Updated: November 16, 2026, 6:04 PM IST
| Dhaka
بنگلہ دیش میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود شیخ حسینہ کی جماعت کے سیکڑوں کارکن گوپال گنج کی سڑکوں پر نکل آئے، پولیس کی گاڑی اور چوکی کو نقصان پہنچایا، جولائی تحریک کی یادگار توڑ دی اور طویل عرصے سے بند ضلعی دفتر کا تالا کھول دیا؛ حسینہ کی دسمبر میں وطن واپسی کے اعلان کے بعد کشیدگی میں اضافہ۔
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے سیکڑوں کارکنوں نے اتوار ۱۵؍ نومبر کو ان کے آبائی ضلع گوپال گنج میں بڑے پیمانے پر جلوس نکال کر سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندی کو عملاً چیلنج کیا۔ مظاہرین نے پولیس کی بکتر بند گاڑی اور پولیس چوکی کو نقصان پہنچایا، ۲۰۲۴ء کی جولائی عوامی تحریک کی یادگار کو مسمار کیا، مختلف سرکاری اداروں کے ناموں کی تختیاں ہٹائیں اور طویل عرصے سے بند عوامی لیگ کے ضلعی دفتر کا تالا کھول کر وہاں دوبارہ سرگرمیاں شروع کردیں۔ یہ احتجاج ایسے وقت ہوا ہے جب ہندوستان میں مقیم شیخ حسینہ نے دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور ان کی حوالگی کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی و قانونی صورت حال بھی زیرِ بحث ہے۔ بنگلہ دیشی اخبار ’دی ڈیلی اسٹار‘ اور ’دی بزنس اسٹینڈرڈ‘ کی رپورٹوں کے مطابق، مظاہرین صبح سے ہی گوپال گنج شہر کے مختلف علاقوں میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ تقریباً ۱۱؍ بجے جلوس نکلا، جس میں سیکڑوں افراد شریک تھے۔ ان میں عوامی لیگ کے کارکنوں کے علاوہ اس سے وابستہ تنظیموں کے افراد بھی شامل تھے۔ کئی مظاہرین لاٹھیاں، بانس، لکڑی کے ڈنڈے، درانتی نما ہتھیار، کلہاڑیاں، نیزے اور مقامی طور پر استعمال ہونے والے چپو اٹھائے ہوئے تھے۔ جلوس کے شرکا نے شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کے حق میں نعرے لگائے اور پولیس کی رکاوٹیں توڑ کر شہر کی مختلف سڑکوں پر مارچ کیا۔
اس دوران مظاہرین نے پولیس کی ایک بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچایا اور اس پر سرخ رنگ سے ’’جوئے بنگلہ‘‘ لکھ دیا۔ ایک پولیس چوکی پر بھی حملہ کیا گیا اور اس کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ جلوس کے شرکا نے دریائی گھاٹ کے قریب واقع جولائی میموریل کو بھی مسمار کردیا۔ یہ یادگار ۲۰۲۴ء کی اس عوامی تحریک کی یاد میں قائم کی گئی تھی جس کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔ اس کے علاوہ گوپال گنج سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے احاطے میں واقع ہادی اسکوائر کی تختی ہٹا کر اس کی جگہ دوسری تختی لگائی گئی۔ گوپال گنج گورنمنٹ کالج کے مرکزی دروازے سے بھی موجودہ نام کی تختی ہٹا دی گئی اور اس کی جگہ ’’گورنمنٹ بنگ بندھو کالج‘‘ کا بینر لگا دیا گیا۔ مظاہرین بعد میں بنک پارہ علاقے میں واقع عوامی لیگ کے ضلعی دفتر پہنچے، جسے ایک طویل عرصے سے بند رکھا گیا تھا۔ کارکنوں نے دفتر کا تالا کھولا اور وہاں جمع ہوکر نعرے لگائے۔ اس اقدام کو جماعت کی جانب سے اپنی سیاسی موجودگی دوبارہ ظاہر کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ عوامی لیگ کے گوپال گنج ضلع کے رہنما الیاس حق نے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہماری سڑکوں پر تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہم سابق وزیر اعظم اور بنگ بندھو کی بیٹی شیخ حسینہ کو ملک واپس نہیں لاسکتے۔‘‘ بنگ بندھو سے مراد بنگلہ دیش کے بانی رہنما شیخ مجیب الرحمٰن ہیں۔
مظاہرے کے دوران بعض مقامات پر ٹائر اور دیگر اشیا جلاکر سڑکیں بند کی گئیں، جس سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق شہر میں دکانیں بھی بند رہیں اور معمولاتِ زندگی میں خلل پڑا۔ اسی روز ضلع کے دیگر علاقوں سے بھی تشدد اور توڑ پھوڑ کی اطلاعات سامنے آئیں۔ حکام کے مطابق، رات کے وقت ٹنگی پارہ کے اُل پور علاقے میں گرامین بینک کی ایک شاخ کو بھی آگ لگائی گئی۔ اس سے پہلے رات کے دوران ٹنگی پارہ میں حکمراں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو دفاتر کو بھی نامعلوم افراد نے نذرِ آتش کردیا تھا۔ ان واقعات کے بعد حکومت نے گوپال گنج کے ڈپٹی کمشنر محمد عارف الزمان کو عہدے سے ہٹادیا اور ان کی جگہ جی ایم شرفراز کو مقرر کیا۔ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد حبیب اللہ کا بھی تبادلہ کردیا گیا اور ان کی جگہ پرتوش کمار مجمدار کو ذمہ داری سونپی گئی۔ امن و قانون کی صورت حال قابو میں رکھنے کے لیے بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کی 6 پلاٹون تعینات کی گئیں۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تخریب کاری اور دہشت گردی کی کوششوں کو روکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا کی ۵۰۰؍ با اثر مسلم شخصیات میں۲۲؍ ہندوستانی شامل
حکومت نے ان واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیر اعظم طارق رحمان کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس میں بھی گوپال گنج کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔ اخبار ’پروتھوم آلو‘ کے مطابق، وزارتِ داخلہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ حکومت حالات کو قابو سے باہر نہیں ہونے دے گی، تاہم فوری طور پر طاقت کے استعمال سے بھی گریز کرنا چاہتی ہے تاکہ جانی نقصان اور املاک کی تباہی سے بچا جاسکے۔ حکام نے اشارہ دیا ہے کہ حالات کے مطابق ضلع میں سیکوریٹی اہلکاروں کی تعداد اور کارروائیوں کی شدت بڑھائی جاسکتی ہے۔ عوامی لیگ کی یہ سرگرمیاں اس لیے بھی اہم ہیں کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے مئی ۲۰۲۵ء میں انسدادِ دہشت گردی قانون کے تحت جماعت اور اس سے وابستہ تنظیموں کی تمام سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس میں جلسے، جلوس، تشہیری سرگرمیاں اور آن لائن سیاسی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے جماعت کی رجسٹریشن بھی معطل کردی تھی۔ گوپال گنج میں اتنے بڑے پیمانے پر کھلے عام جلوس کو پابندی کے بعد جماعت کی جانب سے اپنی عوامی موجودگی دکھانے کی ایک نمایاں کوشش قرار دیا جارہا ہے۔ جماعت کے کارکنوں نے ۱۴؍ سے ۱۹؍ نومبر تک احتجاجی سرگرمیاں تیز کرنے اور ۱۹؍ نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی اپیل بھی کی ہے۔ ان کے مطالبات میں شیخ حسینہ کے خلاف مقدمات واپس لینے، جماعت پر عائد پابندی ختم کرنے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی جیسے مطالبات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دلت بی جے پی کے پیروں تلے زمین کھینچ لیں گے‘‘
گوپال گنج میں احتجاج کی شدت کا ایک اہم پس منظر شیخ حسینہ کی وطن واپسی کا اعلان بھی ہے۔ وہ اگست ۲۰۲۴ء میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے نتیجے میں حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان آگئی تھیں اور تب سے یہیں مقیم ہیں۔ بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹریبونل نے نومبر ۲۰۲۵ء میں مظاہرین کے خلاف ان کی حکومت کی کارروائیوں سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں انہیں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ حسینہ نے الزامات اور عدالتی کارروائی کو مسترد کیا ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے جولائی ۲۰۲۶ء سے متعدد مرتبہ کہا ہے کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آکر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا چاہتی ہیں۔ بنگلہ دیش کی حکومت نے ہندوستان سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر قانون محمد اسدالزمان نے ۱۴؍ نومبر کو کہا تھا کہ حسینہ کی واپسی کے لیے قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے اور اب فیصلہ ہندوستان کو کرنا ہے۔ ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ۱۳؍ نومبر کو نئی دہلی میں کہا تھا کہ حوالگی کی درخواست موصول ہوچکی ہے اور اس معاملے کو قانونی طریقۂ کار کے مطابق دیکھا جائے گا۔ اس طرح حسینہ کی ممکنہ واپسی کا معاملہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔