دفاع، تجارت، معیشت، صحت، تعلیم اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے کیلئے یہ معاہدہ کئے گئے۔
وزیر اعظم مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دونوں ممالک کے درتعاون کو مزید مضبوط کیا۔ تصویر:آئی این این
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ہندوستان دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ۱۶؍ اہم معاہدے ہوئے۔ ہندوستان اور روس نےدفاع، تجارت، معیشت، صحت، تعلیم، ثقافت اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے سولہ اہم معاہدوں کا تبادلہ کیا۔ یہ معاہدے نئی دہلی میں منعقدہ ۲۳؍ویں بھارت-روس سالانہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئے۔ سربراہی اجلاس کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ بھارت-روس دوستی عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت فراہم کرے گی اور یہی باہمی اعتماد دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور روس دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی انسانیت کی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے اور اس کے خلاف عالمی اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بتایا کہ دونوں ممالک یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہندوستان جلد ہی روسی شہریوں کے لیے ۳۰؍دن کا مفت ای۔ٹورسٹ ویزا اور ۳۰؍دن کا گروپ ٹورسٹ ویزا متعارف کرانے جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ روس نے انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس میں شمولیت کے لیے فریم ورک معاہدہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صدر پوتن کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دو طرفہ تعلقات کئی تاریخی سنگ میل عبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں دنیا نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں، لیکن ان تمام حالات کے باوجود ہندوستان -روس تعلقات نے وقت کی کسوٹی پر خود کو ثابت کیا ہے۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں دونوں ممالک نے دہشت گردی، انتہا پسندی، سرحد پار منظم جرائم، منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ اور کثیر جہتی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں لیڈروں نے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف، بشمول سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت، مالیاتی نیٹ ورکس اور محفوظ ٹھکانوں کے، مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔
مشترکہ بیان میں جموں کشمیر کے پہلگا م میں اور روس میں کروکس سٹی ہال میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بعد ازاں نئی دہلی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خارجہ سیکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان بات چیت میں ہندوستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان زیر غور آزاد تجارتی معاہدے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے کہ مذاکرات کو تیز کیا جائے اور طے شدہ وقت کے اندر اس معاہدے کو حتمی شکل دی جائے۔خارجہ سکریٹری نے کہا کہ دفاعی اور فوجی تکنیکی تعاون مضبوط حالت میں ہے اور روس اس شعبے میں ہندوستان کی میک ان انڈیا پہل کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے یوکرین تنازع پر بھی بات چیت کا حوالہ دیا اور کہا کہ صدر پوتن نے وزیر اعظم مودی کو اس مسئلے پر تفصیل سے آگاہ کیا، جبکہ وزیر اعظم نے ہندوستان کے طویل مدتی مؤقف کا اعادہ کیا۔