• Sat, 20 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی مالیاتی کریڈٹ رینکنگ میں اضافہ

Updated: September 19, 2025, 10:05 PM IST | Mumbai

جاپان کی ریٹنگ ایجنسی ریٹنگ اینڈ انویسٹمنٹ انفارمیشن انک (آر اینڈ آئی) نے ہندوستانی کی مالی ساکھ کا درجہ بی بی بی پلس (مستحکم) کر دیا ہے۔

Indian Economy.Photo:INN
ہندوستانی معیشت۔ تصویر:آئی این این

جاپان کی ریٹنگ ایجنسی ریٹنگ اینڈ انویسٹمنٹ انفارمیشن  انک (آر اینڈ آئی) نے ہندوستان کی مالی ساکھ کا درجہ بی بی بی پلس (مستحکم) کر دیا ہے۔ آر اینڈ آئی کی جمعہ کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی تیز اقتصادی ترقی، مضبوط گھریلو ڈیمانڈ اور حکومت کی پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی قرضوں کے لیے ملک کی خودمختار مالی ساکھ کو بی بی بی سے بڑھا کر بی بی بی پلس (مستحکم) کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:آر بی آئی نے بینکوں کوفیس کم کرنے کی ہدایت دی

آر اینڈ آئی اس سال ہندوستان کے غیر ملکی قرض کے لیے مالی ساکھ بڑھانے والی تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی ہے۔ اس سے پہلے اگست میں ایس اینڈ پی نے اپنے تجزیے میں ہندوستان کی ریٹنگ بی بی بی منفی سے نکال کر بی بی بی درجہ میں ڈالی تھی۔ اس سے قبل مئی میں مارننگ اسٹار ڈی بی آر ایس نے ہندوستان کی ریٹنگ بی بی بی (کم) سے بڑھا کر بی بی بی کیٹیگری میں کی تھی۔ وزارتِ مالیات نے ایک بیان میں کہا کہ ۵؍ مہینوں میں ہندوستان کی ساکھ کو تین اداروں کی طرف سے بلند بتایا جانا اس کی مضبوط اور لچکدار معاشی بنیاد اور محتاط مالی نظم و نسق کے لیے بڑھتی ہوئی عالمی پہچان کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود دنیا ہندوستان کی درمیانی مدت کی ترقی کی صلاحیت پر اعتماد رکھتی ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ ہندوستان کی ریٹنگ بلند کرنے کا فیصلہ اس بنیاد پر ہے کہ یہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اور تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک ہے۔ یہ فیصلہ ملک کو ملنے والے آبادیاتی فائدے (نوجوان آبادی)، مضبوط گھریلو مانگ اور مؤثر سرکاری پالیسیوں پر مبنی ہے۔ اپنی رپورٹ میں آر اینڈ آئی نے مالیاتی صورتحال کو مستحکم بنانے کی سمت میں حکومت کی پیش رفت کا بھی ذکر کیا ہے۔ اس نے کہا کہ ٹیکس آمدنی میں مضبوط اضافہ اور سبسیڈی کو معقول بنانے کے اقدامات نے ہندوستان کی مالی حالت کو بہتر کیا ہے اور بلند شرحِ نمو کے ساتھ قرض کو قابلِ انتظام سطح پر رکھا ہے۔
ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہے، خدمات کی تجارت میں ہندوستان کا تجارتی توازن مثبت ہے اور بیرونِ ملک مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے ترسیلات میں بھی استحکام ہے۔ بیرونی قرض اور مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کا تناسب بھی کم ہے جو زرمبادلہ کے وافر ذخائر میں جھلکتا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK