پارلیمنٹ کے اجلاس میں رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کے تعلق سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کے ذلالت آمیز بیان پر مہاراشٹر کے لیڈروں نے بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور بدھوڑی کو فوراً معطل کرنے ، اُن جیسی ذہنیت والے شخص کو رکن پارلیمنٹ بننے سےروکنے کا قانون بنانے کا مطالبہ کیاہے
ابوعاصم اعظمی۔ تصویر:آئی این این
پارلیمنٹ کے اجلاس میں رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کے تعلق سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کے ذلالت آمیز بیان پر مہاراشٹر کے لیڈروں نے بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور بدھوڑی کو فوراً معطل کرنے ،اُن جیسی ذہنیت والے شخص کو رکن پارلیمنٹ بننے سےروکنے کا قانون بنانے کا مطالبہ کیاہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی ہے کہ بدھوڑی جہاں بھی جائیں انہیں کالے جھنڈے دکھا کر ان کی مذمت کی جائے۔
نسیم خان کا اسپیکر کو خط
کانگریس کے کارگزار صدر اور اقلیتی امور کے سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے اس ضمن میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر رمیش بدھوڑی کو فوراً معطل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’میں بی جے پی ایم پی رمیش بدھوڑی کے بی ایس پی ایم پی دانش علی اور ڈی ایم کے ایم پی کنی موزی کروناندھی سے متعلق حالیہ توہین آمیز تبصرے پر گہری مایوسی اور تشویش کا اظہار کرنے کے لئے لکھ رہا ہوں۔ یہ ایک رکن پارلیمنٹ کی ہی توہین نہیں ہیں بلکہ پارلیمنٹ کی بھی توہین ہیں، جو ہماری جمہوریت کا مندرہے۔بدھوڑی کا بیان ہماری جمہوری روایات کیلئے شرمندگی کا باعث ہیں۔ سڑک چھاپ زبان اب پارلیمنٹ میں داخل ہو چکی ہے۔ اس سے باہمی احترام، افہام و تفہیم اور بھائی چارے کے زریں اصولوں کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے لہٰذا میں آپ (اسپیکر) سے عاجزی کے ساتھ گزارش کرتا ہوں کہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور انہیں ان کے تبصروں کیلئے ایوان سے معطل کرکے ایک مضبوط پیغام دیں۔‘‘
ابوعاصم اعظمی کا بیان
اس سلسلے میں ابو عاصم اعظمی نے بھی اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ پارلیمان کو شرمسار کرنے والی حرکت پر رمیش بدھوڑی فوراً معطل کیاجانا چاہئے اور ایسے لیڈرجہاں بھی جائیں عوام انہیں کالے جھنڈے دکھائیں۔ ابو عاصم نے ٹویٹر پر تقریباً ۳؍ منٹ کے ویڈیو پیغام میں کہا ہےکہ ’’پارلیمنٹ میں غنڈہ گردی کی جارہی ہے اور رکن پارلیمان کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اسے دھمکی دی جارہی ہے کہ باہر دیکھ لوں گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے لیڈرراگھوچڈھا اور سنجے سنگھ کی کیا غلطیاں تھیں جنہیں معطل کر دیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ خصوصی اجلاس میں بھی انہیں ایوان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رمیش بھوڑی کو کارروائی کے نام پر نوٹس دی گئی جبکہ اس ویڈیو موجود ہے۔ پوری دنیا نے آن لائن اسے دیکھا ہے تو نوٹس کس بات کا دیاجارہا ہے۔ ‘‘
ابو عاصم نے مطالبہ کیا کہ رمیش بھوڑی کو فوراً معطل کیا جائے اور آئندہ ان جیسے نمائندوں کو چن کر بھی نہ لایا جائے۔‘‘
این سی پی کے قومی ترجمان نسیم صدیقی کا ردعمل
اس سلسلے میں انقلاب نے این سی پی کے قومی ترجمان نسیم صدیقی سے رابطہ کیا۔ اس معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ’’رمیش بدھوڑی کی حرکت کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے۔ جنتی باتیں انہوں نے پارلیمنٹ میں کہیں اگر وہ کسی مسلمان لیڈر نے کی ہو تیں تو ملک میں فساد ہو جاتا، سارے مسلمانوں کو ملک دشمن بتا دیاجاتا۔ آپ کو یاد ہوگا کہ ایسے بیانات پر بارہا یو اے پی اے اور دیگر سنگین دفعات کے تحت معاملات درج کئے جاتے تھے لیکن افسوس اس معاملے میں راج ناتھ سنگھ کے سوا بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے کچھ نہیں۔ انتہائی افسوس سے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اب ملک کی پارلیمنٹ میں وہ باتیں کہی جارہی ہیں جو سڑکوں پر ہوا کرتی ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ’’رمیش بدھوڑی جیسے افراد کو الیکشن لڑنے سے روکنے کا قانون بناناچاہئے۔‘‘