شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے نجی ایئر لائن انڈیگو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تعداد میں پانچ فیصد تک کمی کرے۔
EPAPER
Updated: December 09, 2025, 5:56 PM IST | New Delhi
شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے نجی ایئر لائن انڈیگو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تعداد میں پانچ فیصد تک کمی کرے۔
شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے نجی ایئر لائن انڈیگو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تعداد میں پانچ فیصد تک کمی کرے۔ اس سال اکتوبر اور نومبر کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، ملک کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے کہا کہ اس نے ونٹر شیڈول میں جتنی پروازوں کے لیے سلاٹ لیاتھا وہ ان کو بہتر طریقے سے چلانے میں ناکام رہی ہے۔ اس کے پیش نظر اس سے پروازوں کی تعداد کو ۵؍ فیصد تک کم کرنے کے لیے کہا گیا ہے، خاص طور پر زیادہ مانگ والے سیکٹرس اور جہاں انڈیگو واحد فلائٹ چلاتی ہے۔ پیر کو انڈیگو کو بھیجے گئے نوٹس میں، ڈی جی سی اے نے۱۰؍ دسمبر شام ۵؍ بجے تک نظر ثانی شدہ شیڈول پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انڈیگو نے ستمبر سے شروع ہونے والے ونٹر شیڈول میں فی ہفتہ۱۵۰۱۴؍ پروازوں کا اعلان کیا تھا۔ پانچ فیصد کمی کا مطلب ہے کہ اسے ہر ہفتے۷۵۰؍ پروازیں کم کرنا ہوں گی۔
ریگولیٹر نے کہا کہ شیڈول کے مطابق، انڈیگو کو نومبر میں۶۴۳۴۶؍ پروازیں چلانی تھیں، لیکن اس نے صرف۵۹۴۳۸؍ پروازیں چلائیں اور۹۵۱؍ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ مزید برآں، اس کے بیڑے میں موجود ۴۰۳؍ طیاروں میں سے اکتوبر میں ایئر لائنز نے محض۳۳۹؍ اورنومبر میں ۳۴۴؍ طیاروں کا آپریشن کیا۔ قابل ذکر ہے کہ دسمبر میں انڈیگو کی ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے کے بعد حکومت نے معاملے کی جانچ کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بالخصوص ۵؍دسمبر کو انڈیگو کی تقریباً ۱۵۰۰؍پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
انڈیگو کے سی ای او کا دعویٰ، پروازیں مکمل طور پر معمول کے مطابق
انڈیگو کے چیف ایگزیکٹیو افسر پیٹر ایلبرس نے منگل کے روز ایئرلائن خدمات کے معمول پر آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مسافروں کو درپیش مشکلات کے لیے معافی مانگی ہے۔ ایلبرس نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پیر کو کمپنی نے ۱۸۰۰؍ پروازیں چلائیں اور آج بھی۱۸۰۰؍ سے زیادہ پروازیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اب ایئرلائن کی ویب سائٹ پر جو بھی پروازیں دکھائی جا رہی ہیں وہ سب حقیقت میں اپنے طے شدہ مقامات تک پہنچیں گی۔
روزانہ ۲۳۰۰؍پروازوں کے شیڈول کے ساتھ کمپنی نے ۵؍ دسمبر کو۱۵۰۰؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ کی تھیں جو ملک کی ہوابازی کی تاریخ میں غیر معمولی واقعہ تھا۔شیڈول کے مطابق پروازوں کی عملدرآمد میں ناکامی کے بعد کمپنی نے اسے ایک بڑے ری بوٹ کے طور پر پیش کیا تاکہ طویل عرصے سے جاری تاخیر اور منسوخ پروازوں کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے:آرسنل انگلش پریمیر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر برقرار
انڈیگو کے سی ای او نے کہا کہ اب صارفین دوبارہ ایئرلائن کے نیٹ ورک پر بکنگ کر رہے ہیں جو ان کے اعتماد کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے منسوخ شدہ پروازوں کے لیے لاکھوں مسافروں کو رقم واپس کی ہے اور یہ عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ایئرپورٹس پر موجود زیادہ تر سامان مسافروں کے گھروں تک پہنچا دیے گئے ہیں اور جو باقی ہیں وہ بھی جلد پہنچا دیے جائیں گے۔