• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے ویزا قوانین آسان بنا دیئے، ویزا کیٹیگریز ۱۳؍ سے گھٹا کر ۹؍ کردی گئیں

Updated: November 12, 2026, 7:07 PM IST | New Delhi

حکومت ہند نے بیرون ملک سے ہندوستان آنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے ویزا نظام کو مزید آسان اور سہل بنانے کی سمت میں اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزارت داخلہ نے ہندوستانی ویزا کی اہم اقسام کی تعداد ۱۳؍ سے کم کرکے ۹؍ کردی ہے۔

Visa Process.Photo:INN
ویزا پروسیس۔ تصویر:آئی این این

حکومت ہند نے بیرون ملک سے ہندوستان آنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے ویزا نظام کو مزید آسان اور سہل بنانے کی سمت میں اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزارت داخلہ نے ہندوستانی ویزا کی اہم اقسام کی تعداد ۱۳؍ سے کم کرکے ۹؍ کردی ہےجبکہ ذیلی زمروں  کو بھی ۴۹؍ سے گھٹا کر ۲۳؍ کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ویزا درخواست فارم میں درکار معلومات اور خانوں کی تعداد میں ۶۵؍ سے ۷۰؍ فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے غیر ملکی سیاحوں، طلبہ، مریضوں، سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور محققین کے لیے مناسب ویزا کا انتخاب کرنا آسان ہوگا اور درخواست جمع کرانے کے عمل میں لگنے والا وقت اور محنت بھی کم ہوگی۔وزارت داخلہ کے مطابق ویزا نظام میں یہ تبدیلی ۲۷؍ اگست ۲۰۲۶ء کو کی گئی تھی، جس کی تفصیلات اب جاری کی گئی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:راون کے بغیر رام کا تصور ممکن نہیں:رام گوپال ورما

اس سے قبل  اکتوبر ۲۰۲۵ء میں بھی ویزا نظام میں اصلاحات کرتے ہوئے اہم زمروں کی تعداد ۲۲؍ سے کم کرکے ۱۳؍ اور ذیلی زمروں کی تعداد ۶۳؍ سے گھٹا کر ۴۹؍ کی گئی تھی۔ حکومت نے اس پورے عمل کے دوران ترقی یافتہ ممالک کے ویزا نظام اور بین الاقوامی معیار کا بھی جائزہ لیا ہے، تاکہ ہندوستان آنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے سفر کے مقصد کے مطابق ویزا حاصل کرنا زیادہ آسان بنایا جاسکے۔اب ہندوستان میں ویزا کی صرف ۹؍ اہم اقسام ہوں گی۔نئے نظام کے تحت ہندوستانی ویزا کی ۹؍ اہم اقسام میں کاروباری ویزا، سفارتی ویزا، ورک ویزا، صحافتی ویزا، طبی ویزا، سرکاری ویزا، طلبہ ویزا، وزیٹر ویزا اور متفرق ویزا شامل ہیں۔ہندوستانی نژاد افراد، زیر کفالت افراد اور دیگر مخصوص مقاصد کے لیے ٹورسٹ ویزا کا نام بدل کر وزیٹر ویزا کردیا گیا۔
نئی اصلاحات میں ایک اہم تبدیلی یہ ہے کہ پہلے سے موجود ٹورسٹ ویزا کو اب وزیٹر ویزا  کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے، تاکہ صرف سیاحت ہی نہیں بلکہ دیگر مختصر مدتی سرگرمیوں کے لیے بھی اس زمرے کے تحت درخواست دی جاسکے۔ اسے دو ذیلی زمروں،وی وَن اور وی ٹو میں تقسیم کیا گیا ہے۔وی وَن  ویزا مختصر مدت کے دوروں کے لیے ہوگا۔ اس کے تحت کاروباری میٹنگوں میں شرکت، طبی مشورہ، ویلنیس ریٹریٹس، مختصر مدتی طبی علاج اور ہندوستانی زبانوں، موسیقی، آرٹ اور دستکاری کے مختصر کورسز میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ یہ ویزا ۳۰؍ دن کے لیے متعدد مرتبہ داخلے  کی سہولت کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:آخری ۲؍ ون ڈے میچوں کے لیے بریٹ رینڈل نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل

دوسری جانب وی ٹو ویزا نسبتاً طویل مدت کے دوروں کے لیے ہوگا، جس کی مدت ایک، پانچ یا دس سال ہوسکتی ہے۔ اس کے تحت  وی وَن  میں شامل سرگرمیوں کے علاوہ کوہ پیمائی   کی بھی اجازت ہوگی۔ کوہ پیمائی کے لیے چھ ماہ کا متعدد مرتبہ داخلے والا ویزا جاری کیا جائے گا۔طبی ویزا میں مریضوں اور ان کے معاونین کو سہولت ہندوستان میں علاج کی غرض سے آنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے میڈیکل ویزا کے نظام کو بھی زیادہ واضح کردیا گیا ہے۔ نئے نظام میں روایتی طبی علاج اور آیوش   طریقہ علاج کے لیے الگ الگ ویزا زمرے برقرار رکھے گئے ہیں۔ ایم وَن ویزا آیوش طریقہ علاج کے علاوہ دیگر طبی علاج کے لیے ہوگا، جبکہ ایم ۳؍ ویزا آیوش نظام کے تحت علاج کروانے والے غیر ملکی شہریوں کو دیا جائے گا۔ دونوں ویزا کیٹیگریز، بشمول ان کے ای ویزا (e-Visa) متبادل، عام طور پر ایک سال کی مدت اور متعدد مرتبہ داخلے کی سہولت کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔مریضوں کے ساتھ آنے والے افراد کے لیے بھی الگ انتظام کیا گیا ہے۔ایم وَن   ویزا رکھنے والے مریضوں کے معاونین کوایم ٹو  اور ایم تھری  ویزا رکھنے والے مریضوں کے معاونین کو ایم ۴؍ ویزا دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK