ہندوستانی فوج نے پٹن، بارہمولہ میں یتیم بچوں کے لیے پرتکلف افطار کا اہتمام کیا، اس تقریب کا مقصد کشمیر میں امن اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
EPAPER
Updated: March 20, 2026, 2:40 PM IST | Srinagar
ہندوستانی فوج نے پٹن، بارہمولہ میں یتیم بچوں کے لیے پرتکلف افطار کا اہتمام کیا، اس تقریب کا مقصد کشمیر میں امن اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
پٹن، بارہمولہ میں ہندوستانی فوج نے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران یتیم بچوں کے لیے ایک شاندار افطار کا اہتمام کیا۔ اس تقریب کا مقصد کشمیر میں امن اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔جنرل آفیسر کمانڈنگ کلو فورس، میجر جنرل تشار شرما سمیت دیگر سینئر افسران نے اس پروگرام میں شرکت کی اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اس موقع پر اجتماعی افطار کا اہتمام کیا گیا، جہاں پر یتیم بچوں اور فوجی افسران نے ایک ساتھ روزہ افطار کیا۔اس تقریب کا مقصد یتیم بچوں میں پیار اور اپنے پن کا احساس پیدا کرنا تھا تاکہ وہ رمضان کی روح یعنی ہمدردی، خیرات اور اتحاد کو محسوس کر سکیں۔ فوجی افسران نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے روشن مستقبل کی تعمیر پر توجہ مرکوز رکھیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افسران نے سماجی ذمہ داری اور ہمدردی کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر رمضان کے مہینے میں جو سخاوت اور دوسروں کی دیکھ بھال کا درس دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بنارس میں کشتی پر افطار پارٹی کی پاداش میں ۱۴؍نوجوانوں کی گرفتاری پر تنقیدیں
بعد ازاں بچوں نے اس یادگار شام پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انہیں اپنی اہمیت کا احساس ہوا۔واضح رہے کہ طویل عرصے سے انتہا پسندی کی زد میں رہنے کے سبب وادی میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس کے علاوہ سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کی زد میں آکر بھی متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ خطے میں بڑی تعداد میں بچے یتیم ہوگئے، اس کے علاوہ فوج کی کارروائی کے سبب عوام کے دلوں میں فوج کے تعلق سے منفی جذبات بھی پروان چڑھنے لگے۔ تاہم افطار کا یہ اقدام ہندوستانی فوج کی جانب سے شمالی کشمیر میں مقامی برادریوں کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے اور خیر سگالی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔