خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس سے پاکستانی فوجی سربراہ کا خطاب۔
EPAPER
Updated: May 03, 2025, 1:16 PM IST | Agency | Islamabad/Karachi
خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس سے پاکستانی فوجی سربراہ کا خطاب۔
ہندپاک کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بیان دیا ہے کہ’’ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔‘‘ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ نے کہا کہ’’ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کےلئے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔‘‘
دوسری جانب لاہور کے واہگہ بارڈر کے راستے مزید۲۶؍ پاکستانی شہری ہندوستان سے اپنے ملک واپس پہنچ گئے ہیں۔ اب تک پاکستان واپس جانے والوں کی مجموعی تعداد۹۶۰؍ ہو گئی ہے۔ پاکستانی حکام نے کہا کہ ہندوستان سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے واگہہ بارڈر کھلی ہوئی ہے۔
ہندوستان کے خلاف بلاول بھٹو کا ایک اور دھمکی آمیز بیان
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کےلیڈر بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر ہندوستان کے خلاف دھمکی آمیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے سندھ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ’’دریائےسندھ، سندھ کی شناخت ہے اور اسے موڑنے یا روکنے کی کسی بھی کوشش کا جواب خونریزی سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دریا کو بچانے کیلئے آخری حد تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر سندھ پر حملہ کیا تو وہ جانتے ہیں کہ یا تو اس دریا سے پانی بہے گا یا ان کا خون! ‘‘ بھٹو نے سندھ طاس معاہدے کے خاتمے کے بعد کئی ہندوستان مخالف بیانات دیے ہیں، خاص طور پر جب سندھ پہلے ہی پانی کے بحران کا سامنا کر رہا ہے اور پاکستان کی زیادہ تر زراعت کا انحصار سندھ کے پانی پر ہے۔
پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر ہندوستان کو نوٹس دینے کا فیصلہ
پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر ہندوستان کو باقاعدہ نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہندوستان کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر ہنگامی قانونی و آئینی مشاورت کی جارہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ خارجہ، آبی وسائل اور قانون کی وزارتوں نے ابتدائی ہوم ورک کر لیا ہے، چند روز میں ہندوستان کو باقاعدہ سفارتی ذرائع سے نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع انڈس کمیشن کا بتانا ہے کہ نوٹس میں ہندوستان سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی ٹھوس وجوہات طلب کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی فورمز پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، بھارت کی آبی جارحیت کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔