• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ: دو ہفتوں میں ۱۹؍ ہزا ۷۶۵؍کروڑ کی غیر ملکی سرمایہ کاری

Updated: February 16, 2026, 12:41 PM IST | New Delhi

غیر ملکی سرمایہ کے مسلسل انخلاءاور جنوری میں ۵۳؍ہزار ۹۶۲؍کروڑ روپے، دسمبر میں ۲۲؍ ہزار ۶۱۱؍ کروڑ روپے اور نومبر میں ۳؍ ہزار ۷۶۵؍ کروڑ روپے نکالے جانے کے بعد حالات میں  تبدیلی، معاہدہ پر دستخط کے بعد مزید بہتری کی امید۔

There are some positives and some negatives associated with the Indo-US trade deal. Photo: INN
ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ سے کچھ مثبت تو کچھ منفی باتیں  جڑی ہوئی ہیں۔ تصویر: آئی این این

فروری کے اوائل میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے تیزی سے واپسی کی اور ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ کے اعلان کے بعد عالمی معاشی حالات میں بہتری کے نتیجہ میں  پہلے ۲؍ ہفتوں   میں ہندوستانی بازارمیں ۱۹؍ ہزار ۶۷۵؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی۔ یہ سرمایہ کاری تین مسلسل مہینوں کی بھاری فروخت کے بعد ہوئی ہے، جب غیر ملکی سرمایہ کاروں   نے جنوری میں ۵۳؍ہزار ۹۶۲؍کروڑ روپے، دسمبر میں ۲۲؍ ہزار ۶۱۱؍ کروڑ روپے اور نومبر میں ۳؍ ہزار ۷۶۵؍ کروڑ روپے نکالے تھے۔ مجموعی طور پر۲۰۲۵ء میں غیر ملکی سرمایہ کاروں   نے ہندوستانی بازار سے ۱ء۶۶؍لاکھ کروڑ روپے (۱۸ء۹؍ بلین ڈالر) نکالے جو ملک کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے بدترین ادوار میں سے ایک ہے۔ یہ فروخت کرنسی کی اتار چڑھاؤ، عالمی تجارتی کشیدگی، امریکی ٹیرف کے خدشات اور ایکویٹی ویلیوایشن کے بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’اے آئی میں عالمی قیادت کے لیے ہندوستان کے پاس تمام عناصر موجود ہیں ‘‘

اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں   نے اس ماہ ۱۳؍ فروری تک ۱۹؍ ہزار ۶۷۵؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ مورننگ اسٹار انویسٹ منٹ ریسرچ انڈیا کے پرنسپل منیجر(ریسرچ) ہیمانشو سریواستو نے بتایاکہ حالیہ خریداری عالمی معاشی دباؤ میں کمی، خصوصاً امریکی افراطِ زر کے نرم اعداد و شمار کے باعث ہے، جس نے سود کی شرح کے سلسلے میں مثبت جوش وخروش پیدا کیا اور اس سے بانڈ سے کمائی اور امریکی ڈالر مستحکم ہوئے۔ اس سے ہندوستان جیسے ابھرتے ہوئے بازاروں  میں میں خطرہ مول لینے کی ہمت میں اضافہ ہوا۔ ملکی سطح پر مستحکم معاشی اشاریے، قابو میں افراطِ زر اور مجموعی طور پر بہتر کارپوریٹ نتائج نے ہندوستانی معیشت کی ترقی کے امکانات پر اعتماد کو مضبوط کیا۔ 
وقارجاوید خان جو اینجل ون کے سینئر فنڈامینٹل تجزیہ کار ہیں، نے بھی اس کی تائید ی اور بتایا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہند امریکہ تجارتی معاہدے، بجٹ۲۰۲۶ء میں مالیاتی تعاون، تجارت کے تعلق سے عالمی منظر نامہ میں غیر یقینی صورتحال میں کمی اور مستحکم ملکی شرحِ سود کے باعث ہوا۔ فروری کی۱۳؍ تاریخ تک کے۱۱؍ کاروباری دنوں  میں   سے ۷؍میں غیر ملکی سرمایہ کاروں  نے خریداری کی اور صرف ۴؍میں فروخت کا رجحان رہا۔ اس کے باوجود، اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں   نے اب تک اس ماہ ایک ہزار ۳۷۴؍ کروڑ روپے کی خالص فروخت کی ہے۔ یعنی انہوں  نے اپنا سرمایہ ہندوستانی بازار سے نکال لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK