مہندرا نے ہندوستان میںہنڈائی کی ۲۵؍سالہ برتری ختم کرکے دوسرا مقام حاصل کرلیا، یہ ہندوستان کے آٹو موٹو بازار میں اہم تبدیلی ہے۔
EPAPER
Updated: August 24, 2025, 10:06 PM IST | New Delhi
مہندرا نے ہندوستان میںہنڈائی کی ۲۵؍سالہ برتری ختم کرکے دوسرا مقام حاصل کرلیا، یہ ہندوستان کے آٹو موٹو بازار میں اہم تبدیلی ہے۔
ایک تاریخی تبدیلی میں، مہندرا اینڈ مہندرا نے ہنڈائی انڈیا کو پیچھے چھوڑ کر ملک کی دوسری سب سے بڑی کار ساز کمپنی بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جس کے ساتھ ہی ہنڈائی کے پچھلے پچیس سالوں کے دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ایف ای کے ذریعے تجزیہ کردہ جنوری تا جولائی۲۰۲۵ء کی فروخت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستانی کار ساز کمپنی نے کوریائی کمپنی کے مقابلے میں ۲۱۲۸۳؍یونٹس کی برتری حاصل کی ہے۔ مہندرا نے اس سال ۳۵۱۰۶۵؍ کاریں فروخت کیں، جو ہنڈائی کے ۳۲۹۷۸۲؍کاروں سے زیادہ ہیں۔
گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران، مہندرا (جس کی فروخت ۲۹۱۹۷۱؍ کاریں تھی) ہنڈائی ۳۵۸۷۸۵؍ کاریں) سے کافی پیچھے تھا، لیکن اس سال جبکہ مہندرا کی فروخت میں ۲۰؍ اعشاریہ ۲؍ فیصد اضافہ ہوا ۲۹۱۹۷۱؍ کاروں سے بڑھ کر ۳۵۱۰۶۵؍کاریں ہو گئی)، ہنڈائی کی فروخت میں ۸؍ اعشاریہ ایک فیصد کمی واقع ہوئی ۳۵۸۷۸۵؍ کاروں سے گھٹ کر ۳۲۹۷۸۲؍کاریں رہ گئی۔آٹوموٹو تجزیہ کاروں کے مطابق ہنڈائی کی سست روی کی وجہ مصنوعات میں سست روی اور کریٹا پر زیادہ انحصار ہے، جبکہ مہندرا کی کامیابی کی وجہ اس کے آئی سی ای ماڈلز (ایکس یو وی۳؍ ایکس او، تھار اور تھار راکس، اسکورپیو اور اسکورپیو-این) اور اس کی نئی ای وی ماڈلز (بی ای۶؍ اور ایکس ای وی۹؍ ای) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ایک تجزیہ کار کے مطابق ’’ مالی سال ۲۰۲۵ءمیں، سوسائٹی آف انڈین آٹوموٹو مینیو فیکچررز کے اعداد و شمار کے مطابق، کریٹا کی فروخت میں۲۰؍ اضافہ ہوا (مالی سال۲۰۲۴ء کے۱۶۲۷۷۳؍کاروں سے بڑھ کر مالی سال۲۰۲۵ء میں ۱۹۴۸۷۱؍کاریں ہو گئی)، لیکن ہنڈائی کے دیگر تمام ماڈلز (نائیوسی ۱۰؍، آئی ۲۰؍،اورا،ایکسٹر،وینو، ویرنا،الکازار، ٹسکون، اورلونق ۵؍) کی مشترکہ فروخت میں۱۰؍ فیصد کمی واقع ہوئی۔ ۴۵۱۹۴۸؍ کاروں سے گھٹ کر ۴۰۳۷۹۵؍ کاریں رہ گئی۔‘‘ مزید یہ کہ ’’اکتوبر میں بالکل نئے وینیو کے آغاز سے فروخت میں اضافے کی توقع ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ۲۰۲۵ء میں ہنڈائی کے لیے مہندرا تک پہنچنا بہت مشکل ہو گا۔‘‘دوسری طرف، مہندرا اپنے آئی سی ای اور ای وی دونوں ماڈلز کی کامیابی پر سبقت لے رہا ہے، اور اگلے چند مہینوں میں اس کی کم از کم دو نئی کاروں کے آغاز کی منصوبہ بندی ہے، جس سے اس کی فروخت میں مزید اضافہ ہو گا۔۲۰۲۵ء کی ماہانہ فروخت کے حوالے سے، مہندرا نے پانچ مہینوں،فروری، اپریل، مئی، جون، اور جولائی میں ہنڈائی کو شکست دی ہے۔اس سال اب تک سب سے اوپر ماروتی سوزوکی ہے، حالانکہ اس کی فروخت میں ایک اعشاریہ ۹؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔یہ تعداد ۱۰۳۶۳۶۸؍ کاروں سے گھٹ کر۱۰۱۶۴۸۱؍ کاریں رہ گئی ہے۔جبکہ ٹاٹا موٹرز ہنڈائی کے پیچھے چوتھے نمبر پر ہے۔
۱۹۹۸-۹۹ء میں، ہنڈائی سینٹرو کے ساتھ ہندوستان کے کار بازار میں داخل ہوئی ، اور۲۰۰۰ء تک اس نے ٹاٹا موٹرز (جو انڈیکا کی مقبولیت کے سبب سبقت لے رہا تھا) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ماروتی سوزوکی کے بعد ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی کار ساز کمپنی بن گئی۔ اس کے ساتھ ہی ہنڈائی کے ہندوستان میں دوسری سب سے بڑی کار ساز کمپنی کے طور پر طویل دور کا آغاز ہوا، یہ درجہ اس نے ۲۰۲۴ء تک برقرار رکھا، اور اب ۲۰۲۵ء میں یہ درجہ مہندرا کے حوالے کرنے والا ہے۔