانی عوام، اس کے نقطۂ نظر کو سمجھیں۔ روایتی سفارتی زبان کے بجائے ایسی مقبول ثقافت کا سہارا لیا جارہا ہے جس سے عام لوگ پہلے ہی واقف ہیں۔ بالی ووڈ کے مناظر اس مقصد کے لیے موزوں ہیں، کیونکہ ہندوستانی ناظرین ان کے پس منظر، کرداروں اور مکالموں کو فوراً پہچان لیتے ہیں۔ اس مہم کے مرکزی کردار امید بابیلیان دہلی میں ایرانی سفارت خانے کے اندر بیٹھ کر ان میمز کے خیالات تیار کرتے ہیں۔ وہ ایران کے انسٹی ٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (IPIS) کے نمائندے کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ یہ تہران میں قائم خارجہ پالیسی سے متعلق ایک تحقیقی ادارہ ہے جو ایرانی وزارت خارجہ سے وابستہ ہے۔ بابیلیان نے تہران کی ایک یونیورسٹی سے انڈین اسٹڈیز میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ہے۔ وہ فروری میں ہندوستان پہنچے تھے، یعنی ۲۸؍ فروری کو جنگ شروع ہونے سے چند ہفتے پہلے۔ انڈین ایکسپریس سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ان کا نام امید ہے، جس کے معنی امید کے ہیں۔ ان کی امید ہے کہ وہ بالی ووڈ کی تھیم اور طنز کے ذریعے ہندوستانیوں سے رابطہ قائم کرسکیں اور امریکی صدر کے خلاف اپنا پیغام ان تک پہنچائیں۔ ان کے مطابق، ’’ایرانی معاشرے میں ہم بہت زیادہ میم استعمال کرتے ہیں۔ نئی نسل میں میم بہت مقبول ہیں، حتیٰ کہ موجودہ حالات میں لوگ ہیری پوٹر کے کرداروں سے متعلق میم بھی بڑی تعداد میں بناتے ہیں۔ لیکن میری دلچسپی اس بات میں تھی کہ بالی ووڈ کے ایسے میم کیسے بنائے جائیں جنہیں ہندوستانی اچھی طرح سمجھتے ہوں۔‘‘

ہندوستان سے بابیلیان کا ابتدائی تعارف بھی بالی ووڈ کے ذریعے ہوا تھا۔ وہ ایران کے شہر اصفہان میں پلے بڑھے، جہاں ان کی خالائیں ہندوستانی فلمیں دیکھا کرتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ بھی ان کے ساتھ ’شعلے‘، ’امر اکبر انتھونی‘، ’مغلِ اعظم‘، ’سنگم‘ اور راج کپور کی کلاسک فلم ’آوارہ‘ دیکھا کرتے تھے۔ ان کے بقول، ’’ہمیں ہندوستانی فلمیں بہت پسند تھیں۔ مجھے یاد ہے کہ میری بعض خالاؤں نے ہندی بولنا بھی سیکھ لیا تھا اور ہم آپس میں ہندی میں بات کرتے تھے۔‘‘ بعد میں انہیں ہندوستانی مذہبی اور ادبی روایت سے بھی دلچسپی پیدا ہوئی اور انہوں نے گیتا، مہابھارت اور رامائن کا مطالعہ کیا۔ بابیلیان کے مطابق، ایک سفارت کار کے لیے ہندوستان کی خارجہ پالیسی، داخلی سیاست اور تاریخ سمجھنا جتنا اہم ہے، اتنا ہی ضروری یہاں کی مقبول ثقافت کو جاننا بھی ہے۔ یونیورسٹی میں انہوں نے ہندوستانی سنیما کی تاریخ کا مطالعہ کیا، جس میں مرکزی دھارے کی بالی ووڈ فلموں کے علاوہ ہدایت کار رتوک گھٹک اور ’لنچ باکس‘ جیسی فلمیں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے ہندو مذہب اور ہندوستانی فلسفے کا بھی مطالعہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو سمجھنے کے لیے اس کی سیاست اور معاشرتی ذہنیت کو جاننا ضروری ہے۔ انہوں نے سنسکرت سے فارسی میں ترجمہ کیے گئے ڈرامے ’شکنتلا‘ کا بھی حوالہ دیا، جو ایران میں معروف ہے۔ وہ ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دنگل‘، ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ جیسی فلمیں بھی دیکھ چکے ہیں، جبکہ گلوکار ارجیت سنگھ کی موسیقی انہیں پسند ہے۔ ان کے نزدیک بالی ووڈ کا انتخاب اس لیے اہم ہے کہ مغربی میڈیا اور زبان کے ذریعے ایک دوسرے کو سمجھنے کے بجائے ہندوستانی ثقافت کے اپنے حوالوں سے ہندوستانیوں تک پہنچنا زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہندوستان کو سمجھنا بہت مشکل ہے، لیکن اسے غلط سمجھنا بہت آسان ہے۔‘‘

ان میمز کی تیاری کا طریقہ بھی دلچسپ ہے۔ بابیلیان کسی سیاسی یا عالمی صورت حال کو دیکھتے ہیں اور پھر سوچتے ہیں کہ بالی ووڈ کی کون سی فلم کا منظر اس سے سب سے زیادہ میل کھاتا ہے۔ اس کے بعد وہ اپنا خیال سفارت خانے کے پریس کونسلر مہدی اسفندریاری کو بھیجتے ہیں، جو عموماً اسے منظوری دیتے ہیں۔ بابیلیان کے مطابق، ان پوسٹس کی تیاری میں یہ خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے کہ طنز کسی اقلیتی گروہ، کسی ملک کی حکومت یا کسی حساس طبقے کے لیے توہین آمیز نہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ایک واضح حد ہے اور وہ ایسا مزاح نہیں چاہتے جس سے ہندوستان یا ایران کے کسی طبقے کو تکلیف پہنچے۔ اسفندریاری کا کہنا ہے کہ بابیلیان لوگوں کی نبض سمجھتے ہیں اور ان کے خیالات میں مہارت رکھتے ہیں۔ اگر کوئی پوسٹ غیر مناسب محسوس ہو تو وہ اسے مزید محتاط اور متوازن بنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ایرانی سفیر محمد فتح علی نے انہیں اپنی تخلیقی اور سیاسی اظہارِ رائے کے معاملے میں کافی آزادی دے رکھی ہے۔ مغربی ایشیا میں جنگ کو ۸؍ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور بابیلیان اب بھی نئے میم بنانے میں مصروف ہیں۔ ان کا اگلا منصوبہ بھی ہندوستانی سنیما سے جڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فلم ’دھُرندھر‘ سے متعلق کسی نئے خیال پر کام کررہے ہیں۔ یوں بالی ووڈ کے پردے پر جن کرداروں نے کبھی اپنے مکالموں اور اداکاری سے ہندوستانی ناظرین کو محظوظ کیا تھا، اب وہی کردار عالمی سیاست پر طنز کرنے اور سفارتی پیغام پہنچانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK