Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان، بنگلہ دیشی شہریوں کیلئے دو سال سے معطل سیاحتی ویزا خدمات کو دوبارہ شروع کرے گا

Updated: June 25, 2026, 10:01 PM IST | Dhaka

اس سے قبل، ڈھاکہ نے ہندوستان میں بنگلہ دیشی سفارتی تنصیبات پر حملوں کے بعد اپنے مشنز میں عارضی طور پر خدمات کی معطلی کے بعد، فروری میں ہندوستانی شہریوں کیلئے تمام کیٹیگریز کے ویزے جاری کرنے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

Photo: X
ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمشنر کی بنگلہ دیشی صدر سے ملاقات۔ تصویر: ایکس

ہندوستان ۲۸ جون سے بنگلہ دیشی شہریوں کیلئے سیاحتی ویزے سے جڑی خدمات دوبارہ شروع کرنے جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ یہ اقدام دونوں جنوبی ایشیائی پڑوسیوں کے درمیان مہینوں کے کشیدہ تعلقات کے بعد روابط کو معمول پر لانے کی طرف ایک بڑی پیش رفت ہے۔ اس پیش رفت کی وجہ سے بنگلہ دیشی شہریوں کیلئے تقریباً دو سال سے معطل سیاحتی ویزے کی خدمات دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

ڈھاکہ میں ہندوستان کے نئے مقرر کردہ ہائی کمشنر دنیش ترویدی نے بنگلہ دیشی صدر محمد شہاب الدین کے ساتھ جمعرات کو ملاقات کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کا اعلان کیا اور تصدیق کی کہ بنگلہ دیشی مسافروں کیلئے سیاحتی ویزا کی خدمات سنیچر سے بحال ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: پاسپورٹ شہریت کا ثبوت نہیں، وزارتِ خارجہ کے بیاں پر ملک بھر میں ہنگامہ

واضح رہے کہ نئی دہلی نے جولائی ۲۰۲۴ء میں بنگلہ دیش میں ہونے والی سیاسی اتھل پوتھل، جس کے نتیجے میں عوامی لیگ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا، کے بعد سیاحتی ویزے معطل کر دیئے تھے۔ اس کے بعد آنے والے ۱۷ ماہ کے عبوری حکومت کے دور میں، ہندوستان نے طبی علاج اور دیگر محدود ویزا کیٹیگریز کو جاری رکھا تھا۔

رواں سال کے اوائل میں وزیرِ اعظم طارق رحمان کی قیادت میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد، دونوں ممالک نے نئے سفارتی رابطوں، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور ویزا خدمات کی مرحلہ وار بحالی کے ذریعے تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کیلئے کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان نے سنگاپور کو بنگناپلی آموں کی پہلی تجارتی سمندری کھیپ برآمد کی

تاہم، بہتر ہوتے تعلقات میں دونوں ممالک کی ۴ ہزار کلومیٹر طویل سرحد پر بار بار کشیدگی کی وجہ سے رخنہ پڑتا رہا ہے۔ بنگلہ دیش نے ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی جانب سے مبینہ بنگلہ دیشی افراد کو زبردستی دھکیلنے کے اقدامات پر بار بار احتجاج کیا ہے۔ اس کا مؤقف ہے کہ ایسی کارروائیاں وطن واپسی کے طے شدہ طریقۂ کار کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو متاثر کرتی ہیں۔

ڈھاکہ نے بھی ہندوستان میں بنگلہ دیشی سفارتی تنصیبات پر حملوں کے بعد اپنے مشنز میں عارضی طور پر خدمات کی معطلی کے بعد، فروری میں ہندوستانی شہریوں کیلئے تمام کیٹیگریز کے ویزے جاری کرنے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا تھا۔ ہندوستان کی جانب سے سیاحتی ویزوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تمام بڑی ویزا کیٹیگریز کا دوبارہ آغاز ہونے کے بعد دنیا کے مصروف ترین سرحد پار سفری راہداریوں (ٹریول کوریڈورز) میں سے ایک کو دوبارہ فعال کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK