ہندوستان نے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین ڈھائی ملین ڈالر روانہ کئے ہیں۔ علاوہ ازیں، ادارے کی خصوصی درخواست پر حکومت نے طبی امداد اور دوائیں بھی بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 16, 2024, 2:35 PM IST | New York
ہندوستان نے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین ڈھائی ملین ڈالر روانہ کئے ہیں۔ علاوہ ازیں، ادارے کی خصوصی درخواست پر حکومت نے طبی امداد اور دوائیں بھی بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستانی حکومت کے نمائندے نے پیرکو بتایا کہ حکومت نےاپنی ۵؍ ملین سالانہ امداد کے ایک حصہ کے طور پر اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہگزینوں کی امداد و فلاح کی تنطیم کو ڈھائی ملین ڈالر کی امداد جاری کردی ہے۔اقوام متحدہ کا یہ ادارہ ۱۹۵۰ء سے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے براہ راست کام کر رہا ہے،جو اسرائیل اور حماس کی جنگ کے درمیان بھی اپنی سر گرمی جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔رملہ میں ہندوستانی حکومت کے نمائندے نے ایکس پردئےایک بیان میں کہا کہ’’ہندوستانی حکومت نے ۲۰۲۴ء-۲۵ءکی اپنی ۵؍ ملین سالانہ امداد کے ایک حصہ کے طور پر اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہگزینوں کی امداد و فلاح کی تنطیم کو ڈھائی ملین ڈالر کی امداد جاری کر دی ہے۔‘‘
گزشتہ کئی سالوں سے ہندوستان فلسطینی پناہگزینوں کی امداد کیلئے اقوام متحدہ کے اس ادارے کو امدادی کار گزاری اور پروگرام کیلئے۲۰۲۳-۲۴ء تک ۳۵؍ ملین ڈالر کی امداد عطا کر چکا ہے۔ ابھی حال ہی میں اقوام متحدہ کی امدادی و فلاحی ادارہ کی کانفرنس میں جو نیو یارک میں منعقد ہوئی تھی ، اس میں ادارے کی خصوصی درخواست پر ہندوستان نے امداد کے علاوہ دوائوں اور طبی امدادکا بھی اعلان کیا تھا، اور فلسطینی عوام تک امداد کی بحفاظت اور تسلسل سے ترسیل پر زور دیا تھا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا یہ ادارہ کلی طور پراقوام متحدہ کے رکن ممالک کی رضاکارانہ امداد پر منحصر ہے۔