Inquilab Logo Happiest Places to Work

سمندر سے آسمان تک ہندوستان آتم نربھر بن رہا ہے : مودی

Updated: June 28, 2026, 4:05 PM IST | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان سمندر سے لے کر آسمان تک دفاعی شعبے میں تیزی سے زیادہ محفوظ اورآتم نربھر بن رہا ہے اور مقامی ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے دم پر ملک نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔

Narendra Modi.Photo:INN
نریندر مودی۔ تصویر:آئی این این

 وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان سمندر سے لے کر آسمان تک دفاعی شعبے میں تیزی سے زیادہ محفوظ اورآتم نربھر بن رہا ہے اور مقامی ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے دم پر ملک نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ مودی نے اتوار کو آکاش وانی سے نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کی ۱۳۵؍ ویں کڑی میں کہا کہ ۲۰۲۶ء کا آدھا حصہ گزرنے کو ہے اور ان چھ مہینوں میں ملک نے سیکوریٹی اور آتم نربھر کے شعبے میں کئی ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن پر ہر ہم وطن کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کولکاتا میں منعقدہ ایک پروگرام میں ہندوستانی بحریہ کے بیڑے میں آئی این ایس دوناگیری، آئی این ایس سنشودھک اور آئی این ایس اگرے کو شامل کیا گیا۔ ان جنگی جہازوں کا ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ مکمل طور پر مقامی ہے۔
 مودی نے کہا کہ جون میں ہی ہوا بازی کے شعبے میں بھی بڑی کامیابی ملی ہے۔ میک ان انڈیا کے تحت تیار کردہ سی-۲۹۵؍ طیارے نے اپنی پہلی پرواز مکمل کی ہے اور ایسے۴۰؍ طیارے ہندوستان میں ہی بنائے جا رہے ہیں۔ اس سے ایم ایس ایم ای اور ایرو اسپیس کے شعبے کو نئی مضبوطی ملے گی، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور آتم نربھر ہندوستان کا عزم مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسی مہینے دفاعی تحقیق اور ترقیاتی تنظیم نے مقامی طور پر لمبی دوری کی زمین پر مار کرنے والی کروز میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل دفاعی تحقیق اور ترقیاتی تنظیم کی لیبارٹریز اور ہندوستانی صنعتوں کی شراکت داری سے تیار کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کامیابیوں سے واضح ہے کہ آج ہندوستان سمندر سے لے کر آسمان تک زیادہ محفوظ اورآتم نربھر بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:راج ببر نے ہندی کے ساتھ پنجابی فلموں میں بھی نام کمایا


 عوامی شراکت داری ملک کی تعمیر کی سب سے بڑی طاقت : مودی
 وزیر اعظم نریندر مودی نے عوامی شراکت داری کو کسی بھی ملک کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم وطن کسی عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو کوئی بھی طاقت انہیں اپنے ہدف سے ہٹا نہیں سکتی۔ وزیر اعظم نے مغربی ایشیا میں پیدا ہونے والے بحران کے دوران اپنی اپیل پر ہم وطنوں کی سرگرم شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے جس طرح تعاون کیا، وہ ملک کی تعمیر میں عوامی شراکت داری کی طاقت کی ایک مضبوط مثال ہے۔ مودی نے اتوار کو آکاش وانی سے نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام `من کی بات کی ۱۳۵؍ ویں کڑی میں کہا کہ قوم کی تعمیر میں عوامی شراکت داری ہندوستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور ملک اس کا تجربہ بار بار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں بنی جنگ جیسی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے ہم وطنوں سے کچھ وقت کے لیے سونا خریدنے سے بچنے، بیرون ملک چھٹیاں منانے کو ٹالنے، کار پولنگ کو فروغ دینے اور کسانوں سے کیمیائی کھادوں کے بجائے قدرتی کھاد کا زیادہ استعمال کرنے کی گزارش کی تھی۔  انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں نے ان کی اپیل کی نہ صرف حمایت کی بلکہ اسے عملی جامہ بھی پہنایا۔ کئی خاندانوں نے پیغامات بھیج کر بتایا کہ وہ شادی کی تقریبات میں نیا سونا نہیں خریدیں گے اور ضرورت پڑنے پر پرانے زیورات کو دوبارہ کارآمد بنا کر استعمال کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے:امریکہ کے حملوں کے بعد ایران کی جوابی کارروائی، ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی


کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر بیرون ملک دورے ملتوی کرنے کی معلومات بھی شیئر کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کار پولنگ کے حوالے سے بھی لوگوں نے اپنے تجربات شیئر کیے ہیں۔ جو لوگ پہلے الگ الگ گاڑیوں سے ایک ہی سمت میں جاتے تھے، وہ اب ساتھ سفر کر رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ بس اور میٹرو کا استعمال کر رہے ہیں، جس سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے قدرتی کھاد کے استعمال میں اضافے کی خبریں بھی مل رہی ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان عالمی بحران کا سامنا عوامی شراکت داری کی طاقت سے مل کر کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK