• Sat, 13 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور پاکستان میچ کے اشتہارات کی شرح میں ۲۰؍فیصد کمی

Updated: September 13, 2025, 7:37 PM IST | Dubai

گیمنگ سیکٹر پر پابندی اور تہواروں کے سیزن نے مارکیٹ کو تبدیل کر دیا۔ ہند-پاک میچ میں اشتہارات کی شرح ۱۵؍ سے ۲۰؍ فیصد کم ہو گئی ہیں، لیکن بڑے برانڈز اب بھی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

Indian Team. Photo:INN
ہندوستانی ٹیم۔ تصویر:آئی این این

ایشیا کپ۲۰۲۵ء میںہندوستان اور  پاکستان  کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ  کے تعلق سے  جوش و خروش ہمیشہ کی طرح اپنے عروج پر ہے لیکن اس بار اشتہارات کے نرخوں میں۱۵؍ سے ۲۰؍ فیصد کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان اور پاکستان  کے میچ کے لیے ٹی وی پر۱۰؍ سیکنڈ کے اشتہاری سلاٹ کی قیمت۱۰؍ سے۱۵؍ لاکھ روپے تھی لیکن اس بار یہ نرخ کم ہوئے ہیں۔ صنعت کے دو ایگزیکٹیوز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس کمی کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں ریئل منی گیمنگ (آر ایم جی) سیکٹر پر حالیہ پابندی اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:جی ایس ٹی کی شرح کم ہونے پر حکومت ہر ماہ قیمتوں کا جائزہ لے گی

ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا آغاز۹؍ ستمبر سے ہوا لیکن متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، بنگلہ دیش اور عمان جیسے ممالک کے میچز کو شائقین کی جانب سے زیادہ  پسند  نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کچھ دھیما رہا۔ڈی ڈی بی مدرا  گروپ کی کمپنی مدرا میکس  کے سینئر نائب صدر سرفراز انصاری کا کہنا ہے کہ عام طور پر ہندوستان  پاکستان میچ کے لیے اشتہارات کی شرح بہت بڑھ جاتی ہے لیکن اس بار ٹورنامنٹ کے سست آغاز نے رجحان بدل دیا ہے۔
 سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا (ایس پی این آئی)  جو کہ۲۰۳۱ء تک ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے میچوں کے میڈیا رائٹس ہولڈر ہے، نے اشتہارات کی فروخت کا ایک نیا طریقہ اپنایا ہے۔  ذرائع کے مطابق اس  نے ۷؍ اہم میچوں (جس میں ہندوستان کے میچ بھی شامل ہو سکتے ہیں) کے لیے ۱۰؍ سیکنڈ کے اشتہاری سلاٹ کے لیے۱۶؍ لاکھ روپے کا فلیٹ ریٹ مقرر کیا ہے۔ اس میں دیگر تمام غیر ہندوستانی میچ بھی شامل ہیں۔ یہ شرح موجودہ ٹورنامنٹ کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں کنیکٹڈ ٹی وی (سی ٹی وی) پر اشتہارات کی قیمتیں تقریباً۲۰؍ سے۲۴؍ لاکھ روپے فی۱۰؍ سیکنڈ سلاٹ ہیں۔ این وی کیپٹل کے منیجنگ پارٹنر وویک مینن کا کہنا ہے کہ یہ شرح پہلے کی طرح مستحکم ہیں لیکن گیمنگ کمپنیوں کی عدم موجودگی نے اشتہارات کی مارکیٹ کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔ گیمنگ کمپنیاں کرکٹ کے سب سے بڑے اشتہار دینے والوں میں شامل تھیں۔ 
 صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی سے متعلق حالیہ حکومتی اعلانات اور تہواروں کے سیزن کے آغاز کی وجہ سے کئی نئے برانڈز اشتہارات پر پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ کنزیومر ڈیوریبلز، ایف ایم سی جی، موبائل ہینڈ سیٹس، آٹوموبائلز، آرائشی پینٹس، فنانشل سروسز، انشورنس اور ٹائر جیسی کمپنیاں اتوار کو ہونے والے اس انڈیا پاکستان میچ میں بڑے پیمانے پر اشتہار دے رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK