ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میکسیکو امریکہ کو اس کے حصے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث ٹیکساس میں فصلوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
EPAPER
Updated: December 09, 2025, 5:03 PM IST | Washington
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میکسیکو امریکہ کو اس کے حصے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث ٹیکساس میں فصلوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو میکسیکو پر آبی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا۔ اسی کے ساتھ ٹرمپ نے میکسیکو پر ۵ فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی بھی دی۔ واضح رہے کہ امریکہ اور میکسیکو کے درمیان آبی معاہدہ ۱۹۴۴ء میں طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دریاؤں کے بہاؤ کو منظم کیا جاتا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میکسیکو امریکہ کو اس کے حصے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے ”ہماری خوبصورت ٹیکساس کی فصلوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔“ انہوں نے پڑوسی ملک سے ۳۱ دسمبر سے پہلے ۲ لاکھ ایکڑ فٹ پانی جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میکسیکو گزشتہ پانچ برسوں میں اپنے معاہدے کی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کی وجہ سے ”اب بھی امریکہ کے حصے کے ۸ لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد پانی کا مقروض ہے۔“ امریکی صدر کے مطابق، تعاون کی کمی امریکی کسانوں کیلئے ”بہت غیر منصفانہ“ ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میکسیکو نے فوری طور پر کارروائی نہیں کی تو انہوں نے ٹیرف لگانے کیلئے کاغذی کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ”میکسیکو کو پانی جاری کرنے میں جتنا زیادہ وقت لگے گا، ہمارے کسانوں کو اتنا ہی زیادہ نقصان پہنچے گا۔ میکسیکو کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے ابھی ٹھیک کرے۔“
یہ بھی پڑھئے: ’’امریکہ کے چھوڑے گئے ہتھیار ٹی ٹی پی کی سیکوریٹی مشینری کا حصہ بن چکے ہیں‘‘
ٹرمپ کی دھمکی دونوں ممالک کے درمیان بہنے والے’دریائے کولوراڈو، تیجوانا اور ریو گرانڈے کے پانی کے استعمال پر معاہدہ‘ پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان سامنے آئی ہے جس پر ۱۹۴۴ء میں دستخط کئے گئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت، میکسیکو کو ہر پانچ سال میں میکسیکو، ریو گرانڈے دریا کا ۱۷ لاکھ ۵۰ ہزار ایکڑ فٹ پانی امریکہ کو فراہم کرتا ہے۔ یہ دریا ٹیکساس اور ملک کے جنوب مغربی حصوں میں زراعت کیلئے نہایت اہم ہے۔ اس کے بدلے، امریکہ ہر سال دریائے کولوراڈو کا ۱۵ لاکھ ایکڑ فٹ پانی میکسیکو کو فراہم کرتا ہے جو باجا کیلیفورنیا اور چیہواہوا کے زرعی علاقوں کیلئے اہم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مہاجرین کو امریکہ چھوڑنے کے جے ڈی وینس کے تبصرے پر انٹرنیٹ صارفین برہم
میکسیکو نے ٹرمپ کی تازہ ترین دھمکی کا عوامی طور پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔