Inquilab Logo Happiest Places to Work

تتکال ٹکٹ فراڈ: انڈین ریلوےنے سافٹ ویئر میں خامیوں کو تلاش کر لیا

Updated: June 04, 2025, 8:05 PM IST | New Delhi

تتکال ٹکٹ فراڈ کابھانڈا بھوڑ کرتے ہوئے انڈین ریلوے نے سافٹ ویئر میں خامیاں تلاش کیں، سائبر کرائم کا پردہ فاش کیا۔جنوری سے مئی کے درمیان آئی آر سی ٹی سی نے ۲؍ لاکھ ۹۰؍ ہزار مشکوک پی این آر کا پتہ لگایا جو ونڈو کھلنے کے محض ۵؍ منٹ کے اندر بنائے گئے تھے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

انڈین ریلوے نےان مسافروں کی آسانی کیلئے جنہیں فوری سفر کی ضرورت پیش آجاتی ہے، تتکال ٹکٹ کی خدمات کا آغاز کیا تھا، جو مسافروں کی پریشانی کا حل تھا، لیکن عوام کی بجائے ایجنٹوں کیلئے نعمت میں تبدیل ہو گیا، اور عام آدمی اس سہولت سےمحروم ہی رہ گیا۔ دراصل صبح تتکال بکنگ ونڈو کھلتے ہی محض چند ساعتوں میں ہی حقیقی مسافر ویٹنگ لسٹ میں چلے جاتے ہیں، لوکل سرکل کے ایک سروے سے پتہ چلا کہ ۷۳؍ فیصد صارفین پہلے منٹ کے اندر ویٹ لسٹ ہو گئے، جبکہ  ۳۰؍ فیصد نے ہار مان کر ایجنٹ کا رخ کیا۔یہاں تک کہ دور دراز کے قصبوں کی ٹرینوں کی ٹکٹیں جہاں مانگ اتنی زیادہ نہیں ہونی چاہیے – فوری طور پر فروخت ہو جاتی ہیں۔ یہ مانگ نہیں، بلکہ ڈیجیٹل ہیرا پھیری ہے۔
ٹکٹوں کی کالابازاری:
تتکال ٹکٹ کی بکنگ ایجنٹوں اور بکنگ مافیا کے زیرِ تسلط ایک جنگ کا میدان بن گیا ہے۔’’نیکسس‘‘  اور ’’سپر تتکال‘‘جیسے غیر قانونی سافٹ ویئر کو اس ریکٹ کا مرکز میں سمجھا جاتا ہے، جو کسی بھی انسان سے تیز رفتار لاگ ان، فارم بھرنے اور ادائیگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، صرف جنوری سے مئی ۲۰۲۵ءکے درمیان، آئی آر سی ٹی سی نے ۲؍ لاکھ ۹۰؍ ہزار مشکوک پی این آر کا پتہ لگایا جو بکنگ ونڈو کھلنے کے صرف پانچ منٹ کے اندر بنائے گئے تھے جو – نظام کے غلط استعمال کا واضح اشارہ ہے۔ ایک کریک ڈاؤن کے طور پر، اہلکاروں نے ڈھائی کروڑ یوزر آئی ڈی کو غیر فعال کر دیا اور مزید۲۰؍ لاکھ کو دوبارہ تصدیق کیلئے نشان زد کیا۔ ان میں سے بہت سے اکاؤنٹس ایجنٹس یا سافٹ ویئر سے منسلک تھے جو نظام میں خامیوں کا فائدہ اٹھا رہے تھے۔  
  ان مجرموں نے عارضی ای میل آئی ڈی کا استعمال کرتے ہوئے متعدد جعلی اکاؤنٹ بنائے تاکہ آئی آر سی ٹی سی کے چیکس کو بائی پاس کیا جا سکے۔ کل ۶؍ ہزار ۸۰۰؍ سو ایسے ڈومین کو بلاک کر دیا گیا ہے، اور نیشنل سائبر کرائم پورٹل پر ۱۳۴؍شکایتیں درج کرائی گئی ہیں۔ اس آپریشن کا پیمانہ بہت سے لوگوں کو حیران کر گیا ہے، لیکن اس نے باقاعدہ مسافروں کو بھی راحت پہنچائی ہے جنہیں بدعنوانی کا شبہ تھا۔ اہلکاروں کا دعویٰ ہے کہ وہ اب جوابی کارروائی کیلئے  بہتر طور پر تیار ہیں۔ مشکوک ڈومین اور آئی ڈی کو بلاک کرنے کے علاوہ، آئی آر سی ٹی سی نے اینٹی بوٹ سافٹ ویئر استعمال کیا ہے اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو بہتر طریقے سے سنبھالنے کیلئے  ایک معروف کنٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک کے ساتھ شراکت کی ہے۔ یہ ٹول حقیقی انسانی صارفین اور خودکار اسکرپٹ کے درمیان فرق کرنے میں مدد کرتے ہیں، جس سے ٹکٹوں کی بکنگ کا عمل  زیادہ منصفانہ ہو جاتا ہے۔
درحقیقت، آئی آر سی ٹی سی کا دعویٰ ہے کہ اس نے ۲۲؍مئی۲۰۲۵ء کو صبح۱۰؍ بجے اپنی اب تک کی سب سے زیادہ فی منٹ بکنگ ۳۱۸۱۴؍ ٹکٹ درج کی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بکنگ کی کوشش اور کامیابی کا تناسب اکتوبر۲۰۲۴ء سے مئی۲۰۲۵ء کے درمیان۴۳؍ اعشاریہ ایک سے بڑھ کر ۶۲؍ اعشاریہ ۲؍ فیصد ہو گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK