Inquilab Logo Happiest Places to Work

اندور کے راجا رگھوونشی کے قتل کے معاملے میں ان کی اہلیہ سونم رگھوونشی کی خودسپردگی

Updated: June 10, 2025, 12:27 PM IST | Agency | Shillong

۴؍دیگر بھی گرفتار، میگھالیہ کی پولیس نے اپنی تحقیقات میںسونم کو قتل میں ملوث پایا ،۱۱؍ مئی کوشادی کے بعد دونوں ہنی مون کیلئے میگھالیہ چلے گئے تھے۔

Raja Raghuvanshi and Sonam got married recently. Photo: INN
راجا رگھوونشی اورسونم کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ تصویر: آئی این این

میگھالیہ میں ہنی مون کے دوران اندور کے راجہ رگھوونشی کے قتل کیس میں ایک بڑا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے کہا کہ راجہ کی بیوی سونم رگھوونشی اس کے قتل میں ملوث تھی۔ انہوں نے ہی کرائے کے قاتلوں کو بلایا تھا۔ میگھالیہ کی ڈی جی پی نونگ رانگ نے کیس کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ قتل کے سلسلے میں بیوی سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایسٹ خاصی ہلز کے ایس پی وویک سم نے بتایا کہ پیر کو ایک اور شخص کو مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع سے گرفتار کیا گیا۔ ایسے میں اب تک کل ۵؍ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ 
 راجا رگھوونشی قتل کیس کی کہانی مدھیہ پردیش سے شروع ہوتی ہے۔ معلومات کے مطابق راجااور سونم کی شادی ۱۱؍ مئی کو اندور میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد دونوں میاں بیوی ۲۰؍ مئی کو ہنی مون کے لیے میگھالیہ چلے گئے۔ میگھالیہ پہنچنے کے بعد کچھ ایسا ہوا کہ دونوں نے اپنے گھر والوں سے بات نہیں کی۔ نہ تو ان کا کوئی فون آیا اور نہ ہی انہوں نے کوئی فون ریسیو کیا۔ دونوں کے گھر والے پریشان ہونے لگے کہ یہ کیا ہوا۔ وہ شکایت لے کر پولیس کے پاس گئے۔ پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی شروع کردی۔ تمام سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھے گئے ۔ اس سے پہلے راجا رگھوونشی کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ دونوں کا شیلانگ جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ راجا نے گھر پر بتایا تھا کہ سونم رگھوونشی نے شیلانگ جانے کے لیے اچانک ٹکٹ بک کرائے تھے اور راجا جانے پر مجبور ہوا تھا ۔ اس سے سونم پر پولیس کا شک بھی گہرا ہوگیا ۔ کچھ دنوں کے بعد پولیس کو ایک اسکوٹی ملی جو ان لوگوں نے کرائے پر لی تھی۔ پولیس نے معاملے کو مشکوک سمجھتے ہوئے سرچ آپریشن تیز کر دیا۔ جنگلات میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ ۲۸؍مئی کو پولیس کو جنگل میں دو تھیلے لاوارث پڑے پائے گئے۔ جب ان کی شناخت ہوئی تو سونم کے بھائی اور راجا کی ماں نے ایک ایک بیگ کو پہچانا۔ پھر ۲؍ جون کو راجا رگھوونشی کی لاش یہاں کے ویزاگنگ علاقے میں ملی۔ راجا کی شناخت ان کے جسم پر ٹیٹو کی وجہ سے ہوئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ راجہ کی موت حادثہ نہیں بلکہ قتل تھا۔ اس کے بعدسونم رگھوونشی فرار تھیں ۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ سونم حادثے کا شکار ہو گئی ہیں لیکن پولیس تمام حقائق کی چھان بین کر رہی تھی۔ پیر کو سب سے پہلے میگھالیہ کےوزیرا علیٰ کونراڈ سنگما نے ٹویٹ کیا کہ۷؍ دن کی محنت کے بعد میگھالیہ پولیس کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے۴؍حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ایک خاتون(سونم) نے بھی خود سپردگی کردی ہے۔ اس کے بعد میگھالیہ کے ڈی جی پی نے پوری کہانی سنائی۔ انہوں نے بتایاکہ سونم نے ہی سپاری دے کر اپنے شوہر کا قتل کروایا ۔ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK